اسرائیل پر ڈرونز حملوں پر ایران کے مختلف شہروں میں بھرپور جشن، شہری سڑکوں پر نکل آئے

Rate this item
(0 votes)
اسرائیل پر ڈرونز حملوں پر ایران کے مختلف شہروں میں بھرپور جشن، شہری سڑکوں پر نکل آئے
 اسرائیل پر ایران کے ڈرونز حملوں پر ایران کے مختلفف شہروں میں شہریوں نے جشن منانا شروع کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر فائر کیے گئے ڈرونز اور کروز میزائلز کے حملوں کے بعد تہران میں ایرانی شہری خوشی مناتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ عوام ایران کے پرچم لے کر سڑکوں پر آگئے اور جشن بھی منایا۔ دوسری جانب لبنانی دارالحکومت بیروت میں بھی اسرائیل پر ڈرونز حملوں کی خوشی میں ریلی نکالی گئی۔ واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل پر 100 کے قریب ڈرونز اور کروز میزائلز فائر کر دیئے۔ایرانی پاسدران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران نے اسرائیلی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے، گولان کی پہاڑیوں اور شام کے قریب اسرائیلی فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔

دیگر ذرائع کے مطابق اسرائیل پر حملے کے بعد ایران میں ہزاروں شہری جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تہران میں سینکڑوں ایرانی شہری اسرائیل پر حملے کی خوشی منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے اور "ڈیتھ ٹو اسرائیل" اور "ڈیتھ ٹو امریکا" کے نعرے لگائے۔ تہران میں برطانوی سفارت خانے کے باہر بڑی تعداد میں مظاہرین جمع ہوئے، ایران کے تیسرے بڑے شہر اصفہان میں بھی مظاہرہ کیا گیا، جہاں دمشق حملے میں شہید ہونے والے جنرلز میں سے ایک بریگیڈیئر جنرل محمد رضا زاہدی کو دفن کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لبنانی دارالحکومت بیروت میں بھی اسرائیل پر ڈرونز حملوں کی خوشی میں ریلی نکالی گئی۔

واضح رہے کہ 13 اور 14 اپریل کی درمیانی شب ایران نے اسرائیل پر تقریباً 200 ڈرون اور کروز میزائل فائر کیے تھے، ایرانی پاسدران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کی باضابطہ تصدیق کی تھی۔ حملے میں اسرائیلی دفاعی تنصیاب اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملہ یکم اپریل کو اسرائیل کے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے جواب میں ہے، جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے۔
 
 
 
Read 186 times