ہندوستان میں آئندہ پارلیمانی انتخابات کا وقت قریب آنے کے موقع پر اس ملک کی حزب اختلاف کی جماعت بی جے پی کے اس بیان سے کہ بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کیا جائیگا ہندوستان کے مختلف علاقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بی جے پی کے لیڈر امت شاہ نے، جو ریاست اترپردیش میں آئندہ پارلیمانی انتخابات کی مہم کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں، ایودھیہ کے اپنے دورے میں کہا ہے کہ ایودھیہ میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر ہندوستان کے ہندوؤں کی بڑی آرزو ہے اور رام مندر تعمیر کیا جائیگا۔
ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعت بی جے پی کے لیڈر امت شاہ کے اس بیان سے ہندوستان کے مختلف علاقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ کانگریس سمیت کئی جماعتوں نے امت شاہ کے اس بیان پر کڑی تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ اس قسم کے بیان سے آئندہ پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔
دوسری جانب ہندوستان کے وزير خارجہ اور کانگریس پارٹی کے ایک سینیئر لیڈر سلمان خورشید نے بی جے پی کے لیڈر امت شاہ کے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی پارلیمانی انتخابات کے وقت ہی رام مندر کی تعمیر کا راگ الاپتی ہے جبکہ اس کی اس سیاست کو اب ہندوستان کے ہندو بھی سمجھ گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں بی جے پی اور بعض انتہا پسند گروہوں کے اکسانے پر انتہا پسند ہندوؤں نے 1992 میں بابری مسجد کو شہید کردیا تھا۔