دنیا بھرمیں جشن ولادت حضرت امام زین العابدین علیہ السلام

Rate this item
(0 votes)
دنیا بھرمیں جشن ولادت حضرت امام زین العابدین علیہ السلام

تین شعبان نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت چار شعبان علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے یوم ولادت اور پانچ شعبان فرزندرسول حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن و نور کا جوسلسلہ گذشتہ پیرکی رات سے شروع ہوا ہے جو پندرہ شعبان المعظم حضرت ولی عصر امام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کے یوم ولات باسعادت تک جاری رہے گا -

ایران کے دارالحکومت تہران ، مشہد مقدس قم اور ایران کے سبھی شہروں اور خاص طور پرعراق کے مقدس شہروں کربلائے معلی اور نجف اشرف میں شب تین شعبان سے شروع ہونے والے جشن اور قصیدہ خوانی کی محفلوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ جمعرات کو ایران،عراق، پاکستان،ہندوستان،لبنان اورشام سمیت بہت سے ملکوں میں پانچ شعبان فرزند رسول حضرت امام زین العابدین علیہ الصلوات و السلام کا یوم ولادت پورے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

پانچ شعبان المعظم فرزند رسول اور واقعہ عاشورہ کے پیغام رساں حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جشن و شادمانی کا ماحول ہے اور ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد،امامبارگاہوں اور مقدس مقامات میں محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے- عمارتوں اور سڑکوں کو سجایا گیا ہے اور لوگ جگہ جگہ مٹھائیاں اور شربت تقسیم کر رہے ہیں ۔

ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں کے مسلمان عوام ان ایام میں اعیاد شعبانیہ یا شعبان کی عیدوں کے عنوان سے جشن مناتے ہیں اوراہل بیت عصمت و طہارت کے حضور اپنے والہانہ عشق وعقیدت کا اظہار کرتے ہیں - اس پرمسرت موقع پر مشہدمقدس میں حضرت امام رضاعلیہ السلام کے روضہ اطہر میں غیر معمولی جشن کا سماں ہے اور ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں سے آئے ہوئے زائرین اس معنوی جشن میں شریک ہوکرحضرت اما م رضاعلیہ السلام کو ان کے جد بزرگوارحضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم ولادت کی مبارک باد پیش کر رہے ہیں 

حضرت امام رضاعلیہ السلام کے حرم میں محفل و شعر و بیان کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں ایران کے نامور شعرا اورعلمائے کرام ماہ شعبان المعظم میں اپنے نور وجود سے دنیا کو منور کرنے والی اہلبیت اطہارکی عظیم ہستیوں خاص طور پر پانچ شعبان المعظم کی مناسبت سے امام زین العابدین علیہ السلام کے فضائل و مناقب بیان کر رہے ہیں -

قم میں بھی فرزند رسول حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے جشن ولادت کی مناسبت سے جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم  کوانتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور بڑی تعداد میں موجود زائرین اس معنوی جشن میں شریک ہیں -

عراق کے مقدس شہروں خاص طور پر کربلائے معلی اور نجف اشرف سے بھی اطلاعات ہیں کہ اس پرمسرت موقع پر شاندار جشن منایا جا رہا ہے جس میں عراق اور دنیا کے مختلف ملکوں کے لاکھوں زائرین اور عاشقان اہلبیت شریک ہیں۔

 

Read 2946 times