حج بے مثل و بے نظیر راہ خدا میں عاشقانہ سفر ہے: مولانا علی حیدر فرشتہ

Rate this item
(0 votes)
حج بے مثل و بے نظیر راہ خدا میں عاشقانہ سفر ہے: مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بانی و سرپرست اعلیٰ مجمع علماءوخطباء حیدرآباد دکن حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ نے ایام حج کی مناسبت سے ایک پیغام جاری کیا ہے جس کا متن حسب ذیل ہے:

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
حج اصل میں اہل اسلام کے لئے عالمی اسلامی اسمبلی ہے۔ہر مسلمان پر فرض ہے کہ بشرط ِصحت و استطاعت زندگی میں ایک بار حج ِ بیت اللہ کے لئے ضرور سفر کرے۔اگر خدانخواستہ وجوب حج کے لئے شرائط ِ حج کی موجودگی کے باوجود کوئی مسلمان عمداً حج نہ کرے تو حدیثوں میں اس کی موت کو مسلمان کی موت نہیں بلکہ یہودی یا نصرانی کی موت بتایا گیا ہے۔قابل توجہ یہ امر ہے کہ جب کعبہ کی زیارت کی اتنی اہمیت ہے تو مولود کعبہ حضرت علی علیہ السلام کی ولایت کی کتنی اہمیت ہوگی۔

حج میں سب سے پہلے حاجی کو جس چیز کا تجربہ ہوتا ہے وہ صعوبات سفر سے آشنائی ہے۔اہل و عیال، گاؤں گھر شہر ،دوست احباب،مال و منال سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر صرف اللہ کی محبت میں سفر کرنا نہایت صبر آزما مرحلہ ہو تا ہے۔اس کا مطلب ہے کہ سفر ِحج سفرِ آخرت کے لئے بہترین تربیت اور ٹریننگ ہے۔ حج راہ خدا میں بے مثل و بے نظیر عاشقانہ سفر ہے اورایک مرکز و محور پر دنیا بھر سے آئے ہوئے مسلمانوں کا روح پرور اجتماع ہےجس سے میدان ِمحشر پر عقیدہ مزید پختہ ہوتا ہے۔حج کے بے شمار فیوض و فوائد دنیوی بھی ہیں اور اخروی بھی ۔حج کا مکمل فلسفہ ہے جو انسانی فکر و شعور کو روشن و منور کرتا ہے۔دنیا میں کوئی شخص بلاوجہ بغیر کسی مقصد کے کہیں کا سفر نہیں کرتا ،عازمین ِحج کے سفر کا مقصد اتنا بلنداور قیمتی ہے کہ حاجی عشق الٰہی میں دنیاوی ہر چیز سے دست بردار ہوکر کفن بردار بن جاتے ہیں۔

ان مختصر الفاظ کے ساتھ ہم مجمع علماء وخطباء حیدرآباد کی جانب سے تمام حجاج کرام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔اور تمام مسلمانان عالم کی خدمت میں ’’پیغام حج ‘‘کے عنوان سے ذیل میں عرض ہے کہ مرحوم علامہ مجلسی ؒکی کتاب بحار الانوار میں آیا ہے حج کا فلسفہ یہ ہے کہ لوگ خداکا خا ص مہمان بن جائیں اور خدا سے رزق اورروزی میں کشادگی،علم میں ترقی اور اپنے گناہوں کی بخشش کے لئے دعا کریں ۔

عظمت اسلام کی سب سے بڑی علامت اور اسلام کے اہم تعلیمات زندگی میں سے ایک ،حج اور اس کے اعمال ہیں ۔اکثر لوگ ہر سال حج کی سعادت حاصل کرتے ہیں لیکن حج کے اعمال اور اسکے اسرار کے بارے میں بہت کم معلومات رکھتے ہیں اور اسکےاصل ہدف کی طرف توجہ نہیں دیتے ہیں۔ ہم اللہ تعالیٰ سے چاہتے ہیں کہ ہمارے تمام اعمال شرع مقدس اسلام کے احکام کے مطابق ہو ں اور فقہ اصغر (احکام ) کے ذریعے فقہ اکبر (حج) تک پہنچ جائے‘‘۔

فقط والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

Read 364 times