سعودی عرب میں آتشزدگی کے ایک مشکوک واقعے میں دسیوں پاکستانی شہری جل کر ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں-
موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک عمارت میں آگ لگنے کے واقعے میں دسیوں پاکستانی شہریوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی خبر دی ہے- پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ایسے عالم میں سعودی عرب میں دسیوں پاکستانی شہریوں کے مرنے کی خبر دی ہے کہ گذشتہ ہفتے بھی ریاض میں ایک عمارت کے منہدم ہو جانے کے باعث دسیوں پاکستانی ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے- سعودی عرب کی ریڈکراس کمیٹی کے ترجمان عبداللہ المرائب نے بھی مشرقی ریاض کے النظیم علاقے میں پانچ پاکستانی شہریوں کے مرنے اور کئی کے زخمی ہونے کی خبر کی تصدیق کی ہے- سعودی عرب کی ریڈکراس کمیٹی کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ مشرقی ریاض کی ایک عمارت میں شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا- پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اس حادثے پر افسوس ظاہرکرتے ہوئے مرنے والوں کے پسماندگان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانہ ریاض میں مرنے والوں کی لاشیں منتقل کرنے کی کوشش کر رہا ہے-