انقلاب نے ایران کو مضبوط کردیا

Rate this item
(0 votes)
انقلاب نے ایران کو مضبوط کردیا


آفتابِ انقلابِ اسلامی ایران، اپنی پوری آب و تاب کیساتھ دنیا کے افق پر چمک دمک رہا ہے۔ اس کی روشنی نے نہ صرف ایران بلکہ دنیا کے مستضعفین کو بھی منور کیا ہے، انہیں بھی حریت کی راہ دکھائی ہے۔ یہ انقلاب اسلامی کی برکت ہے، کہ آج ایران سے دنیا کی سپرپاورز خوفزدہ ہیں۔ امریکہ جیسی موذی قوت بھی ایران کیساتھ براہ راست زور آزمائی سے لرزہ براندام ہے۔ ایران نے اسی انقلاب کی بدولت ہی، اس کی برکت سے ہی، اپنے دفاع کو اتنا مضبوط کر لیا ہے کہ اب کوئی بھی دشمن، ایران پر چڑھائی کرنے سے پہلے سو بار سوچتا ہے۔ نام نہاد سپرپاور امریکہ کو کب کا گھٹنے ٹیک چکا ہے۔ ایران نے بہت سے مواقع پر ثابت کیا ہے کہ ایران کا دفاع مضبوط ترین ہاتھوں میں ہے۔ امریکہ کیلئے سب سے بڑی مشکل انقلاب ہی ثابت ہوا ہے، جس نے مشرق وسطیٰ سے امریکہ کے پاوں اکھاڑ دیئے ہیں، آج مشرق وسطیٰ کے ممالک بھی امریکہ کی بزدلی اور کھوکھلی قوت سے آشنا ہو چکے ہیں۔

سعودی عرب جیسا ملک بھی امریکی حقیقت بے نقاب ہونے پر بیدار ہوگیا ہے۔ ورنہ اس سے قبل سعودی عرب امریکہ کو ہی اپنا ’’محافظِ اعلیٰ‘‘ سمھتا تھا لیکن ایران نے جب سے امریکہ کی حقیقت بے نقاب کی ہے، ریاض سمیت دیگر عرب ممالک بھی اس کے جعلی رعب و دبدبے سے باہر آ گئے ہیں۔ عرب دنیا کی نفسیات یہ ہیں کہ جہاں سعودی عرب ہوتا ہے، دیگر عرب ممالک بھی وہیں ہوتے ہیں۔ جہاں ہاتھی کا پاوں، وہاں سب کا پاوں کے مصداق، عرب بھی سعودی عرب کی تقلید میں چلتے ہیں۔ اب سعودی عرب اس حقیقت کو جان چکا ہے کہ امریکہ جھوٹی اور بے بنیاد رپورٹس کی بنیاد پر انہیں اپنے ہی بھائی بندوں سے ڈرا کر رکھتا تھا، اب حقیقت کھلنے پر سعودی عرب نے ایران کو گلے لگا لیا ہے۔ یوں مسلمانوں کی دو اہم ترین قوتوں میں ہونیوالا اتفاق اپنی برکت کے ثمرات ضرور دے گا اور اس سے امت کے معاملات میں بہتری آئے گی۔

انقلاب اسلامی ایران نے چین کو بھی ایران کی اہمیت سے آشنا کر دیا ہے، روس جیسا ملک جو کبھی دنیا کی سپرپاور تھا، آج ایران کی دفاعی قوت کا گیت گاتا دکھائی دیتا ہے۔ روس یوکرائن جنگ ایک طویل عرصے سے جاری ہے، لیکن یوکرائن کو مسلسل ناکامی کا سامنا ہے، روس کی اس کامیابی کا سہرا بھی ایران کے سر ہے۔ ایران کی ڈرون اور میزائل ٹیکنالوجی نے یوکرائن کے پاس موجود امریکی ٹیکنالوجی کو عبرتناک شکست سے دوچار کر رکھا ہے۔ اسی طرح کچھ اطلاعات ہیں کہ چین اور ایران مل کر مزید جدید دفاع ہتھیار تیار کر رہے ہیں جو امریکہ کیلئے بالخصوص تیار کئے جا رہے ہیں۔ ادھر روس نے بھی اپنے دفاع میں ایران کے بھرپور تعاون پر اظہار تشکر کیا ہے۔ ایران نے نہ صرف اپنا دفاع مضبوط کیا ہے بلکہ خطے کے مستضعفین کی بھی مدد کی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج حماس جیسی چھوٹی سے تنظیم نے اسرائیل جیسی جدید ہتھیاروں سے لیس، امریکہ و برطانیہ کی بھرپور سرپرستی میں چلنے والی ناجائز ریاست کو ناکوں چنے چبوا دیئے ہیں۔

حماس نے اسرائیل کی نام نہاد دفاعی طاقت کا غور خاک میں ملا دیا ہے۔ نیتن یاہو نے کہا تھا کہ سات دنوں کے اندر اندر حماس کا مکمل صفایا کرکے فلسطین پر قبضہ کرلیں گے، وہ سات دن آج 130 دن ہو گئے ہیں۔ حماس اسرائیل، امریکہ اور برطانیہ کے قابو میں نہیں آ رہی، بلکہ اسرائیل کا آج تک کروڑوں اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے، قیمتی ٹینکس، میزائل اور دیگر ہتھیار ضائع ہو چکے ہیں۔ لیکن حماس کا خاتمہ اسرائیل کا خواب ہی ہے۔ اس کیساتھ ساتھ انقلاب کی برکات ہی ہیں کہ حزب اللہ لبنان اور یمن کے حوثی مجاہدین انصاراللہ نے بھی عالمی طاقتوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ اس وقت بحیرہ احمر کے باب المندب پر مکمل طور پر حوثی مجاہدین کا کنٹرول ہے۔ امریکہ ہزار کوشش کے باوجود حوثیوں سے باب المندب کلیئر نہیں کروا سکا، امریکہ و برطانیہ کے حملے بھی ناکام ہوئے اور تیرہ رکنی امریکی اتحاد بھی بحری بیڑوں کو بحیرہ احمر میں تحفظ فراہم نہیں کر پایا۔ انہی حوثیوں نے برسوں سعودی حملوں کا مقابلہ کرکے بھی اپنی استقامت سے مخالفین سمیت امریکہ کو شکست دی ہے۔

اس حوالے سے پوری دنیا میں دیکھیں تو انقلاب کی روشنی سے نئے راستے دریافت ہو رہے ہیں۔ دنیا اعتراف کر رہی ہے کہ انقلاب اسلامی ایران واقعی اسلام ناب محمدی کا حقیقی عکس بن کر دنیا کے سامنے آیا ہے۔ اس انقلاب نے نہ صرف مسلمانوں بلکہ غیر مسلموں کو بھی اُمید اور تحفظ فراہم کیا ہے۔ آج پوری دنیا میں انقلاب کا طوطی بول رہا ہے۔جبکہ انقلاب دشمن، جو یہ کہتے تھے کہ یہ چند دنوں اور مہینوں کی بات ہے، یہ انقلاب اپنی موت خود مر جائے گا، اس انقلاب نے آج دوسروں کو زندگیاں دینا شروع کر دی ہیں۔ اس انقلاب نے مظلوموں کیساتھ ساتھ خود ایران کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ الہی پلاننگ اللہ کی ہوتی ہے اور شیطان کے وسوسے اس وقت دم توڑ دیتے ہیں جب الہی تدبیر متحرک ہوتی ہے۔ یقیناً انقلاب کی کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا تعاون انقلاب اور ایران کیساتھ ہے اور جس کیساتھ اللہ ہو، اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

تحریر: تصور حسین شہزاد

Read 180 times