Super User

Super User

دنیا بھر میں عالمی یوم القدس پر ریلیاںآخري جمعه رمضان المبارك میں اسلامی جمہوریۂ ایران سمیت دنیاکے مختلف ملکوں میں عوام نے عالمی یوم قدس کی مناسبت سے نکالے گئے جلوسوں میں بڑی تعداد میں شرکت کی اور غزہ کے مظلوم اور نہتے عوام پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم کی مذمت کی ۔ عالمی یوم قدس کے جلوسوں ميں شریک ایرانی عوام نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں نیز اسلامی کانفرنس تنظیم اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فرسودہ اور غیر موثر موقف کو ترک کرکے جعلی صہیونی حکومت کے حکام کو جنگی مجرم کی حیثیت سے سزا دیئے جانے کے لئے ٹھوس قدم اٹھائیں اور اسے اپنے ایجنڈے ميں قرار دیں ۔ عالمی یوم قدس کے مظاہرے کے شرکاء نے ایک قرارداد میں، غزہ میں صہیونی حکومت کی بربریت کو جنگي جرائم اور نسل کشی کا مصداق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی مسلم قوم، اسرائیل کے مقابلے میں فلسطینی گروہوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو، بیت المقدس کی آزادی کی امنگوں کے حصول اور فلسطین کی مقدس سرزمین سے غاصب صہیونیوں کے انخلاء کا اہم ترین عامل قرار دیتی ہے ۔ واضح رہے کہ آج تہران سمیت ایران کے دیگر شہروں میں مقامی وقت کے مطابق ساڑھے دس بجے جلوسوں اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہوا جن میں لاکھوں کی تعداد میں بوڑھے، جوانوں ، بچوں اور خواتین نے شرکت کی۔تہران کا مرکزی جلوس تہران یونیورسٹی میں اختتام پذیر ہوا ۔ پورے ایران میں عالمی یوم قدس کی ریلیوں کو کوریج دینے کے لئے 3000 ملکی اور غیر ملکی نامہ نگار اور فوٹو گرافر موجود تھے ۔ دوسری جانب اطلاع ہے کہ 18 دنوں سے مسلسل صیہونی بمباری کے باوجود فلسطين کے مختلف شہروں ميں مظلوم فلسطينیوں نے عالمي يوم قدس کے جلوسوں ميں شرکت کی اور اپني سرزمين اور قبلہ اول کي آزادي تک اپني جد و جہد جاري رکھنے کا عزم دہرایا ۔دوسری جانب لبنان، عراق، پاکستان، ہندوستان سمیت دنیا کے 80 ملکوں میں عالمی یوم قدس کے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں ۔پاکستان نے غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف سرکاری سطح پر غزہ کے عوام سے یوم یکجہتی منانے کا اعلان کیا ہے۔ فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لیے جمعۃ الوداع کو پاکستان میں اس ملک کے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے اعلان کے بعد یوم سوگ منایا جا رہا ہے اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہیں۔ وزیر اعظم نوازشریف نے غزہ کے متاثرین کے لیے 10لاکھ ڈالر امداد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رح) نے 1979 اگست کے شروع میں 13 رمضان المبارک کو صیہونی حکومت کے چنگل سے فلسطینی سرزمینوں خاص طور پر بیت المقدس کو آزاد کرانے کے لئے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم قدس منانے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان میں یوم القدس، ریلی پر فائرنگپورے پاکستان ميں ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعے، جمعۃ الوداع اور یوم القدس کے موقع پر ملک بھر کے تمام حساس مقامات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔ پاکستان سے ہمارے نمائندے کے مطابق جمعۃ الوداع اور یوم القدس کی تقریبات کے لئے سیکیورٹی سے متعلق حکومت کی جانب سے فول پروف انتظامات کئے گئے اور حساس مقامات اور مساجد پر رینجرز اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے یوم القدس کے سلسلے میں مظاہروں اور ریلیوں کے پیش نظر سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی اور وفاقی دارالحکومت میں ساڑھے تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور افسران ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے رینجرز بھی پولیس کی معاونت کررہی ہے ۔ ادھر تحریک انصاف، اہلسنت والجماعت، مجلس وحدت المسلمین سمیت دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے کراچی، پشاور ، کوئٹہ سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور فلسطین پر قابض اسرائیل کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئيں ۔ موصولہ خبروں کے مطابق شارع فیصل پریوم القدس ریلی کی بس پرفائرنگ کے نتیجہ میں تین خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے ،پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شارع فیصل پرفائن ہاؤس کےقریب پیش آیا جس میں 3 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے ۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور شارع فیصل پرٹریفک جام ہو گیا۔

کشمیر میں قرآن کریم کے خطی نسخوں کی نمائشہندوستان کشمیر میں اکیڈیمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز کی طرف سے قرآنِ کریم کے نادر و نایاب مخطوطات اور خطاطی کے نادر شاہپاروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔ نمایش میں گزشتہ تقریباً آٹھ سو سال کے دوران کشمیر میں کتابت کئے گئے قرآنِ کریم کے نسخے عوامی مشاہدے کے لئے رکھے گئے ہیں، جن میں سے بعض آبِ زر اور زعفران کی روشنائی سے لکھے گئے ہیں۔ نمائش کا افتتاح سابق ڈائریکٹر جنرل کلچر محمد یوسف ٹینگ نے کیا اور اس موقعے پر سرکردہ شہریوں اور فن شناسوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ نمائش میں نسخہ فتح اللہ ، تفسیر حسینی ، مختلف خطوط میں رقم قرآن مجید، تراجم، تفاسیر اور خطاطی کے نادر نمونے عوامی دلچسپی کا خاص مرکز رہے۔ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمد یوسف ٹینگ نے کشمیر میں قرآنی فنون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی، جن میں خطاطی کے خاص کشمیری قلم میں کتابت کردہ نسخوں ، قرآن کریم کے حاشیوں کی مذہب کاری ، طلا کاری اور جلد بندی شامل ہے ۔ اس موقعے پر اُنہوں نے بتایا کہ سینکڑوں برسوں کی محنت سے حاصل شدہ اس گنج ہائے گران مایہ کے تحفظ اور انہیں آئندہ نسلوں تک لے جانے کے لئے اِس قسم کی نمائشوں کا انعقاد بے حد ضروری ہے ۔ نمائش میں خط غبار کا ایک سکرول بھی رکھا گیا ہے، جس میں قرآن کریم کے 30 پاروں کی انتہائی باریکی لیکن استادانہ انداز سے کتابت کی گئی ہے ۔ نمائش میں بعض بزرگان دین دست مبارک سے کتابت کردہ قرآن کریم کے نمونے بھی رکھے گئے ہیں۔

غزہ پر صہیونی فوج کے وحشیانہ حملے، شہدا کی تعداد 510

غزہ کے مختلف علاقوں پر صہیونی فوج کے آج کے وحشیانہ حملوں میں دسیوں فلسطینیوں کی شہادت کے ساتھ، گذشتہ 14 دنوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 510 ہوگئی ہے۔ الاقصی ٹی وی کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق غزہ اور رفح کے مختلف علاقوں میں غاصب صہیونی حکومت کے فضائی اور توپخانوں کے حملوں میں ابتک 40 سے زیادہ فلسطینی شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب گذشتہ روز غزہ کے الشجاعیہ کے علاقے میں غاصب صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 120 سے تجاوز کرگئي ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق صہیونی حکومت کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں سینکڑوں فلسطینی خاندان بے گھر ہوچکے ہیں۔ مسلسل 14 ویں روز محصورین غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، تازہ بمباری کے نتیجے میں 7 کمسن بچوں سمیت 9 افراد شہید ہوگئے جبکہ ایک اور کارروائی میں صیہونی فوج نے سرحد عبور کرنے کا الزام لگاتے ہوئے فائرنگ کر کے مزید 10 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے سے مزید 16 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جارہا ہے۔ ادھر فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے صہیونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں صہیونی حکومت کے شہروں تل ابیب، سدیروت، اشدود اور عسقلان پر سیکڑوں راکٹ فائر کیئے ہیں، جس کے نتیجے میں دسیوں صہیونیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ تحریک حماس کی فوجی شاخ عزالدین قسام بریگیڈ نے بھی صہیونی حکومت کی فوج کے درجنوں میرکاوائی نامی ٹینکوں تباہ کردیاہے۔ قابل ذکر ہے کہ صہیونی حکومت نےاپنے دسیوں فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔

حزب اللہ، فلسطین کے مزاحمتی گروہوں کی حمایت کرتی ہےحزب اللہ لبنان کے سربراہ سیدحسن نصراللہ نے کہا ہے کہ لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ، فلسطین کی اسلامی مزاحمتی گروہوں کی حمایت کرتی ہے۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل سے ٹیلی فونک گفتگومیں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تنظیموں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے فلسطینی مجاہدین کی غیرمعمولی استقامت کو سراہا۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے اس کے ساتھ ہی جہاد اسلامی کے سکریٹری جنرل رمضان عبداللہ کی بھی بھرپور حمایت کااعلان کیا اور کہا کہ حزب اللہ موجودہ صورت حال میں صیہونی حکومت کے مقاصد کوناکام بنانے کےلئۓ فلسطینی گروپوں کے ساتھ ہرقسم کا تعاون کرنے کو تیار ہے۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ صیہونی وزیراعظم کو غزہ پٹی پر حملے میں بڑی طاقتوں کی حمایت حاصل ہے تو غزہ کے مظلوم عوام اور فلسطینی جہادی تنظیموں کو لبنانی مزاحمتی گروپوں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

نجف، اپنے عیسائی ہم وطنوں کو پناہ دے گاعراق کا صوبہ نجف ان عیسائیوں کو پناہ دینے کے لئے آمادہ ہے کہ جو تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے زبردستی اسلام قبول کرنے یا جزیہ ادا کرنے کی دھمکی کے بعد موصل شہر سے فرار کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ عراق کی السومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق صوبے نجف اشرف میں انسانی حقوق کمیٹی کے سربراہ محسن التمیمی نے کہا ہے کہ نجف اشرف کی صوبائي کونسل عراق کے شمالی شہر موصل اور اس کے مضافات سے نقل مکانی کرنے والی عیسائی خاندانوں کا خیرمقدم کرتی ہے اور عیسائی خاندانوں کو اس صوبے میں پناہ دینے کے لئے مکمل طور پر آمادہ ہے۔ واضح رہے کہ دہشتگرد تکفیری گروہ داعش نے موصل شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں آباد عیسائیوں کو ہفتہ کے دن تک کی مہلت دی تھی کہ وہ اسلام قبول کریں یا پھرجزیہ ادا کریں اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں ان کو قتل کردیا جائے گا۔ دہشتگرد گروہ داعش نے اسی طرح اعلان کیا ہے کہ موصل کے عیسائيوں کو موصل سے اپنا مال لے جانے کی اجازت نہیں ہے اور ان کے گھر بھی داعش کے قبضے میں آجائیں گے۔ عیسائیوں کے لئے داعش کے الٹی میٹم کے ساتھ ہی موصل کے عیسائیوں نے اپنا گھر بار چھوڑ دیا ہے اور وہ عراق کے پر امن علاقوں کی طرف نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق عراق کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ عیسائيوں کو زبردستی اسلام قبول کرنے یا جزیہ ادا کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

ملک کی عزت، شہداء کے خون کی برکت سے ہےاسلامی جمہوریہ ایران کی برّی فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ ملک کی عزت، سلامتی اور توانائی، شہداء کے خون کی برکت سے ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق جنرل احمد رضا پوردستان نے تھران میں فوجی یونیورسٹی میں ہونے والی تقریب میں کہا کہ آج ہمارے بعض ہمسایہ ملکوں میں بدامنی اور داخلی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، لیکن شہداء کے خون کی برکت سے ایران، امریکہ کے مقابلے میں پوری طاقت و توانائی سے ڈٹا ہوا ہے اور اپنے حقوق کا دفاع کررہا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی برّی فوج کے سربراہ نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ امریکہ، سپر طاقت کے عنوان سے پہچانا جاتا تھا، لیکن شہداء کے خون کی برکت سے دنیا میں امریکہ کی برتری کا خاتمہ ہوگيا اور اگر یہ شہداء نہ ہوتے تو ایران کو یہ عظمت حاصل نہیں ہوتی۔

غزہ پر زمینی حملے کو وسعت دیں گے، صہیونی حکومتغاصب صہیونی حکومت کی فوج نے غزہ پر زمینی حملے کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق صہیونی حکومت کی فوج نے آج صبح اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہےکہ وہ غزہ میں اپنے زمینی حملے کو وسعت دے رہی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ 13 روز کے دوران غزہ پر صہیونی حکومت کے فضائي اور زمینی حملوں میں 350 فلسطینی شہید اور 2600 زخمی ہوچکے ہیں۔ ادھر فلسطینی مزاحمت نے صہیونی حکومت کے ہر قسم کے حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کے علاقے کو صہیونی حکومت کے فوجیوں کے قبرستان میں تبدیل کردیا جائے گا۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ مزاحمت کے راکٹی حملوں سے صہیونی علاقوں میں شدید وحشت طاری ہے اور صہیونی پرامن مقامات کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی کارروائیاں، ناجائز قبضے کو مستحکم کرنے کا بہانہاسلامی تعاون تنظیم کے سابق سیکریٹری جنرل نے غزہ میں غاصب صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترکی کے نیوز چینل ٹی آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق اکمل الدین احسان اوغلو نے غزہ کے مظلوم عوام پر صہیونی حکومت کے وحشیانہ فضائی و زمینی حملوں کے جس کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی شہید و زخمی ہوئے ہیں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل، اپنی وحشیانہ کارروائیوں کے ذریعے رعب و وحشت پھیلا کر مقبوضہ علاقوں پر اپنے ناجائز قبضے کو مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ اکمل الدین احسان اوغلو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ پر صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سابق سیکریٹری جنرل نے فلسطینی عوام کے دوست ممالک سے اپیل کی کہ صہیونی حکومت کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کریں۔

الجزائر بم دھماکہ، سات سیکیورٹی اہلکار ہلاکالجزائر کے وسطی صوبے سدی بیل ابس میں سڑک کنارے بم دھماکے کے نتیجے میں سات سیکیورٹی اہل کار ہلاک ہوگئے ہیں۔ فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق شدت پسندوں کی جانب سے سیکورٹی اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ الجزائر کے وسطی صوبے سدی بیل ابس میں گشت کررہے تھے۔ الجزائر کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 3 فوجی اور 4 میونسپل گارڈز شامل ہیں جب کہ حملہ کرنے والوں کا تعلق اسلامی شدت پسند تنظیم سے ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ حملہ اپریل میں ہونے والے حملے کے بعد سب سے بڑا حملہ ہے جس میں 14 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔