محمود عباس نے صہیونی وزیر جنگ سے ملاقات کر کے فلسطینی قوم کے پشت میں خنجر گھونپا ہے، اسلامی مزاحمتی گروہ

Rate this item
(0 votes)
محمود عباس نے صہیونی وزیر جنگ سے ملاقات کر کے فلسطینی قوم کے پشت میں خنجر گھونپا ہے، اسلامی مزاحمتی گروہ

 فارس نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطین میں اسلامی مزاحمتی گروہوں نے فلسطین اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس اور غاصب صہیونی رژیم کے وزیر جنگ بنی گانٹس کے درمیان ملاقات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مظلوم فلسطینی قوم کے پشت میں خنجر قرار دیا ہے۔ اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے کہا ہے کہ محمود عباس کی بنی گانٹس سے ملاقات کسی صورت قابل قبول نہیں ہے اور یہ فلسطین کی آزادی کیلئے شہید ہونے والے شہداء کے خون سے غداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس قومی اقدار سے پیچھے ہٹ گئے ہیں اور غاصب صہیونی رژیم کی فیس سیونگ میں مصروف ہیں۔ عبداللطیف القانوع نے فلسطینی قوم کے تمام حلقوں سے ابو ماذن محمود عباس کے اس توہین آمیز اقدام کے خلاف مشترکہ محاذ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ محمود عباس فلسطینی قوم کے نمائندے نہیں بلکہ صرف اپنی ذات کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
 
اسی طرح اسلامک جہاد کے ترجمان طارق سلمی نے بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ محمود عباس نے صہیونی وزیر جنگ بنی گانٹس سے ایسے وقت ملاقات کی ہے جب اسرائیل کی غاصب صہیونی رژیم نے مظلوم فلسطینی قوم کے خلاف شدید محاصرے کے ساتھ ساتھ ظالمانہ اور جارحانہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک تو ان فلسطینی بچوں کا خون بھی خشک نہیں ہوا جو بنی گانٹس کے حکم پر شہید کئے گئے ہیں۔ طارق سلمی نے واضح کیا کہ فلسطین اتھارٹی اور اس کے سربراہ نے قومی معاہدے کی جانب پشت کی ہے اور قومی مذاکرات کے تسلسل کیلئے ایسی شرائط پیش کی ہیں جو اسرائیل کی غاصب صہیونی رژیم کے فائدے میں ہیں۔ اسلامک جہاد کے ترجمان نے کہا کہ فلسطین اتھارٹی کے سربراہان نے صہیونی حکام سے ملاقات کیلئے دوڑ لگا رکھی ہے اور بے گناہ انسانوں کے خون میں ملوث صہیونی حکام کے ہاتھوں میں ہاتھ دے رہے ہیں۔
 
یاد رہے غاصب صہیونی رژیم کے وزیر جنگ نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ انہوں نے فلسطین اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس ابو ماذن سے خفیہ ملاقات کی ہے جس میں اقتصادی، سکیورٹی، سیاسی اور سماجی امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ بنی گانٹس نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا: "میں نے عباس کو کہا ہے کہ اسرائیل ایسے اقدامات انجام دینے کے درپے ہے جس سے فلسطین اتھارٹی اقتصادی طور پر مضبوط ہو گی۔" صہیونی وزیر جنگ نے مزید لکھا: "ہم نے مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں سکیورٹی اور اقتصادی صورتحال بہتر بنانے کے بارے میں بھی گفتگو کی ہے۔ ہم نے آپس میں طے کیا ہے کہ اس ملاقات میں زیر بحث آنے والے موضوعات کے بارے میں ایکدوسرے سے تعاون جاری رکھیں گے۔"

Read 467 times