میلادالنبی کے جلوسوں کی راہ میں رکاوٹوں کو برداشت نہیں کیاجائےگا،علما اہلسنت کا عزم

Rate this item
(0 votes)

میلادالنبی کے جلوسوں کی راہ میں رکاوٹوں کو برداشت نہیں کیاجائےگا،علما اہلسنت کا عزم

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بانیان پاکستان کی اولادیں ملک کی سلامتی کے لئے متحد ومنظم ہیں ، ملک کے ٹکڑے کرنے کی باتیں بیرونی ایجنڈے کا شاخسانہ ہے۔

پاکستان سنی تحریک ہر ایسی قوت کے خلاف سینہ سپر ہوگی جو ملک کے خلاف زہر اگلنے اور لسانیت کی بنیاد پر ملک کی تقسیم کی بات کررہے ہیں، محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عاشقان رسول صلی الله علیہ وآله وسلم ربیع النور کی تیاریاں تیز کردیں۔ مرکز اہلسنت پر صوبائی صدور سے بات چیت کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دھونس ، دھمکی، دہشتگردی ہمیں جشن ولادت منانے سے نہیں روک سکتی، حکومت ملک بھر میں جشن عید عید میلاد النبی صلی الله علیہ وآله وسلم کے جلسے ، جلوسوں ،محافل نعت کی تقریبات کو مکمل سیکورٹی فراہم کرے۔

ادہر جمعیت علماء پاکستان کے سابق سینئر نائب صدر اور جمعیت علماء پاکستان کی نگراں مرکزی عاملہ کے رکن علامہ شاہ محمد اویس نورانی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 11 اور 12 ربیع الاول کو عام تعطیلات کا اعلان کیا جائے نیز ان تعطیلات کو سالانہ تعطیلات کے شیڈول میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کو پورے ملک میں جلسے اور جلوس منعقد کیے جائیں گے جن پر کسی قسم کی پابندی قابل قبول نہیں۔

درایں اثنا علامہ شاہ تراب الحق قادری نے کہا ہے کہ حضورکا میلاد، غلامی رسول میں موت بھی قبول ہے کے سلوگن کے تحت منائیں گے۔ انہوں نے یہ بات کراچی کی سنی تنظیموں، میلاد انجمنوں کےمشترکہ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس سے نظام مصطفی پارٹی کے سرپرست حاجی محمد حنیف طیب ، سنی اتحاد کونسل کےمولانا فیصل عزیزی، تنظیم المساجد کے مفتی عابد مبارک اور دیگر تنظیموں کےنمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

حاجی حنیف طیب نے کہا کہ میلاد النبی(ص) کے جشن میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں ، تمام ذمہ دار ادارے اپنی کارکردگی کو مربوط اور بہتر بنائیں، رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ بالکل ختم کی جائے۔ فل پروف سیکورٹی کے لئے بھرپور عملی اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں قائدین نے کہا کہ خوف ودہشت کی فضاء ہمیں نبیي کا میلاد منانے سے نہیں روک سکتی۔ ہم نے خدشات سے حکومتی اداروں کو آگاہ کردیا ہے۔

رہنماؤں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ ہر شخص آزادی کے ساتھ جشن ولادت رسول(ص) مناسکے۔ ابرار رحمانی نے کہا کہ مرکزی میلاد جلوس نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ ایم اے جناح روڈ سے برآمد ہوگا۔

واضح رہے کہ بعض انتہا پسند کالعدم تنظیموں منجملہ دہشت گرد تنظیم سپاه صحابه اور سعودی دربار سے وابستہ عناصر نے جشن عید میلاد النبی صلی الله علیہ وآله وسلم کے جلوسوں اور محافل میلاد کے پروگراموں کے خلاف سازشیں رچنی شروع کر دی ہیں۔

Read 1297 times