لغت میں غلو یہ ہے کہ کسی کے حوالے سے انسان افراط کا شکار ہوجائے، زیادہ روی کرے اور اس کے حوالے سے حد سے بڑھ جائے۔ جن کا وہ مستحق نہیں ان باتوں کی نسبت اس کی طرف دی جائے۔
غلو کی اصطلاحی تعریف یہ ہے کہ کسی غیر خدا کو خدا سے ملایا جائے، خدا کی خاص صفات کو کسی انسان کے لیے قائل ہونا بھی غلو ہے۔ کسی انسان کے لیے اس کی صفات اور فضائل کو مستقل ثابت کرنا بھی غلو کے زمرے میں آتا ہے۔ یہ اعتقاد بھی غلو ہے کہ خدا کی روح کسی انسان میں حلول کر گئی ہے۔
اگر شیعہ اپنے ائمہ کے بارے میں بہت ساری صفات کے قائل ہیں مثلاً یہ کہ وہ واسطہ ہیں فیض خدا کے حوالے سے، انہی کے صدقے میں خدا نے کائنات بنائی ہے، یہ لوگ ولایت تکوینی کے مالک ہیں، آخرت میں ائمہ شفاعت فرمائیں گے وغیرہ تو ان میں سے کوئی ایک بات بھی ہرگز غلو کے زمرے میں نہیں آتی۔
چونکہ شیعہ اس بات کے بھی قائل ہیں کہ ان تمام صفات کے باوجود سارے ائمہ حتی افضل ترین مخلوق حضرت رسول خدا ﷺ، اللہ کے عبد اور بندے ہیں۔ اللہ کے سامنے جھکتے ہیں، عبادت کرتے ہیں۔ توبہ واستغفار کرتے ہیں۔ ان ہستیوں کو جتنی خصوصیات حاصل ہیں سب اللہ کی طرف سے عطا شدہ ہیں۔ لہذا ہر نماز میں دوران تشہد یہ گواہی دے کر کہ: محمد ﷺ اللہ کے عبد اور رسول ہیں، غلو سے اپنی برائت کا اظہار کرتے ہیں۔
ائمہ معصومین علیہم السلام نے غلات سے انتہائی بیزاری اور برائت کا اظہار کیا ہے اور دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے: یہ لوگ ہم میں سے نہیں ہیں۔
امام صادق علیہ السلام کی روایت کے جملے ہیں: "يا اسماعيل! لاترفع البناء فوق طاقته فينهدم اجعلونا مخلوقين و قولوا فينا ما شئتم۔" (بحارالانوار، ج 25، ص 279) اے اسماعیل! کسی بھی عمارت کو اس کی طاقت سے زیادہ بلند مت کرنا، ورنہ وہ گر جائے گی۔ ہمیں اللہ کی مخلوق قرار دو اور پھر ہمارے بارے میں جو چاہو کہو۔
ایک اور روایت میں امام صادق ؑ فرماتے ہیں: "فواللَّه ما نحن الا عبيد الذى خلقنا و اصطفانا، مانقدر على ضر و لانفع ... ويلهم ما لهم لعنهم اللَّه لقد آذوا اللَّه و آذوا رسوله فى قبره و اميرالمومنين و فاطمه و الحسن و الحسين و على بن الحسين و محمد به على صلوات اللَّه عليهم." (بحارالانوار، ج 35، ص 289) خدا کی قسم ہم اس خدا کے عبد ہیں جس نے ہمیں پیدا کیا اور ہمیں چن لیا۔ ہم (مستقل طور پر خدا کی اجازت کے بغیر) نہ نقصان پہنچا سکتے ہیں اور نہ ہی فائدہ... ان پر افسوس ہے، ان کے لیے کیا ہے؟ اللہ ان پر لعنت کرے، انہوں نے اللہ کو اذیت دی اور اس کے رسول کو ان کی قبر میں اذیت دی اور امیرالمومنین، فاطمہ، حسن، حسین، علی بن حسین اور محمد بن علی کو اذیت دی۔
یہ بات عقلی طور پر ثابت ہے کہ کسی بھی انسان کی جتنی بھی فضیلت ہو، ہے تو وہ مخلوق اور محدود۔ جبکہ خدا کی ذات لا محدود اور نا متناہی ہے۔ متناہی اور لا متناہی کے درمیان فاصلہ بھی نا متناہی ہوگا۔ ہاں البتہ یہ ہستیاں وہ ہیں جو تمام مخلوقات میں اللہ تعالی کے نزدیک ترین اور کامل ترین ہستیاں ہیں۔
اس عقیدے کے مقابلے میں مسیحیت حضرت عیسی ؑ کے بارے میں غلو کا شکار ہو گئی۔ ان کے ہاں عیسی ؑ کے حوالے سے عبد خدا ہونا، یا خدا کے سامنے جھکنا اور تضرع و عبادت کی باتیں مطرح نہیں ہیں، بلکہ خدا کا بیٹا ہونا مطرح ہے۔ چونکہ عیسی کا کوئی باپ نہیں، لہذا خدا ان کے باپ ہیں اور وہ خدا کے بیٹے۔ یہ بات عین غلو ہے۔
پس مقام توحید میں غالی وہ ہے جو کسی بھی انسان کو عبودیت اور بندگی کے مقام سے بڑھا چڑھا کر ان کو خدا یا خدا کے افعال کا مصدر قرار دے۔ شیعہ عقیدے کے مطابق صرف خدا ہے جو حقیقی معنی میں خالق، مدبر، شارع، رازق، حاکم... ہے۔ ہاں خدا نے بعض موارد میں ائمہ ؑ کو بعض اختیارات ایسے عطا کیے ہیں جن کی بنا پر وہ کائنات میں مختلف قسم کے تصرفات کر سکتے ہیں۔ البتہ یہ سب خدا کے اذن اور اجازت سے ہے۔ جیسے حضرت عیسی ؑ، خدا کے اذن سے مردوں کو زندہ کیا کرتے تھے، بیماروں کو شفا دیتے تھے۔ یا جیسے قرآن کی آیت کے مطابق جس کے پاس کتاب کا کچھ علم تھا (آصف بن برخیا) اس نے پلک جھپکنے سے پہلے تخت بلقیس کو یمن سے فلسطین میں حاضر کر دیا۔ یہ سب کچھ خدا کے فضل وکرم اور خاص عنایات سے ممکن ہیں اور بندہ ان کاموں میں مستقل ہرگز نہیں۔
لکھاری: عباس حسینی، 8 مارچ 2017، 11:26 PM