حضرت امام علی موسی رضا علیہ السلام کی سیرت

Rate this item
(0 votes)
حضرت امام علی موسی رضا علیہ السلام کی سیرت
ولیعہدی جیسے بڑے چیلنجوں کا سامنا ہونے کے باوجود، امام علیہ السّلام نے مختلف شعبوں میں تحیر العقول کارنامے انجام دیئے ہیں۔

عشرۂ کرامت یعنی ایام ولادتِ باسعادت حضرت امام رضا علیہ السّلام کی مناسبت سے آپ کی سیرت طیبہ پر مختصر روشنی ڈالتے ہوئے کچھ اہم سیرت پر گفتگو کرتے ہیں۔

حضرت ابوالحسن علی ابن موسی الرضا علیہ السّلام خدا کی جانب سے مقرر کردہ رسول خاتم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے جانشینوں میں سے آٹھویں جانشین ہیں۔ آپ کی کنیت "ابوالحسن" ہے اور مشہور و معروف لقب "رضا" ہے اور خاص افراد آپ کو "ابوعلی" کہا کرتے تھے۔ آپ علیہ السلام کے دیگر القابات میں صابر، زکی، ولی، وفی، سراج الله، نورالهدی، قرة عین المؤمنین، مکیدة الملحدین، کفو، الملک، کافی الخلق ہیں۔

ولادت:

آپ علیہ السلام 11 ذیقعدہ کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے، ولادت کے بارے میں مختلف تاریخ نقل ہوئی ہیں جن میں سے مرحوم کلینی نے ۱۴۸ ہجری قمری نقل کی ہے اور اسے اکثر علماء و مورخین بھی قبول کرتے ہیں۔

آپ نے ۲۰ سال امامت کے فرائض سرانجام دیئے۔ آپ کی حیات مبارک کے بارے میں مختلف اقوال نقل ہوئے ہیں، 47 سے 57 سال تک بتایا گیا ہے، لیکن ولادت اور شہادت کے بارے میں اکثر نے آپ کی حیات طیبہ کی مدت 55 سال بتائی ہے۔

آپ علیہ السلام کے والد گرامی، ساتویں امام حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام ہیں۔ آپ کی والدہ ماجدہ کنیز تھیں جن کا اسم گرامی تکتم تھا، ان کا یہ نام تب رکھا گیا جب حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام ان کے مالک ہوئے اور جب ان کے بطن مبارک سے حضرت امام رضا علیہ السلام دنیا میں آئے تو حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام نے "تکتم" کو طاہرہ کا نام دیا۔ نیز آپ کو اروی، نجمہ اور سمانہ بھی کہا گیا ہے اور آپ کی کنیت ام البنین ہے۔ ایک روایت میں نقل ہوا ہے کہ آنحضرت کی والدہ گرامی، پاک و پرہیزگار کنیز تھیں جن کا نام نجمہ تھا، ان کو حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی والدہ جناب حمیدہ نے خریدا اور اپنے بیٹے کو بخش دی اور حضرت امام رضا علیہ السلام کی ولادت کے بعد انہیں طاہرہ کہا گیا۔

امامت:

حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی شہادت کے بعد امام رضا علیہ السلام ۳۵ سال کی عمر میں مقام امامت پر فائز ہوئے۔ امامت کا مسئلہ اگرچہ آپ کے والد گرامی کی حیات کے آخری حصہ میں بہت پیچیدہ ہوگیا تھا، لیکن امام موسی کاظم علیہ السلام کے اکثر اصحاب نے آنحضرت کی طرف سے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی خلافت کو قبول کرلیا۔

والد گرامی کے بعد آپ کی امامت تقریباً 20 سال تھی اور اس دوران ہارون الرشید، محمد امین اور مامون کی ظاہری حکومت رہی۔ دوسرے لحاظ سے دیکھا جائے تو اس میں سے سترہ سال مدینہ میں اور تین سال خراسان میں گزرے ہیں۔

ہجرت:

حضرت امام رضا علیہ السلام نے مدینہ سے مرو کی طرف 200 یا 201 ہجری قمری میں ہجرت کی۔ مامون الرشید نے امام علیہ السلام کیلئے خاص راستہ مقرر کیا تاکہ آپ شیعہ نشیں علاقوں سے نہ گزریں، کیونکہ وہ شیعوں کا امام علیہ السلام کے اردگرد ہجوم سے ڈرتا تھا، اس نے خاص طور پر حکم دیا کہ آنحضرت کو کوفہ کے راستہ سے نہیں بلکہ بصرہ، خوزستان، فارس اور نیشابور سے لایا جائے۔

حدیث سلسلۃ الذہب:

حدیث سلسلۃ الذہب ایسا اہم ترین اور مستندترین واقعہ ہے جو سفر کے دوران نیشابور میں پیش آیا کہ حضرت امام علی رضا (علیہ السلام) نے وہاں پر وہ حدیث ارشاد فرمائی جو سلسلۃ الذہب کے نام سے مشہور ہے۔

اسحاق ابن راہویہ کا کہنا ہے: جب حضرت امام رضا (علیہ السلام) خراسان کی طرف سفر کرتے ہوئے نیشابور پہنچے، اس کے بعد کہ جب آپ نے مامون کی طرف کوچ کرنا چاہا، محدثین جمع ہوگئے اور انہوں نے عرض کیا: اے فرزند پیغمبر! ہمارے شہر سے تشریف لے جا رہے ہیں اور ہمارے لیے کوئی حدیث بیان نہیں فرماتے؟ اس درخواست کے بعد حضرت نے اپنا سر مبارک کجاوہ سے باہر نکالا اور فرمایا:"میں نے سنا اپنے والد موسی ابن جفعر (ع) سے کہ انہوں نے فرمایا کہ میں نے اپنے والد جعفر ابن محمد (ع) سے سنا کہ انہوں نے فرمایا کہ میں نے اپنے والد محمد ابن علی (ع) سے سنا کہ انہوں نے فرمایا کہ میں نے اپنے والد علی ابن الحسین(ع) سے سنا کہ انہوں نے فرمایا کہ میں نے اپنے والد حسین ابن علی (ع) سے سنا کہ انہوں نے فرمایا کہ میں نے اپنے والد امیرالمومنین علی ابن ابی طالب (ع) سے سنا کہ انہوں نے فرمایا کہ میں نے رسول اللہ (ص) سے سنا کہ آنحضرت نے فرمایا کہ میں نے جبرئیل سے سنا کہ انھوں نے کہا کہ میں نے پروردگار عزوجل سے سنا کہ اس نے فرمایا: " لا إلهَ إلّا اللَّه حِصْنى، فَمَن دَخَلَ حِصْنى أمِنَ مِن عَذابى" کلمہ "لا إِلهَ إِلَّا اللَّهُ‏" میرا قلعہ ہے، پس جو میرے قلعہ میں داخل ہوجائے، میرے عذاب سے بچ جائے گا"، پس جب حضرت کی سواری چل پڑی تو آپ نے بلند آواز سے فرمایا: "بِشُرُوطِهِا و أنا مِن شُرُوطِها" اس کی شرطوں کے ساتھ اور میں ان شرطوں میں سے ہوں۔

ولی عہدی:

جب مامون نے دیکھا کہ حضرت امام رضا (علیہ السلام) ہرگز خلافت کو قبول نہیں کررہے تو کہا: آپ جو خلافت کو قبول نہیں کررہے تو میرے ولی عہد اور جانشین بنیں تا کہ میرے بعد خلافت آپ تک پہنچے۔ حضرت امام رضا (علیہ السلام) نے جبکہ مامون کی نیت کو جانتے تھے، فرمایا: خدا کی قسم، میرے والد نے اپنے آباء سے اور انہوں نے امیرالمومنین علی (علیہ السلام) سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے خبر دی ہے کہ مجھے انتہائی مظلومیت سے زہر دی جائے گی اور تم سے پہلے انتقال کروں گا، آسمان و زمین کے ملائکہ مجھ پر گریہ کریں گے، اور ایک غریب سرزمین میں ہارون کے پاس دفن کیا جاوں گا۔ مامون نے کہا: اے فرزند رسول اللہ! جب تک میں زندہ ہوں کس کی جرات ہے کہ آپ کی توہین کرے اور آپ کو قتل کرے؟ حضرت امام رضا (علیہ السلام) نے فرمایا: اگر میں بتانا چاہوں کہ کون مجھے قتل کرے گا تو بتا سکتا ہوں۔ مامون نے جب تمام راستے بند ہوئے دیکھے تو ایک اور چال چلتے ہوئے کہا: آپ اس بات کے ذریعہ اپنے آپ کو سبکدوش کرنا چاہتے ہیں کہ لوگ کہیں کہ آپ دنیا کے طالب نہیں ہیں اور دنیا کے پیچھے نہیں پڑے ہوئے! امام (علیہ السلام) نے فرمایا: خدا کی قسم! جب سے اللہ تعالی نے مجھے خلق کیا، میں ہرگز جھوٹ نہیں بولا اور دنیا اور لوگوں کی خاطر، دنیا سے دوری اختیار نہیں کی۔ اے مامون ! میں جانتا ہوں کہ تمہاری نیت کیا ہے۔ مامون نے کہا: میری نیت کیا ہے؟ امام (علیہ السلام) نے فرمایا: تو چاہتا ہے کہ مجھے اپنا ولی عہد بنائے تا کہ لوگ کہیں کہ یہ علی ابن موسی الرضا دنیا سے دوری اختیار نہیں کرنا چاہتے تھے بلکہ دنیا تک پہنچ نہیں سکے، دیکھو جب مامون نے ولی عہدی کی پیشکش کی تو اس نے کیسے خلافت اور ریاست کی لالچ کی اور اسے قبول کرلیا!۔ جب مامون نے دیکھا کہ حضرت امام رضا (علیہ السلام) اس کی نیت کو جانتے ہیں تو غصہ سے کہنے لگا: آپ ہمیشہ ناگوار باتیں میرے سامنے کرتے ہیں اور اپنے آپ کو میری ہیبت اور جلال سے امان میں سمجھتے ہیں! خدا کی قسم، اگر آپ نے میری ولی عہدی کو قبول کرلیا تو ٹھیک، ورنہ آپ کو مجبور کروں گا اور اگر پھر بھی قبول نہ کیا تو آپ کی گردن اڑا دوں گا۔

امام (علیہ السلام) نے جب دیکھا کہ مامون اپنے ارادہ سے ہرگز دستبردار نہیں ہوگا تو آپ نے کچھ شرائط کے ساتھ ولی عہدی کو قبول کیا۔

 امام رضا علیہ السلام نے اسلامی ثقافتی کو زندہ کیا ہے:

خداوندِ متعال نے حضرت محمد مصطفیٰ(ص) کی بعث کا مقصد آیاتِ الٰہی کی تلاوت، تزکیہ اور کتاب و حکمت کی تعلیم بیان کر کے اسلامی ثقافت کے خدّوخال کی نشاندہی فرمائی ہے۔ پیغمبر اکرم(ص) نے اِس عظیم ذمہ داری کو نہایت خوش اسلوبی سے انجام دے کر اسلامی ثقافت اور تہذیب و تمدُّن کی بنیاد رکھی اور اسے ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل کرنا آپؐ کے برحق جانشینوں کی ذمہ داری قرار پایا۔ پیغمبر اکرم(ص) کے آٹھویں جانشین عالمِ آلِ محمدؐ حضرت علی ابن موسیٰ الرضا علیہما السلام نے اِس ذمہ داری کو نہایت خوبصورت انداز میں انجام دے کر مدینۂ فاضلہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ آپؑ کی سیرت اور تعلیمات میں اسلامی ثقافت کی اعلیٰ اَقدار کے حصول کے لیے معاشرے میں عقلانیت کو فروغ دیتے ہوئے علم کا بول بالا ضروری ہے۔

پیغمبر اکرم(ص) کے حقیقی جانشین کا تعارُف:

بظاہر علمی بحثوں میں دلچسپی کے حامل حکمران اور تحریکِ ترجمہ کے عروج کے باعث، حضرت امام علی رضا علیہ السلام کا دَورِ امامت علمی تحریک اور پیشرفت کے لحاظ سے درخشاں ترین دَور تھا۔ لہٰذا جب آپؑ مرو تشریف لائے تو عوام کا ایک گروہ معتقد تھا کہ امام کو خداوندِ متعال تعیین کرتا ہے، جبکہ دوسرا گروہ امام کو عوامی نمائندہ اور اُمت کا وکیل سمجھتا تھا۔ امام علی رضا علیہ السلام نے قرآن و سنّت کی روشنی میں پیغمبر اکرم(ص) کے حقیقی جانشینوں کا تعارُف کروا کر اُمت میں موجود اِس انحراف کی اصلاح فرمائی، تاکہ سب لوگ ایک قومی دھارے کی طرف متوجہ ہو جائیں؛ لہٰذا آپؑ نے فرمایا: ’’امام کی قدر و منزلت، شان و شوکت، لوگوں کے فہم و شعور سے اِس قدر بلند ہے کہ وہ اسے پَرکھیں یا اس کا انتخاب کریں۔[3] نیز آپؑ فرماتے ہیں: ’’بےشک امامت ہی اسلام کی پاک و پاکیزہ بنیاد اور اس کی بابرکت فرع ہے اور امام ہی کی بدولت نماز، زکات، روزہ، حج اور جہاد مکمل ہوتے ہیں۔

امام علی رضا علیہ السلام اور اسلامی ثقافت کا اِحیاء:

حضرت امام حسین علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت کے بعد حضراتِ ائمہ معصومین علیہم السلام نے ثقافتی جدّوجہد کے ذریعے اسلامی اَقدار و تعلیمات کے اِحیاء کا بیڑا اُٹھایا اور اِس میدان میں حضرت امام محمد باقر و حضرت امام جعفر صادق علیہما السلام کے بعد، حضرت امام علی رضا علیہ السلام کو اسلامی ثقافت کے اِحیاء کا زیادہ موقع ملا؛ کیونکہ بنی عباس کے دَورِ حکومت میں روم، ایران، مصر اور یمن وغیرہ جیسے دنیا کے عظیم تہذیب و تمدُّن کے حامل ممالک، اسلامی نقشے میں شامل ہو چکے تھے اور زرتشتی، صابئی، نسطوری، رومی اور برہمنی مترجمین نے جب علمی آثار کو یونانی، فارسی، سریانی، ہندی اور لاتینی زبانوں سے عربی میں ترجمہ کیا تو ان کے فاسد، مخرِّب اور غیر اسلامی نظریات بھی اسلامی ثقافت میں داخل ہو گئے، جو نوجوان طبقے اور سادہ لوح افراد کے تنزُّل و تزلزل کا باعث بنے۔[5] ایسے ماحول میں خالص اسلامی ثقافت کے اِحیاء میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کا کردار نہایت اہمیت کا حامل تھا۔

اسلامی ثقافت کے اِحیاء سے متعلق حضرت امام رضاؑ کے اقدامات:
شاگردوں کی تربیت:

حضرت امام علی رضا علیہ السلام نے اٹھارہ سال مدینہ منوّرہ میں اور دو سال مرو میں اپنے قیام کے دوران متعدّد شاگردوں کی تربیت فرمائی۔ آپؑ کے اصحاب میں امام جعفر صادق اور امام موسیٰ کاظم علیہما اسلام کے اصحاب بھی شامل تھے۔ ہم نے مختلف کتابوں میں آپؑ کے اصحاب کی تعداد ۵۶۱ تک دیکھی ہے۔ آپؑ نے وکلاء کا ایک وسیع نیٹ ورک قائم کر کے مسلمانوں کی تربیت اور مدینۂ فاضلہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔

سنّتِ نبویؐ کے مطابق نمازِ عید:

عید الفطر کے دن مأمون نے آپؑ سے نمازِ عید پڑھانے کا اصرار کیا تو آپؑ نے اِس شرط پر یہ پیشکش قبول کی کہ آپؑ نمازِ عید پیغمبر اکرم(ص) اور امیرالمؤمنین علی ابن ابیطالب علیہما السلام کی سنّت کے مطابق پڑھائیں گے۔ جب عید کے دن امامؑ نبویؐ انداز میں خوشبو سے معطر، عبا اور کتّان کا عمامہ پہنے، ہاتھ میں عصا تھامے، پا برہنہ گھر سے باہر تشریف لائے اور تکبیر لگائی تو آپؑ کی اقتداء میں اَشک رواں لوگوں کی تکبیروں سے شہر گونج اُٹھا۔ مأمون نے یہ منظر دیکھ کر خطرے کا احساس کرتے ہوئے آپؑ کو نمازِ عید پڑھانے سے روک دیا اور واپس بیت الشرف لوٹ جانے کی درخواست کی۔

امامؑ سے منسوب کتابیں:

حضرت امام علی رضا علیہ السلام سے متعدّد کتابیں منسوب ہیں، جن میں فقہ الرضاؑ، محض الاسلام و شرائع الدین، صحیفۃ الرضاؑ اور رسالۂ ذہبیہ قابلِ ذکر ہیں۔

مختلف اَدیان کے پیروکاروں سے مناظرہ:

مأمون عباسی نے مختلف اَدیان کے ماہر اور نابغہ روزگار افراد سے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے مناظروں کے پروگرام ترتیب دیئے اور اُسے یہ گمان تھا کہ حجاز میں رہنے والا قرآن و سنّت کا یہ عالِم روزمرہ کے جدید منطقی اور فلسفی دلائل کا مقابلہ نہیں کر پائے گا اور اِس طرح علمی بحثوں میں شکست سے اس کی شان و منزلت میں کمی آ جائے گی۔ یوں تو مأمون کے اِس طرزِ تفکر پر فراوان دلائل موجود ہیں لیکن ہم یہاں امام علی رضا علیہ السلام کے ایک بیان پر اکتفاء کرتے ہیں۔ آپؑ فرماتے ہیں: ’’جب میں اہلِ تورات کے ساتھ ان کی تورات سے، اہلِ انجیل کے ساتھ ان کی انجیل سے، اہلِ زبور کے ساتھ ان کی زبور سے، ستارہ پرستوں (صابئیوں) سے ان کی عبرانی زبان میں، اہلِ ہرابزہ (زرتشتیوں) سے ان کی پارسی زبان میں اور رومیوں سے ان کی زبان میں گفتگو اور استدلال کروں گا اور اُن سب کو اپنی صداقت پر قائل کرلوں گا تو خود مأمون پر واضح ہو جائے گا کہ اس نے غلط راستے کا انتخاب کیا ہے اور وہ یقیناً اپنے فیصلے پر پشیمان ہو جائے گا۔‘‘

حضرت امام رضا علیہ السلام نے متعدّد مناظروں میں شرکت کی، جنہیں مرحوم شیخ صدوقؒ نے ’’عیون اَخبار الرضاؑ‘‘ میں، علامہ مجلسیؒ نے ’’بحار الانوار‘‘ جلد ۴۹ میں اور علامہ عزیز اللہ عطاردیؒ نے ’’مسند الامام الرضاؑ‘‘ جلد ۲ میں ذکر کیا ہے۔ لیکن اِن مناظروں میں مختلف اَدیان کے سربراہوں کے ساتھ امامؑ کے وہ مناظرے اہم ترین ہیں جن میں آپؑ نے عیسائیوں کے پیشوا ’’جاثلیق‘‘، یہودیوں کے پیشوا ’’راس الجالوت‘‘، زرتشتیوں کے پیشوا ’’ہربزِ اکبر‘‘، حضرت یحییٰ ؑ کے پیروکاروں کے پیشوا ’’عمران صابئی‘‘، علم کلام میں مہارت رکھنے والے خراسان کے عالم ’’سلیمان مروزی‘‘، ’’علی ابن محمد ابن جہم‘‘ ناصبی اور بصرہ سے تعلق رکھنے والے مختلف مذاہب کے افراد سے مناظرے کئے ہیں۔
https://taghribnews.com
Read 361 times