ہفتۂ امامت و ولایت سے متعلق امور کی مرکزی کمیٹی کے ڈائریکٹر حسین ظریف منش نے کہا ہے کہ اس سال دنیا کے 140 ممالک میں عید غدیر اور عید مباہلہ کی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں اور دنیا کے 140 ممالک میں ولایت و غدیر کا پرچم لہرایا جائیگا۔
عید غدیر کے موقع پر گزشتہ برسوں کی مانند جہاں دنیا بھر میں زبردست تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے وہیں ایران میں بھی ملکی سطح پر عظیم الشان جشن ولایت و امامت کی تیاری عروج پر ہے۔ عید غدیر کے روز ایران میں عام تعطیل ہے۔
دارالحکومت تہران میں 18 ذی الحجہ بروز پیر کو جشن عید غدیر کے موقع پر غدیر واک کا بھی اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت شمع ولایت کے پروانے تہران کے ولی عصر( عج) اسکوائر سے دس کلومیٹر کی مسافت طے کر کے پارک وے اسکوائر پہنچیں گے۔ یہ پروگرام شام 6 بجے سے رات 10 بجے تک منعقد ہو گا اور دس کیلو میٹر کے راستے میں ہر جگہ غدیری مہمانوں کی پذیرائی کے لئے کھانے پینے اور شربت کی سبیلوں کے علاوہ بچوں کے مخصوص اسٹالز، مذہبی و ثقافتی مصنوعات کے اسٹالز، خصوصی تحائف اور گروہی ترانوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ غدیر واک کا اہتمام بھی اربعین حسینی واک کی طرح مخیر حضرات، مذہبی اور ثقافتی مراکز، انجمنوں اور رضاکاروں کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔