اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین کاظم صدیقی کی امامت میں منعقد ہوئی، جس میں مؤمنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خطیب جمعہ نے شہید قاسم سلیمانی کی شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے اپنی شہادت کے ذریعہ انقلاب اسلامی کو بیمہ کردیا ، ہم ملت امام حسین (ع) اور ملت شہادت ہیں۔
خطیب جمعہ نے کہا کہ ہمارے پاس جو کچھ بھی ہے وہ سب محرم اور صفر کی بدولت ہے۔ انقلاب اسلامی کو جہاں بھی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے تو امام حسین علیہ السلام مدد کو پہنچ جاتے ہیں۔
خطیب جمعہ نے ایران سمیت مختلف ممالک میں شہید قاسم سلیمانی کی دوسری برسی کے انعقاد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائي ممالک میں شہید قاسم سلیمانی کی دوسری برسی مسلمانوں نے بڑی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی اور بغداد کا عظيم الشان اجتماع اس بات کا مظہر ہے کہ شہید قاسم سلیمانی اور ابو مہدی مہندس کی محبت عوام کے دلوں میں موجزن ہے ۔ شہید قاسم سلیمانی کے خون کا انتقام بھی عوام ہی لیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ملکی سطح پر شہید قاسم سلیمانی کی یاد میں 110 اجلاس منعقد کئے گئے جن میں شہید قاسم سلیمانی کی زندگی کے بارے میں بحث اور تبادلہ خیال کیا گیا اور مدافعین حرم کو مکتب شہید قاسم سلیمانی کے بہترین تربیت یافتہ افراد قراردیا گیا جو شہید قاسم سلیمانی کی راہ پر گامزن ہیں۔
انھوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے ایسے افراد تربیت کئے ہیں جنھوں نے علاقائی ممالک کے عوام کو متحد کردیا ہے۔ شہید قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد مزاحمتی محاذ کوکمزور کرنے کی دشمن کی سازش بری طرح ناکام ہوگئی اور آج خطے میں مزاحمتی محاذ شہید سلیمانی کی شہادت اور ان کے خون کی بدولت مزید مضبوط اور مستحکم ہوگیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد امریکی فوج خطے سے خارج ہونے پر مجبور ہوگئی ہے اور خطے سے امریکہ کے آخری سپاہی کے خارج ہونے تک امریکہ کے خلاف جد و جہد جاری رہےگی۔ خطیب جمعہ نے کہا کہ آج عراق، شام، لبنان ، فلسطین اور یمن میں اسلامی مزاحمت پہلے سے کہيں زيادہ مضبوط اور قوی ہے اور امریکی فوجی اتحاد کو ہر محاذ پر اسلامی مزاحمت کے ہاتھوں شکست اور ناکامی کا سامنا ہے۔