ارنا کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے اس پیغام میں فرمایا ہے کہ اس تلخ سانحے میں ملت ایران نے ایک اہم اور مخلص خدمت گزار کھودیا۔ ان کے لئے عوام کی بھلائی اور ان کی خوشی جس کا سرچشمہ رضائے الہی ہے، ہر چیز پر ترجیح رکھتی تھی۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے صدر سید ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ امیر عبداللیہان ، مشرقی آذربائيجان میں نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین آل ہاشم، مشرقی آذربائیجان کے گورنر رحمتی اور ان کے دیگر ساتھیوں کی شہادت پر تعزیت پیش کی ہے۔
آپ کے پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ انا للہ وانا الیہ راجعون ۔
عالم مجاہد، انتھک ، باصلاحیت اورعوامی صدر مملکت اور خادم الرضا علیہ السلام، حجت الاسلام والمسلمین جناب آقائے سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں، رضوان اللہ علیہم کی شہادت کی اندوہناک خبر ملی۔
یہ ناگوار حادثہ خدمت رسانی کی کوشش کے دوران پیش آیا؛ اس عظیم اور فداکار انسان کی ذمہ داریوں کی پوری مدت چاہے صدارت کی مختصر مدت ہو،یا اسلام اور ملک و قوم کی ان کی خدمات کا اس سے پہلے کا دور ہو، انتھک محنتوں اور سعی و کوشش میں گزری ہے۔
عزیز رئیسی انتھک خدمت میں مصروف تھے۔ اس تلخ حادثے میں ملت ایران ایک گرانقدر اور مخلص خدمتگزار سے محروم ہوگئی ۔ ان کے لئے عوا کی بھلائی اور ان کی خوشی، جس کا سرچشمہ رضائے الہی ہے، ہر چیز پر ترجیح رکھتی تھی۔ اس بناپر بعض بدخواہوں کی ناشکری اور طنز، اصلاح امور اور پیشرفت کے لئے ان کی رات دن کی کوششوں میں کبھی بھی رکاوٹ نہ بن سکی۔
اس تلخ حادثے میں تبریز کے محبوب اور معتبرامام جمعہ آل ہاشم، مجاہد اور فعال وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان، مشرقی آذربائیجان کے متدین اور انقلابی گورنر جناب مالک رحمتی اور ان کے دیگر ساتھی جوار رحمت الہی میں چلے گئے۔
میں پانچ دن کے عام سوگ کا اعلان اور ملت ایران کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔
جناب آقائے مخبر آئین کی دفعہ 131 کے مطابق مجریہ کے سربراہ ہیں اور ان کا فریضہ ہے کہ مقننہ اور عدلیہ کے سربراہوں کے ساتھ مل کے 50 دن کے اندر نئے صدر کا الیکشن کرانے کا اہتمام کریں۔
آخر میں، جناب آقائے رئیسی کی مادرگرامی، صاحب فضیلت شریک حیات دیگر لواحقین اور شہید ہونے والے ان کے ساتھیوں کے پسماندگان بالخصوص جناب آل ہاشم کے والد ماجد کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں، ان کے لئے صبر وسکون اور ان کے عزیزوں کے لئے رحمت الہی کی دعا کرتا ہوں ۔
سید علی خامنہ ای