فلسطین کی آزادی کا واحد راستہ مزاحمت ہے، مذاکرات یا معاہدے نہیں، میجر جنرل حسین سلامی

Rate this item
(0 votes)
فلسطین کی آزادی کا واحد راستہ مزاحمت ہے، مذاکرات یا معاہدے نہیں، میجر جنرل حسین سلامی

 سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی فورس کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ فلسطین معاہدوں یا مذاکرات سے آزاد نہیں ہوگا۔ آزادی کا واحد راستہ مزاحمت ہے۔امریکی ثالثی میں مذاکرات اور معاہدوں کا مقصد صرف اسرائیل کے لیے وقت خریدنا اور فلسطینی مزاحمتی محاذ کو کمزور کرنا ہے۔ غزہ میں یوم القدس کمیٹی کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں ایرانی کمانڈر نے کہا کہ کیمپ ڈیوڈ، اوسلو اور شرم الشیخ جیسے نام نہاد امن معاہدوں کے نتیجے میں فلسطین آزاد ہوا نہ ہی ہوسکے گا۔ ایسے تمام معاہدے اور سنچری ڈیل جن پر سابق امریکی صدور اور اسرائیلی وزرائے اعظم نے دستخط کئے ان کا مقصد مزاحمت کو پس پشت ڈالنے، مزاحمتی محاذ کو کمزور کرنے، وقت خریدنے اور قوموں کے شعور کو مٹانے کی سازش کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جعلی اور غاصب حکومت کی شکست قریب ، قطعی اور یقینی ہے۔ امریکا دنیا میں اسرائیل کا سب سے بڑا حامی ملک ہے جو اسرائیل کے سنگین اور وحشیانہ جرائم میں برابر کا شریک ہے۔ امریکا کی ہڈیاں اب بوسیدہ اور کمزور ہوگئی ہیں اور وہ بھی روزبروز زوال اور تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ایران فلسطینی عوام کی حمایت میں ثابت قدم ہے، ہم فلسطینیوں کی مکمل فتح تک ان کے ساتھ ہیں۔ ہم اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

Read 531 times