رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران، ایرانی ویکسین اور چند اہم پیغام

Rate this item
(0 votes)
رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران، ایرانی ویکسین اور چند اہم پیغام

اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حال ہی میں ایران ساختہ ویکسین کی پہلی ڈوز لگوائی ہے۔ یہ ویکسین "کوو ایران برکت" نامی کمپنی کی تیار کردہ تھی۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران نے ویکسین لگوانے کیلئے دو شرطیں پیش کر رکھی تھیں۔ ایک یہ کہ ویکسین ایران ساختہ ہونی چاہئے اور دوسرا یہ کہ انہیں بھی عام روٹین کے تحت باری آنے پر ویکسین لگائی جائے۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا یہ عمل عالمی میڈیا خاص طور پر عرب میڈیا میں بہت زیادہ مقبول واقع ہوا ہے۔ عربی زبان کے مختلف چینلز جن میں المیادین، روسیا الیوم، الایام، آسیا، النجباء، الاتجاہ، المنار، العہد اور القرطاس شامل ہیں نے اس کی کوریج دی ہے۔ یہ خبر اس لحاظ سے بھی اہم قرار دی جا رہی ہے کہ ایک اعلی سطحی قومی رہنما نے اپنے جوانوں کے علم اور مہارت پر اعتماد کیا ہے۔
 
اسی طرح نیوز ویب سائٹس انصاراللہ، العہد، الشرق الاوسط، لبنان 24، المصری الیوم، الیوم السابع وغیرہ نے بھی اسے شائع کیا ہے۔ المیادین نیوز چینل نے اس بارے میں خبر شائع کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ امام سید علی خامنہ ای نے غیر ملکی ویکسین لگوانے سے انکار کر دیا تھا اور ایرانی ویکسین تیار ہونے تک انتظار کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ اس چینل پر شائع ہونے والی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ جب تک ملک کے اندر ایک بیماری کی دوا موجود ہے اس وقت تک اسی کو استعمال کرنا چاہئے۔ اسی طرح رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران اپنی باری سے پہلے بھی ویکسین لگوانے کیلئے حاضر نہیں ہوئے اور انہوں نے عام شہریوں کی طرح اپنی باری آنے پر ہی ویکسین لگوائی ہے۔
 
المیادین نیوز چینل نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر نے اپنے ملک کے جوانوں کی علمی صلاحیت پر اعتماد کرتے ہوئے ایرانی ویکسین لگوائی ہے، تاکید کی کہ ایران دنیا میں چھٹا اور مشرق وسطی میں پہلا ملک ہے جو کرونا وائرس کیلئے ویکسین تیار کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ اسی طرح "کوو ایران برکت" نامی ویکسین کرونا وائرس کے خلاف انسانی بدن میں مزاحمت پیدا کرنے میں بہت موثر واقع ہوئی ہے جس کے باعث ایران میں بڑی تعداد میں شہری یہ ویکسین لگوانے کیلئے بے تابی کا اظہار کر رہے ہیں۔ اسی طرح لبنان کی نیوز ویب سائٹ "العہد" نے بھی یہ خبر شائع کرتے ہوئے لکھا کہ ایرانی جوانوں نے کرونا کی ویکسین تیار کر کے اپنے علم اور مہارت کا لوہا منوا لیا ہے۔
 
المنار نیوز چینل نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا کہ امام سید علی خامنہ ای نے اپنے ملک میں ایرانی جوانوں کی جانب سے تیار کردہ ویکسین لگوائی جو ایران ساختہ ویکسین کی تیاری میں ایرانی ماہرین کی علمی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مشرق وسطی میں ایران ایسا واحد ملک ہے جو کرونا سے مقابلے کیلئے ویکسین تیار کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ یہ کامیابی ایرانی جوانوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ دوسری طرف لبنان کے روزنامے "الاخبار" نے بھی رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران کی جانب سے ملک کے اندر تیار کی گئی ویکسین لگوانے کی خبر کو صفحہ اول پر شائع کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کرونا ویکسین تیار کرنے کی ٹیکنالوجی کا حصول ایرانی ماہرین کی اہم کامیابی ہے۔
 
العصر الدولیہ نامی نیوز ویب سائٹ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کی جانب سے ملک میں تیار کردہ ویکسین لگوانے کے عمل کو اہم اور با معنی قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ان کا یہ عمل متعدد اہم پیغام لئے ہوئے ہے۔ اس میں سب سے پہلا پیغام یہ ہے کہ امام سید علی خامنہ ای کی جانب سے ایرانی ویکسین تیار ہونے کا انتظار کرنا درحقیقت ایرانی جوانوں اور ماہرین کے علم اور مہارت پر اعتماد کا اظہار ہے۔ دوسرا پیغام دنیا والوں کیلئے ہے اور وہ یہ کہ اسلامی جمہوریہ ایران میڈیکل کے شعبے میں درکار علم اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے خودکفیل ہو چکا ہے۔ گذشتہ چار عشروں سے امریکہ اور مغربی ممالک کی جانب سے شدید ترین اقتصادی پابندیوں کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے جدید ترین وائرس کے خلاف ویکسین کی تیاری ایک عظیم کامیابی ہے۔
 
رہبر معظم انقلاب نے ایرانی ویکسین لگوا کر ایک اہم پیغام عالمی استکباری طاقتوں کو بھی دیا ہے جو یہ ہے کہ اب وہ زمانہ گزر چکا ہے جب سائنس اور ٹیکنالوجی دنیا کے چند استعماری ممالک تک محدود تھی جو خود کو عالمی طاقت تصور کرتے تھے۔ آج اسلامی جمہوریہ ایران ظالمانہ پابندیوں کے تحت شدید مشکل حالات میں بھی اپنی ویکسین بنا کر شہریوں کو وائرس کے خلاف محفوظ بنانے میں مصروف ہے۔ اسی طرح رہبر معظم انقلاب کا یہ عمل ایرانی شہریوں کیلئے اپنے ملک میں تیار کردہ ویکسین پر اعتماد کرتے ہوئے اسے لگوانے کی ترغیب دلانے کا پیغام بھی لئے ہوئے ہے۔ امام خامنہ ای نے ایسا کام کیا ہے جسے انجام دینے کی جرات دیگر ممالک کے قومی رہنماوں میں کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔ انہوں نے اپنے اس عمل سے ایران ساختہ ویکسین کو اعتبار بخشا ہے۔

تحریر: فاطمہ محمدی

Read 489 times