رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے حجاج بیت اللہ الحرام کے نام اپنے پیغام میں فرمایا: مغربی ایشیائی ممالک میں امریکہ کی فوجی موجودگی ویرانی ، تباہی، بربادی اور پسماندگی کا سبب بن گئی ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت و بربریت کے مقابلے میں مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی ، فلسطینی مسلمانوں ، یمن کے مظلوم اور ستمدیدہ مسلمانوں نیز دنیا کے دیگر علاقوں میں ظلم و ستم کا سامنا کرنے والے مظلوم مسلمانوں کی حمایت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: بعض اسلامی ممالک کے سربراہان اپنے شخصی اور ذاتی مفادات کے لئے اسرائيل کی غاصب اور ظالم حکومت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا کر فلسطینیوں کی زخموں پر نمک چھڑکتے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے بعض مسلم ممالک کے سربراہان کو اس ذلت آمیز رفتار سے پرہیز کرنے کی سفارش کی اور مغربی ایشیائی ممالک میں امریکہ کی فوجی موجودگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: امریکہ کی مغربی ایشیائي ممالک میں فوجی موجودگی اس خطے میں ویرانی ، تباہی اور پسماندگی کا سبب بن گئی ہے ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ہم امریکہ کے رونما ہونے والے حالات میں امریکہ کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں اور امریکی حکومت کے نسل پرستانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہیں ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال حج کے محدود پیمانے پر منعقد ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ہمیں خانہ کعبہ کی غربت کا احساس ہے اور ہمارے دل اس صورتحال میں بھی خانہ کعبہ کے پاس ہیں۔ ان شا اللہ ہم سب پہلی شان و شوکت کے ساتھ آئندہ سال حج کا فریضہ ادا کریں گے۔