اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان ماہرین کی سطح کے نئے مرحلے کے مذاکرات سے متعلق بعض شدت پسند امریکی حکام اور گروہوں کی جانب سے منفی تبصرے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے بعض حکام کی جانب سے جوہری مذاکرات کے بارے میں بیان باری غیر سنجیدہ عمل ہے۔ وزارت خارجہ کے پریس نوٹ کے مطابق محترمہ مرضیہ افخم نے کہا کہ ایرانی قوم دھمکیوں اور دباؤ سے متاثر نہیں ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف و صرف باہمی احترام اور ایرانی قوم کے حقوق کے اعتراف کی بنیاد پر ہی مذاکرات نتیجہ خیز ہو سکتے ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران، جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی کے قوانین کے تحت اپنے جوہری حقوق حاصل کرنا چاہتا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں جنیوا میں تاریخی عبوری جوہری معاہدے طے پانے کے بعد ایران اور چھ عالمی طاقتیں ایک جامع جوہری معاہدے تک پہنچنے کے لیے مذاکرات میں مصروف ہیں۔