مہر خبررساں ایجنسی کے بین الاقوامی امور کے نامہ ںگار کے ساتھ گفتگو میں اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں فلسطینی تنظیم حماس کے نمائندے خالد قدومی نے صدی ڈیل کا مقابلہ کرنے اور فلسطینیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی برقرار کرنے کے سلسلے میں ایران کے اہم ، اساسی اور بنیادی کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی ، صدی معاملے کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ ہے۔
خالد قدومی نے فلسطینی تنظیم فتح اور حماس کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا فلسطینی عوام کو بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے فلسطینیوں کو ان کے اہداف سے دور کرنے کے لئے امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک نت نئی سازشیں کررہے ہیں ۔ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے اور سینچری ڈیل کو ناکام بنانے کے سلسلے میں فلسطینی عوام اور حکام کے درمیان اتحاد اور یکجہتی وقت کی ضرورت ہے اس موقع پر فلسطینیوں کو اپنے داخلی اور اندرونی اختلافات کو فراموش کرکے فلسطین کی آزادی اور بیت المقدس کی نجات کے سلسلے میں مشترکہ اور متفقہ اقدامات انجام دینے کی ضرورت ہے۔
خالد قدومی نے حماس اور فتح کے درمیان مشترکہ قومی کانفرنس منعقد کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی تنظیم حماس اور فتح کو اسرائیل جیسے مشترکہ دشمن کا سامنا ہے اسرائیل کو امریکہ جیسی سامراجی طاقت کی حمایت اور پشتپناہی حاصل ہے ۔ امریکہ نے خطے میں موجود اپنے عرب اتحادیوں کو بھی اسرائیل کے بالکل قریب کردیا ہے اور ایسی صورتحال میں فلسطینیوں کا ایک جگہ جمع ہونا اور مشترکہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اتحاد و یکجہتی کا عملی طور پر مظاہرہ کرنا بہت ضروری ہے۔ مہر نیوز کے مطابق حماس کے نمائندے نے اسرائیل کے ساتھ کئی عشروں سے جاری مذاکرات کی ناکامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات اچھی بات ہے لیکن مذاکرات کے سائے میں فلسطینیوں سے ان کے حقوق سلب کرنے کی کوشش کی گئی اور فلسطینیوں کو ان کے اصلی اہداف سے منحرف کرنے کے لئےمذاکرات کا ڈھونگ رچایا گيا۔
حماس کے نمائندے نے حماس اور فتح تنظیموں کے درمیان ممکنہ اتحاد کے بارے میں مہر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حماس اور فتح کے درمیان اتحاد بالکل ممکن ہے اگر امریکہ اور اسرائیل فلسطینیوں اور مسلمانوں کے خلاف متحد ہوسکتے ہیں تو حماس اور فتح تنظیمیں بھی مشترکہ اور متفقہ طور پر اسرائیل اور امریکہ کی گھناؤنی سازشوں کا مقابلہ کرسکتی ہیں۔
حماس کے نمائندے نے فلسطین کی آزادی کے بارے میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے یوم قدس کے بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے بارے میں ایران کا کردار اساسی، بنیادی اور اہم ہے ایران نے اب تک فلسطین کے بارے میں عملی طور پر ٹھوس اور اہم اقدامات انجام دیئے ہیں ۔ ہمارا ایران کی عملی حمایت پر ایمان ہے ۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی اور ایرانی وزير خارجہ نے عالمی سطح مسئلہ فلسطین کی حمایت میں اہم اور بنیادی کردار ادا کیا ہے ایرانی حکومت اور عوام کے احسان کو فلسطینی عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔