فلسطین کے صدر محمود عباس نے 15 برس کے دوران ہونے والے پہلے پارلیمانی انتخابات انعقاد سے کچھ وقت پہلے ہی ملتوی کردیئےجس کے بعد فلسطینی عوام نے احتجاج شروع کردیا ہے۔ ادھر فلسطینی تنظیم حماس نے صدر محمود عباس کے اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔فلسطینی صدر محمود عباس نے اعلان کیا کہ ملک میں 22 مئی کو ہونے والے قانون ساز فورم کے انتخابات کو آئندہ اطلاع تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب تک کہ مشرقی مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی عوام کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ ادھر فلسطینی عوام نے صدر کے اس فیصلے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے۔