حالیہ انتخابات انتہاء پسندی اور دہشت گردی کیخلاف ریفرنڈم

Rate this item
(0 votes)

حالیہ انتخابات انتہاء پسندی اور دہشت گردی کیخلاف ریفرنڈمملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائم مقام سربراہ اور ملت جعفریہ کے قائد علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات انتہاء پسندی اور دہشت گردی کیخلاف ریفرنڈم ہیں، تمام مکاتب فکر، عمائدین اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام نے انتہاء پسندی اور جنونیت کو مسترد کرتے ہوئے امن، خوشحالی اور ترقی کا بہترین فیصلہ کیا، تمام سیاسی جماعتیں عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ملکی مفاد میں فیصلے کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی دفتر سے جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں عوام جس جوش و خروش اور یکجہتی سے جمہوریت کے فروغ کیلئے گھروں سے نکلے اور مملکت خداد اد کو امن، خوشحالی اور ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے اپنا ووٹ استعمال کیا اس پر وہ تحسین کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ریفرنڈم ہیں اور تمام مکاتب فکر، عمائدین اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام نے انتہاء پسندی اور جنونیت کو مسترد کر دیا ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ وہ ملک میں بھائی چارے، امن و آشتی کے داعی ہیں اور کسی بھی ایسے گروہ کا راستہ روکیں گے جو ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کو بھڑکانے کا سبب بنے یا اتحاد میں دراڑیں ڈالنے کی کی مذموم کوششیں کریں۔ اس موقع پر انہوں نے پورے ملک خصوصاً جھنگ کے عوام کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس طرح شرپسندی اور جنونیت کو مسترد کیا وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے فیصلے نے ثابت کر دیا کہ ملکی استحکام اور دہشت گردی کا خاتمہ اتحاد و وحدت میں پنہاں ہے۔

Read 1475 times