امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ویانا ایٹمی معاہدے کے باوجود ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر عائد پابندی ابھی تک برقرار ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے پاکستانی وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی جانب سے گروپ پانچ جمع ایک اور ایران کے ایٹمی معاہدے کا خیر مقدم کئے جانے پر رد عمل ظاہر کیا ہے۔ مارک ٹونر نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ ابھی تک ایران کے ساتھ تجارت پر عائد پابندیاں ختم نہیں ہوئی ہیں۔ پاکستانی وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں ایک تھنک ٹینک سے کہا تھا کہ پاکستان ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے معاہدے کی حمایت کرتا ہے کیونکہ اس معاہدے سے ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون خصوصا قدرتی گیس کی درآمدات کے لئے گیس پائپ لائن کی تعمیر کے سلسلے میں باہمی تعاون کا راستہ ہموار ہو گا۔