پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کا امن و استحکام افغانستان میں امن سے مشروط ہے۔
ہندوستان کے شہر امرتسر میں جاری ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات ہوئی جس میں افغانستان میں پائیدار امن، ترقی و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان مسئلے کے سیاسی حل کے لئے کوشش کر رہا ہے اور افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، پاکستان سیاسی مفاہمت کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوھدری نے بھی سنیچر کے دن اسلام آباد میں ہمارے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن کا موضوع پاکستان کے لیے اہیمت کا حامل ہے اور اسلام آباد، افغانستان میں جنگ اور لڑائی کو ختم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے اور افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات ہی افغانستان کے دیرینہ مسائل کا واحد حل ہے۔
اعزاز احمد چودھری کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ کچھ عرصہ قبل افغان وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان پر پاکستانی فوج کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی جانب سے افغان طالبان کی حمایت کا الزام عائد کیا تھا۔ پاکستان نے بھی افغانستان پر اس کی سرزمین کو ہندوستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔
دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں۔