ایران کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر حمید رضا بابائی نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ ازبکستان کے دورے کے دوران اس ملک کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نورالدین جان اسماعیلوف سے ملاقات کی۔
بابائی نے اس ملاقات میں کہا کہ ازبکستان میں پارلیمانی اجلاس کا انعقاد ہمارے لئے خاص اہمیت کا حامل ہے، یہی وجہ ہے کہ ایرانی پارلیمنٹ کا اعلی سطحی وفد اس اجلاس میں شریک ہے۔
انہوں نے ایران اور ازبکستان کے درمیان تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایک آزاد ملک ہے اور اس کی تمام پالیسیاں کثیرالجہتی اور حسن ہمسائیگی پر مبنی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران ازبکستان کے ساتھ اقتصادی اور تکنیکی شعبوں میں تعلقات کی توسیع کا خواہاں ہے۔
حمید رضا نے کہا کہ اس وقت ایران اور ازبکستان کے درمیان تجارتی حجم تقریباً 500 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے جوکہ موجودہ صلاحیتوں کے مقابلے میں بہت کم ہے، ایران تعلقات کی سطح کو 5 بلین ڈالر تک بڑھانے کے لئے تیار ہے۔
اس ملاقات کے دوران ازبکستان کے اسپیکر نے کہا کہ ایران اور ازبکستان کے صدور کے درمیان دوستانہ تعلقات کی بدولت آج دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور نجی شعبوں میں تعاون کو فروغ مل رہا ہے۔