دشمن جان لے کہ اگر اس نے حملہ کیا تو اسے منہ توڑ جواب ملے گا

Rate this item
(0 votes)
دشمن جان لے کہ اگر اس نے حملہ کیا تو اسے منہ توڑ جواب ملے گا

رہبر انقلاب اسلامی سے خاتم الانبیاء ایئر ڈفینس سسٹم کے سربراہ اور اعلیٰ عہدیداروں کی ملاقات

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج  کی خاتم الانبیاء ائیر ڈفینس ہیڈ کوارٹر کے اعلیِ عہدیداروں اور افسروں سے ملاقات میں ایئر ڈفینس سسٹم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے ہر طرح کے حملے سے نمٹنے کے لئے فرنٹ لائن قرار دیا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مدمقابل محاذ کو خبیث، مکار اور ملت کی آزادی کا مخالف قرار دیا فرمایا کہ اس دشمن کے مقابلے میں کہ جو ہمارے ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو کمزور کرنے کے درپے ہے، ہمیں چاہئے کہ ہماری مسلح افواج اتنی زیادہ آمادہ و تیار ہوجائے کہ دشمن حتیٰ یہاں حملہ کرنے کی فکر بھی نہ کرے۔
حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے افرادی قوت کے عزم و ارادے اور صلاحیتوں کو رکاوٹوں اور کمزوریوں کو برطرف کرنے کے سلسلے میں اہم عامل قرار دیا اور مزید فرمایا کہ ایئر ڈفینس سسٹم اصل محاذ اور فرنٹ لائن کا اہم جز ہے اور ہمیں چاہئے کہ اس اہم مقام کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اور اپنے عزم و ارادے اور استقامت کے زریعے دشمن کے حملے کرنے کی فکر کو کمزور کردیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے ملت ایران اور اسلامی نظام سے دشمنی کے مسئلے کو دنیا بھر میں ہونے والی دشمنیوں سے کہیں بڑھ کر قرار دیا اور فرمایا کہ مقابل محاذ کہ جسے ہم تسلط پسند نظام یا عالمی صیہونیسم کے نام سے یاد کرتے ہیں خبیث، چال باز اور ظالمانہ طرز تفکر رکھنے والا محاذ ہے کہ جسے ملت ایران کے مذہبی اعتقادات، آزادی اور دھونس و دھمکی قبول نہ کرنے سے دشمنی ہے۔
آپ نے اس استکباری محاذ کی مختلف چہروں کے ساتھ سامنے آنے کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ دشمن ایک دن امریکہ کی شکل میں تو دوسرے دن صدام جیسے ظالم ڈکٹیٹر کی شکل میں سامنے آتا ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ ہم ملک میں موجود فراوان توانائیوں اور امکانات سے استفادہ کرتے ہوئے اور دشمن کی پوزیشن اور اس کے منصوبوں کے بارے میں آگاہی حاصل کر کے صحیح فیصلے کریں اور ان پر عمل درآمد کریں۔
حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے ایس تھری ہینڈریڈ میزائیل سسٹم اور فردو پلانٹ کی سیکورٹی پر مخالفت اور وسیع پیمانے پر شور شرابہ کرنے کو ملت ایران کی خبیثانہ دشمنی کا ایک نمونہ قرار دیتے ہوئے مزید فرمایا کہ ایس تھری ہنڈریڈ میزائیل سسٹم ایک دفاعی سسٹم ہے نہ کہ حملہ کرنے والا، لیکن امریکیوں نے اپنی پوری کوشش کی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران یہ سسٹم حاصل نہ کرپائے۔
آپ نے مزید فرمایا کہ ہمیں ایسے دشمن کا سامنا ہے کہ جو ملتوں کے دفاع کرنے کے حق کا بھی قائل نہیں ہے اور درحقیقت وہ کہتا ہے بغیر دفاع کے زندگی گذارو تاکہ ہم جب چاہیں تمہارے ملک پر حملہ کرسکیں۔
مسلح افواج کے سپریم لیڈر نے اسی طرح ہوشیاری، موقع پر اقدامات انجام دینے اور ایئر ڈفینس سسٹم میں جدید طریقوں اور پیشرفتہ آلات کے استعمال پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ دشمن کو جان لینا چاہئے کہ اگر وہ حملہ کرے گا تو اسے منہ توڑ جواب ملے گا اور ہم دفاع کے ساتھ ساتھ ان کو خاطر خواہ جواب بھی دیں گے۔

 

Read 1545 times