مصر کے صدر محمد مرسی نے علاقائی مسائل کے حل کےلئے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعاون پر آمادگی کا اظہار کیا –
قاہرہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ علی اکبر صالحی کی آجکی ملاقات میں مصر کے صدر محمد مرسی نے کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران سمیت تمام اسلامی ممالک کے ساتھ علاقائی مسائل کے حل کےلئے تعاون پر آمادہ ہے –
محمد مرسی نے خطے کے مسائل کے حل میں ایران کے مؤثر کردار پر تاکید کرتے ہوئے مزید کہا کہ اپنے حقوق اور مشترکہ اہداف کے حصول کےلئے اسلامی ممالک کے مابین اتحاد کی ضرورت ہے –
اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ جناب علی اکبر صالحی نے بھی مصر میں عوامی انقلاب کی کامیابی پر مصر کے عوام اور منتخب صدر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی سرنوشت کے تعیّن کےلئے مصری عوام کے حق کی حمایت کرتا ہے –
صالحی نے شام کے معاملے پر چاررکنی کمیٹی کی تشکیل کےلئے محمد مرسی کی تجویز کی ایک بار پھر حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا اسلامی جمہوریہ ایران مصر کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کی بحالی اور توسیع پر آمادہ ہے -