دہشت گردی کا کوئی دین، مذہب، یا مسلک نہیں ہوتا

Rate this item
(0 votes)
دہشت گردی کا کوئی دین، مذہب، یا مسلک نہیں ہوتا

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پہلگام، کشمیر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے خلاف ہندوستان میں ولی فقیہ کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین عبد المجید حکیم الہی نے ایک مذمتی بیان جاری کیا ہے جس کا متن حسب ذیل ہے:

پہلگام، کشمیر میں معصوم عوام پر وحشیانہ اور دہشت گردانہ حملے کی خبر نے دل کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ ہم، رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ‌ای (مدّ ظلّه العالی) کی حکیمانہ رہنمائیوں کی روشنی میں، یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ ایسے بزدلانہ اور دہشت گردانہ اقدامات انسانیت، اخلاق اور آسمانی ادیان کی تعلیمات کے سراسر منافی ہیں۔

یہ غیر انسانی اور بے رحمانہ حملے نہ صرف ہندوستان کے شریف عوام کے خلاف ہیں بلکہ پوری انسانیت اور عالمی ضمیر کے خلاف بھی ہیں۔ یہ بات ہرگز فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ دہشت گردی کا کوئی دین، مذہب، یا مسلک نہیں ہوتا۔ ایسے انسانیت دشمن عناصر ان مجرمانہ اقدامات کے ذریعے دنیا کے امن و استحکام کو تہ و بالا کرنے کے درپے ہیں۔

آج پہلے سے کہیں زیادہ، ہمیں بیداری، اتحاد، محبت اور بھائی چارے کے ساتھ ان سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے اور انسانوں کی عزت و حرمت اور امن کے تحفظ کی راہ پر گامزن رہنا ہوگا۔

میں اس جانسوز سانحے پر حکومت اور شریف ہندوستانی عوام، بالخصوص متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت پیش کرتا ہوں، اور خداوند متعال سے زخمیوں کی جلد شفا اور لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا گو ہوں۔

ان سخت لمحوں میں، ہم ہندوستان کے عزیز عوام اور حکومت کے ساتھ اپنی مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، اور پروردگار سے دعا گو ہیں کہ وہ اس سرزمین کو امن، سکون، بقائے باہمی اور صلح و آشتی کا گہوارہ بنائے۔

والسلام

عبدالمجید حکیم الهي

نمایندہ ولی فقیہ در ھند

Read 10 times