بیروت میں حزب اللہ اعلی کمانڈروں کی شہادت کے بعد مقاومتی تنظیم کی جانب سے جوابی کاروائی کے خوف میں مبتلا تل ابیب حکام نے شمالی سرحدوں پر تعیینات سیکورٹی اہلکاروں کو مزید الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔
حزب اللہ نے جوابی حملوں کا آغاز کرتے ہوئے آج علی الصبح حیفا میں اہم صہیونی فضائی اڈے پر میزائل حملہ کیا ہے۔
عبرانی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ مزید حملوں سے بچنے کے لئے ساحلی شہروں عکا، نہاریا اور حیفا میں رفت و آمد کو محدود کرنے کے علاوہ فضائی حدود بند کردی ہیں۔
یسرائیل ہیوم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ نہاریا کی مقامی انتظامیہ نے اتوار کے دن اسکولوں میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ الخضیرہ سے شمالی فلسطین تک کی فضاوں کو تین دن کے لئے پروازوں کے لیے بند کردیا ہے۔
فنانشل ٹائمز نے صہیونی خفیہ ایجنسی کے سابق اہلکار کے حوالے سے کہا ہے کہ ملک کسی حکمت عملی کے بعد ایک نامشخص اور مہنگی جنگ کی طرف جارہا ہے۔ جنگ کی صورت میں اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگا جو ہمارے لیے بحران پیدا کرے گا۔