ایران، اسرائیل کے ہر شیطانی اقدام کا جواب کہیں زیادہ شدت کیساتھ دیگا، میجر جنرل سلامی

Rate this item
(0 votes)
ایران، اسرائیل کے ہر شیطانی اقدام کا جواب کہیں زیادہ شدت کیساتھ دیگا، میجر جنرل سلامی

ایران کی انقلابی گارڈز سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف میجر جنرل حسین سلامی نے مقبوضہ فلسطین (اسرائیل) کے حساس فوجی مراکز میں ہونے والے حالیہ دھماکوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ غاصب صیہونیوں کی جانب سے پورے خطے میں اٹھائے جانے والے شیطانی اقدامات بالآخر اُنہی کی جانب پلٹیں گے۔ میجر جنرل حسین سلامی نے میڈیا کے ساتھ گفتگو میں ایرانی جوہری تنصیبات "نطنز" پر ہونے والی صیہونی تخریب کاری کے حوالے سے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اسرائیل کے ہر شیطانی اقدام کا جواب کہیں زیادہ شدت کے ساتھ دے گا۔

سپاہ پاسداران کے چیف کمانڈر نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونیوں کی جانب سے پورے خطے میں اٹھائے جانے والے شیطانی اقدامات خود انہی کے دامنگیر ہوں گے، جن کے باعث وہ مستقبل قریب میں بڑے خطرات سے دوچار ہو جائیں گے۔ میجر جنرل حسین سلامی نے خبردار کیا کہ اگر غاصب صیہونی رژیم نے اپنے شیطانی اقدامات کو مزید جاری رکھا تو اس کا وجود پیش کردہ تخمینے سے کہیں پہلے ختم ہو جائے گا، درحالیکہ اس وقت بھی اس کے خاتمے کے لئے ضروری تمام امکانات فراہم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں تاکید کی کہ گذشتہ چند روز سے غاصب صیہونی رژیم کا کوئی شیطانی اقدام بے جواب نہیں گیا جبکہ مستقبل قریب میں یہ ردعمل کئی گنا بڑھ جائے گا۔

Read 508 times