پاکستانی فوج کے اسٹریٹیجک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ میجر جنرل نوئیل اسرائیل کھوکھر نے تہران میں ایران کی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف بریگیڈیئر جنرل مصطفی ایزدی سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
ایران کی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف برگیڈیئر جنرل مصطفی ایزدی نے ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجودہیں۔ بریگیڈیئر جنرل ایزدی نے مشرق وسطی کی تبدیلیوں اور بیرونی طاقتوں کی مداخلت کا ذکر کرتے ہوئے علاقے کے ملکوں اور قوموں کے ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایران کی مسلح افواج کے جنرل ہیڈکوارٹر کے ڈپٹی کمانڈر نے ایران اور پاکستان کی مسلح افواج کے درمیان تعاون، تجربات کے تبادلے اور اسٹریٹیجک معاملات میں تبادلہ خیال کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ پاکستانی فوج کے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک ریسرچ اینڈ اینالیسس کے ڈائریکٹرجنرل، میجرجنرل نوئیل اسرائیل کھوکھر نے اس موقع دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستانی فوج کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مختلف میدانوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعاون کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔