تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت قراردینے کے تعلق سے امریکی صدر ٹرمپ کا فیصلہ امریکا کی نابودی پر منتج ہوگا۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ موحدی کرمانی نے بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے سلسلے میں امریکی صدرٹرمپ کے فیصلے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ تباہی و نابودی کی جانب بڑھ رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کے خلاف ٹرمپ کے اقدام پر نہ صرف ان کے اتحادیوں نے تنقید کی ہے بلکہ اقوام متحدہ نے بھی اس اقدام کی سخت مخالفت کی ہے -
تہران کے خطیب جمعہ نے امریکا کے سابق صدور کے ذریعے مشرق وسطی میں بحران پیدا کرنے کی غرض سے سات ٹریلین ڈالر خرچ کئے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنے اس اقدام سے اسلام ، انسانیت، ایران اور دنیا بھر کے حریت پسندوں پر ضرب لگانے کی کوشش کررہا تھا لیکن سرانجام اس کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
تہران کے خطیب جمعہ نے تیس دسمبر دوہزار نو کو اسلامی انقلاب اور دینی اقدار کے دفاع میں ایرانی عوام کی جانب سے نکالی گئیں تاریخی ریلیوں کو عظیم واقعہ قراردیتے ہوئے کہا کہ خدا وندعالم اور ایرانی عوام فتنہ گر عناصر کو معاف نہیں کریں گے۔