امریکہ میں بننے والی اسلام مخالف فلم پر اسلامی ممالک میں احتجاج میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ اب تک ہونے والے احتجاج میں ایک درجن کے قریب افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں بھی پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔گذشتہ روز لاہور میں آئی ایس او کے نوجوانوں نے امریکی سنٹر پر دھاوا بول کر امریکی پرچم اتار کر اپنا پرچم نصب کردیا ہے اسی طرح لبنان میں ایک بہت بڑا جلوس نکالا گیا جس میں حزب اللہ کے رہنماسید حسن نصراللہ نے شرکت کی اوراحتجاج کو جاری رکھنے کی اپیل کی ۔ حزب اللہ کے رہنماسید حسن نصراللہ کافی عرصے بعد منظر عام پر آئے ہیں جس سے ان مظاہروں کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے
جہاں پاکستان میں ہونے والے احتجاج میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا وہیں فلپائن کے شہر مراوی میں ہزاروں افراد نے ایک مشتعل جلوس میں شرکت کی۔
پیر کے روز افغانستان کے دارالحکومت میں بھی مشتعل مظاہرین نے پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کر دیں اور گولیاں بھی چلائیں۔
ہندوستان کے بعد اب پاکستان میں بھی اس فلم کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر پاکستان کی سپریم کورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو انٹرنیٹ پر یہ فلم بند کرنے کا حکم دیا ہے۔