پاکستان کو امریکی امداد کی ضرورت نہیں

Rate this item
(0 votes)
پاکستان کو امریکی امداد کی ضرورت نہیں

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکی امداد کی ضرورت نہیں۔

جے یو آئی ضلع مردان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عوام نے بھی بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور امریکا کو بھی ان قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیے تاہم پاکستان کو امریکی امداد کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے سے پوری امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے۔

مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی نظام کے نفاذ کیلیے مذہبی جماعتوں کا اتحاد وقت کا تقاضا ہے۔

دوسری جانب اڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان برائے فروخت نہیں، ہمیں امریکا سے امداد نہیں اعتماد چاہیے جب کہ اتحادی فوج کو افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی کے ٹھکانے ختم کرنے ہوں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ امریکا کی جانب سے جس طرح کے بیانات آرہے ہیں یہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

میجر جنرل آصف غفور نے  کہا کہ ہم نے افغان سرحدوں سے داخل ہونے والی جنگ کا مقابلہ بھی کیا اور امریکا کے ساتھ مکمل معاونت کی حالانکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری نہیں تھی بلکہ ہم پر مسلط کی گئی، کیا القاعدہ کے خلاف آپریشنز پاکستان اور پاکستانی فورسز کے تعاون کے بغیر ممکن تھے؟ دہشت گردی کے خلاف جو جنگ چل رہی ہے کیا وہ پاکستان کے تعاون کے بغیر ممکن تھی؟

واضح رہے کہ امریکی نائب صدر مائیک پینس غیراعلانیہ دورے پرجمعرات کو افغانستان پہنچے جہاں انہوں نے بگرام ایئربیس پر گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان پر طالبان اور دیگر مسلح تنظیموں کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے کے دن ختم ہوگئے، پاکستان دہشت گردوں اور مجرموں کو پناہ دینے سے بہت کچھ کھو دے گا۔

Read 1285 times