بی بی سیدہ زینب (س) کے روضہ کے تحفظ کیلئے خون کا آخری قطرہ تک نچھاور کر دینگے، ثروت اعجاز قادری

Rate this item
(0 votes)

بی بی سیدہ زینب (س) کے روضہ کے تحفظ کیلئے خون کا آخری قطرہ تک نچھاور کر دینگے، ثروت اعجاز قادری

حضرت بی بی سیدہ زینب ﴿س﴾ کا روضہ مبارک ہماری عقیدتوں کا محور ہے ہم اس کے تحفظ کیلئے خون کا آخری قطرہ تک نچھاور کر دینگے۔ حضرت بی بی سیدہ زینب ﴿س﴾ کے مزار کو نشانہ بنانے والے جان لیں کہ یہ 13ویں صدی نہیں پندرویں صدی ہے وہ وقت گذر گیا جب جنت البقیع میں اہل بیت اطہار ﴿ع﴾ و صحابہ کرام ﴿رض﴾ کے مزارات کو بلڈوزر چلا کر شہید کر دیا تھا۔ عوام اہلسنت اہل بیت اطہار ﴿ع﴾ و صحابہ کرام ﴿رض﴾ کے مزارات کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔ ان مزارت کی طرف اٹھنے والی ہر ناپاک انگلی کاٹ دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شام کے شہر دمشق میں حضرت بی بی سیدہ زینب ﴿س﴾ کے روضہ اقدس پر شامی باغی دہشت گردوں کے ہاتھوں راکٹ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک بھر کی سنی عوام دشمنان اہل بیت ﴿ع﴾ کی ناپاک جسارت کے خلاف اپنے بھرپور جذبات کا اظہار کرکے یزیدی ٹولے کو یہ باور کرا دیں کہ میدان کربلا سے امام عالی مقام امام حسین (ع) کی اٹھنے والی آواز کے جواب میں کروڑوں مسلمان لبیک یاحسین ﴿ع﴾ کی صدائیں آج بھی بلند کر رہے ہیں۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ یہود و ہنود کے ایجنٹ باطل قوتیں سن لیں غلامان مصطفٰے ﴿ص﴾ اہل بیت اطہار ﴿ع﴾ و صحابہ کرام ﴿رض﴾ کے مزارات کے تحفظ، اسلام کی سلامتی کیلئے اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کر دینگے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت بی بی سیدہ زینب ﴿س﴾ کے روضہ اقدس پر راکٹ حملے سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ وزارت خارجہ اس افسوسناک واقعے پر احتجاج کرے۔ پاکستان سنی تحریک کے تحت حضرت بی بی سیدہ زینب ﴿س﴾ کے مزار پر حملے کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

Read 1422 times