پریس کونسل آف انڈیا کے چیئرمین جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے کہا ہے کہ میڈیا غیر ذمہ دارانہ صحافت سے مسلمان آبادی کو بدنام کر رہا ہے اور مسلمانوں کے خلاف برتے جانے والے امتیاز کے باعث اْن کے اندر ناانصافی کا احساس پیدا ہورہا ہے۔ جسٹس کاٹجوگزشتہ روز ’دہشت گردی کی رپورٹنگ، میڈیا کتنا حساس ہے؟‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ پریس کونسل آف انڈیا کے سربراہ نے کہا کہ جب بھی کوئی بم دھماکہ ہوتا ہے یا ایسا کوئی واقعہ پیش آتا ہے، تو ایک آدھ گھنٹے کے اندر ہی بہت سے نیوز چینل یہ دکھانے لگتے ہیں کہ انڈین مجاہدین، جیش محمد یا حرکة الجہاد الاسلامی یا کسی اور مسلم تنظیم کے نام سے ایک اِی میل یا ایس ایم ایس آیا ہے، جس میں اِس واردات کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا اِی میل یا ایس ایم ایس کوئی بھی بھیج سکتا ہے اور ایسی رپورٹنگ سے فرقہ واریت پروان چڑھتی ہے۔