اسلام دشمن عناصر کی طرف سے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان میں توہین اور گستاخی پر مبنی فلم کی اشاعت کے بعد رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایرانی قوم اور عظیم امت مسلمہ کے نام اپنے پیغام میں اس توہین آمیز اور شرارت انگیز حرکت کے پس پردہ امریکہ، صہیونزم اور دیگر عالمی سامراجی طاقتوں کی معاندانہ پالیسیوں کو قراردیا اوراسلام و قرآن مجید کے بارے میں صہیونیوں کے بغض و عداوت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اگر امریکی سیاستمدار اپنے دعوے میں سچے ہیں تو انھیں اس سنگین جرم میں ملوث افراد اور ان کی مالی معاونت کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے جنھوں نے امت مسلمہ کے جذبات اوردلوں کو مجروح کیا ہے۔
رہبرمعظم انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحيم
قال الله العزيز الحكيم: يُريدونَ لِيُطفِئوا نورَاللهِ بِاَفواهِهِم واللهُ مُتِمُّ نورِه وَلوكَرِهَ الكافِرون
ایران کی عزیز قوم، عظیم ملت اسلامیہ
دشمنان اسلام کے پلید ہاتھ نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی توہین کرکے اپنے بغض اورکینہ کوآنحضور (ص) کی نسبت ایک بار پھر آشکار اور نمایاں کردیا ہے اوراپنے جنون آمیز اور نفرت انگیز اقدام کے ذریعہ موجودہ دنیا میں قرآن اور اسلام کے بڑھتے ہوئے نور کے متعلق صہیونیوں کے غیظ وغضب کو ظاہرکیاہے۔
اس جرم و جنایت کا ارتکاب کرنے والے عوامل کا سب سے بڑااور عظیم گناہ بس یہی ہے کہ انھوں نے کائنات کی سب سے عظیم اور مقدس ہستی کو اپنی پست اور معاندانہ پالیسی کا نشانہ بنایا ہے۔اس شیطانی اور شرارت انگیز حرکت کے پیچھے صہیونزم، امریکہ اور دوسری عالمی سامراجی طاقتوں کا ہاتھ ہے جو اپنے باطل و خام خیال میں عالم اسلام میں جوان نسل کی نگاہوں میں اسلامی مقدسات کو اپنے بلند مقام سے گرانا اور ان کے دینی جذبات کو محو کرنا چاہتی ہیں ۔
اگر وہ اس پلید سلسلے کے گذشتہ حلقوں یعنی سلمان رشدی، ڈنمارک کے کارٹونسٹ اورقرآن مجید کو آگ لگانے والے امریکی پادریوں کی حمایت نہ کرتے اور صہیونی سرمایہ داروں سے وابستہ اداروں میں اسلام کے خلاف دسیوں فلمیں بنانے کی سفارش نہ دیتے تو آج معاملہ اس عظیم اورناقابل بخشش گناہ تک نہ پہنچتا۔اس عظیم گناہ و جنایت میں سب پہلے امریکی اور صہیونزم مجرم ہیں۔ اگر امریکی سیاستمدار اپنے دعوے میں سچے ہیں تو انھیں اس سنگین جرم میں ملوث افراد اور ان کی مالی معاونت کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے جنھوں نے امت مسلمہ کے جذبات اوردلوں کو مجروح کیا ہے۔
پوری دنیا میں مسلمان بھائی اور بہنیں بھی جان لیں کہ اسلامی بیداری کے مقابلے میں دشمن کی یہ بزدلانہ اور ذلیلانہ حرکت در حقیقت اسلامی بیداری کی عظمت،اہمیت اور اس کی روز افزون رشد و ترقی کامظہر ہے۔ واللہ غالب علی امرہ
سید علی خامنہ ای
23 شہریور1391