وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے فاکس نیوز سے انٹرویو کے بعد ٹرمپ اور دیگر امریکی عہدیداروں کی دھمکیوں کے جواب میں کہا ہے کہ ایران اچھی طرح جانتا ہے کہ حالیہ امریکی اسرائیلی جارحیت میں ہمارے ساتھ کیا ہوا ہے اور ہمارے دشمنوں پر کیا گزری ہے اور ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ہمارے وار کس حدتک سنسر کئے گئے اور انہیں چھپایا گیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر جارحیت کی تکرار کی گئی تو ہمارا جواب اتنا محکم ہوگا کہ اس کو چھپانا ممکن نہیں ہوگا۔
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اسی کے ساتھ کہا ہے کہ دس لاکھ ایرانیوں کو نیوکلیئر میڈیسین کی ضرورت ہے جو تہران کے تحقیقاتی ری ایکٹر میں تیار ہوتی ہیں اور یہ ری ایکٹر جو امریکا نے بنایا تھا، 20 فیصد افزودہ یورینیئم سے کام کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اسی کے ساتھ ایران کو اپنے نئے ایٹمی ری ایکٹروں کا ایندھن تیار کرنے کے لئے یورینیئم کی افزودگی کی ضرورت ہے۔