۲۰۱۳/۱۱/۱۱ - رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اس سال کے حج کے اعلی حکام اور اہلکاروں کے ساتھ ملاقات میں حج کو اللہ تعالی کا ایک ھدیہ اورعالم اسلام کی مشترکہ ضرورتوں میں تفاہم پیدا کرنے کے سلسلے میں تمام نہ ہونے والی عظیم ظرفیت قراردیتے ہوئے فرمایا: عالم اسلام کو آج مسلط کردہ ، عمدی اور امت مسلمہ کے درمیان مذہبی اور فرقہ وارانہ اختلافات کو شعلہ ور کرنے جیسی بڑي مشکلات کا سامنا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حج کی عظيم ظرفیت سے استفادہ کے لئے وقتی ضروریات اور حساسیتوں کو مد نظر رکھنے پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: استعماری اور استکباری طاقتوں کو مذھبی اختلافات ڈالنے کا بہت زيادہ تجربہ ہے اور موجودہ شرائط میں سامراج کی اس سازش کے مقابلے میں حج کی عظیم ظرفیت کو فعال کرنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: مذھبی فرقوں کا مقابلہ صرف شیعہ اور سنی تک محدود نہیں رہےگا اور اگر اسلام دشمن عناصر اس مقابلے کو ایجاد کرنے میں کامیاب ہوجائیں تو پھر وہ شیعہ اور سنیوں کے اندرونی فرقوں کے جذبات کو بھی ایکدوسرے کےخلاف شعلہ ور بنانا شروع کردیں گے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے عالم اسلام کی مشترکہ ضرورتوں اور مطالبات کے سلسلے میں تفاہم پیدا کرنے کی فرصت کو حج کی ایک بے مثال ظرفیت قراردیتے ہوئے فرمایا: حج کی بہت سی ظرفیتیں ابھی نامعلوم اور شناختہ شدہ نہیں ہیں اور ان جدید ظرفیتوں کی شناخت اور پہچان کے سلسلے میں اسلامی مفکرین اور دانشوروں سے استفادہ کرنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے زائرین اور حجاج کرام کو منطقی اور صحیح خدمات پیش کرنے پر حج کے اہلکاروں اور حکام کا شکریہ ادا کیا اور امید کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: حج کی تمام نہ ہونی والی عظیم ظرفیت سے عالم اسلام کی زيادہ سے زیادہ خدمت کرنے کے لئے استفادہ کیا جائے۔
اس ملاقات کے آغاز میں ولی فقیہ کے نمائندے اور ایرانی حجاج کے سرپرست حجۃ الاسلام والمسلمین قاضی عسگر نے حج کےثقافتی ، معنوی اور بین الاقوامی شعبوں میں رہبر معظم کے بعثہ میں ہونے والے اقدامات کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔
اس کے بعد ادارہ حج اور زیارت کے سربراہ جناب اوحدی نے اس سال حج کے سلسلے میں انجام پانے والے اقدامات اور حج کے قافلوں کو خدمات بہم پہنچانے کے سلسلے میں رپورٹ پیش کی۔