حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے لبنان میں صدارتی انتخابات میں تاخیر کی کوششوں پر شدید تنقید کی ہے۔ المنار نیوز کے مطابق حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ لبنان میں صدارتی انتخابات میں تاخیر کی کوشش یا اس سلسلے میں مشورے دینے والے افراد ملکی مفادات کو کمزور کر نے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخابات میں تسلط اور اجارہ داری قابل قبول نہیں ہے اور انتخابات کے مشخص امور کا ہر سیاسی جماعت اور سیاسی گروہوں کو پابند ہو نا چاہئے۔ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ 14 مارچ نامی گروہ کہ جو پارلمانی نشست میں لبنان کے نئے صدر کے انتخاب میں کامیاب نہیں ہو سکا، اسے چاہئے کہ وہ وقت ضائع کرنے سے باز رہے اور لبنان کے سیاسی عمل میں رخنہ ڈالنے کی کوششیں نہ کرے۔ واضح رہے کہ لبنان میں نئے صدر کے چناو کے لئے سترہ اپریل کو پارلیمنٹ کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے منعقد نہیں ہو سکا تھا جس کے بعد 23 اپریل کو ہونے والے اجلاس میں 14 مارچ نامی گروہ کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار سمیر جعجع پارلیمنٹ کے 128 حاضر نمائندوں میں سے صرف 48 نمائندوں کی جانب سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔