- پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت اور ناجائز صیہونی قبضے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
منگل کو ارنا کے نامہ نگار کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں فلسطین سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے بعد نیویارک میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ فلسطین کے بارے میں ہماری پالیسی واضح ہے، ہم اسرائیل (حکومت) کے قبضے کی مخالفت کرتے ہیں اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حامی ہیں۔
انہوں نے فلسطینی ریاست کو اقوام متحدہ میں مستقل رکنیت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
اسرائیل کے ساتھ امریکی قیادت میں مفاہمتی منصوبے کے حوالے سے پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد کا اسرائیل (حکومت) کو تسلیم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
انہوں نے اس سے قبل اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں فلسطین پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی زمینوں پر قبضہ ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے تاکید کی کہ اب آزادی، حق خود ارادیت، اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا وقت آن پہنچا ہے۔
ارنا کے مطابق، فلسطین پر بین الاقوامی کانفرنس سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں پیر کے روز نیویارک میں منعقد ہوئی۔
"مسئلہ فلسطین کے پرامن اور دو ریاستی حل کے نفاذ کے بارے میں اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس" کا مقصد ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت اور دیرپا امن کے امکانات کو بڑھانے کے لیے ایک مخصوص فریم ورک تشکیل دینا ہے۔