عید فطر کی نماز

Rate this item
(0 votes)

رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دیگر اسلامی ملکوں میں عالمی یوم قدس کے عظیم مظاہرے فلسطین کی حمایت میں ایک نمایاں اور درخشان اقدام ہے ۔ حضرت آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے تہران میں عید فطر کی نماز کے خطبوں میں فرمایا کہ حضرت امام خمینی قدس سرہ نے ملت مظلوم فلسطین اور قدس شریف کی حمایت کے لئے یوم قدس معین فرمایا ہے اور ہرسال ایران اور دیگر اسلامی ملکوں میں ان مظاہروں کی شان وشوکت بڑھتی ہی جارہی ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی نے عالمی یوم قدس کے مظاہروں کو نہایت اہم قراردیا اور فرمایا کہ دشمن چاہتا ہےکہ عالمی یوم قدس فراموش کردیا جائے لیکن وہ ہرگز کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ امت مسلمہ ہرسال گذشتہ برس کی نسبت مزید شان و شوکت سے ان مظاہروں میں شرکت کرتی ہے۔ آپ نے فرمایا کہ قوموں نے یوم قدس کے موقع پر ملت مظلوم فلسطین اور مسئلہ فلسطین کی جو کہ عالم اسلام کا بنیادی مسئلہ ہے حمایت کی ہے اور یہ صحیح و بروقت اقدام بے شک نہایت وسیع پیمانے پر اثر انداز ہوگا اور عالم اسلام میں اس کے اہم اثرات دیکھے جائيں گے۔ رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ دیگر قوموں نے بھی گذشتہ برسوں کی نسبت اس سال یوم قدس کے موقع پر ملت ایران کی ہمراہی کی ہے لیکن بعض ملکوں میں سرنگوں شدہ حکومتوں کے باقی ماندہ عناصر اس بات کی کوشش کررہے تھے کہ عوام فلسطین کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار نہ کرپائيں لیکن قومیں میدان میں آگئيں اور یہ تحریک جاری رہے گي۔ ولی امر مسلمین نے فرمایا کہ عالم اسلام میں جو واقعات پیش آرہے ہیں وہ قوموں کی امنگوں کے مطابق ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ علاقائي قوموں نے کارہائے نمایان انجام دئے ہیں اور ان کی تحریکیں جاری رہنی چاہیں ۔ رہبرانقلاب اسلامی نے ملت اسلام کے دشمنوں کی سازشوں کی طرف اشارہ کرتےہوئے فرمایا کہ ان سازشوں کو نا کام بنانے کے لئے اسلامی حکومتوں اور قوموں پر سنگين ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکہ صیہونی حکومت اور ان کے اتحادی اسلامی ا مۃ کے بنیادی دشمن ہیں۔ آپ نے تاکید فرمائي دشمن کو مسلمان قوموں کے ساتھ ہرگز ہمدردی نہیں ہوسکتی کیونکہ وہ علاقے کو تباہ کرکے اپے اھداف حاصل کرنا چاہتا ہے۔ آپ نے شمال مغربی صوبے مشرقی آذربائجان کے زلزلہ زدہ عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ اس زلزلہ زدہ علاقے میں اب تک بہت سے مفید کام انجام دئے گئےہیں اور حکام کو زلزلے کے اثرات مٹانے کے لئے سنجیدگي سے کوششیں جاری رکھنی ہونگي ۔

Read 1392 times