خطے کے ممالک صیہونی رژیم کے حملوں کے مقابلے میں جوابی اقدام کریں، حزب اللہ

Rate this item
(0 votes)
خطے کے ممالک صیہونی رژیم کے حملوں کے مقابلے میں جوابی اقدام کریں، حزب اللہ

لبنان کی حزب اللہ نے ایک بیان جاری کر کے شام، یمن، غزہ اور لبنان پر امریکی اور صیہونی حملوں کی مذمت کی ہے۔ 

حزب اللہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے خطے کی اقوام کے خلاف امریکی اور صیہونی شیطانی محور کی طرف سے چھیڑی جانے والی جنگ کا حصہ ہیں جس کا مقصد خطے کے ممالک پر دباؤ ڈال کر غاصب رژیم کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

 بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شام پر بار بار حملے اس ملک کو کمزور کرنے کے امریکی اور صیہونی ایجنڈے کا حصہ ہیں، کیونکہ وہ  اس ملک کی عوامی مزاحمت سے خوف زدہ ہیں۔

حزب اللہ نے زور دیا کہ صیہونی جارحیت کے خلاف شامی عوام کا جرات مندانہ موقف اس بات کا ثبوت ہے کہ شامی قوم اب بھی غاصبوں کا مقابلہ کرنے کے آبرومندانہ موقف پر قائم ہے۔

 حزب اللہ نے اپنے بیان میں یمن پر امریکی حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جارحیت یمن کو غزہ کی حمایت اور فلسطین میں مزاحمت سے روکنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔ 

لبنانی مزاحمت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین اور غزہ میں عالمی برادری کی آنکھوں کے سامنے اسرائیل کی جارحیت اور نسل کشی جاری ہے، جو کہ در اصل صیہونی دشمن کی فلسطینیوں کے جذبہ استقامت کو توڑنے میں واضح ناکامی کا ثبوت ہے۔ 

حزب اللہ نے لبنان پر امریکی دباؤ اور اس ملک پر صیہونی رژیم کے مسلسل حملوں کے مقابلے میں خطے کے ممالک کے اتحاد پر زور دیا۔

 اس بیان میں خطے کی اقوام سے کہا گیا کہ صرف دو ہی راستے ہیں؛ یا تو امریکی صیہونی جارحیت کا مقابلہ کرنا چاہیے یا پھر دشمن کے منصوبوں کے سامنے ہتھیار ڈال دینا چاہیے جو صرف قوموں کے وسائل پر غلبہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔ 

حزب اللہ نے صیہونی اور امریکی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے شام، یمن اور فلسطین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور دنیا کے تمام آزادی پسندوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان جرائم کے خلاف آواز بلند کریں اور عالمی برادری پر اس وحشیانہ جارحیت کو روکنے کے لیے دباؤ بڑھائیں۔

Read 9 times