Super User

Super User

صیہونی حکومت کے فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین پر تشدد کیا ہے-

اطلاعات کے مطابق صیہونی حکومت کے فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کے خلاف مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر تشدد کیا ہے- اطلاعات کے مطابق غرب اردن کی شمال مغربی سرحد پر واقع قلقیلیا شہر میں سیکڑوں فلسطینیوں نے مظاہرہ کر کے مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن میں صیہونی بستیوں کی تعمیر جاری رکھنے کے صیہونی حکومت کے اقدام کی مذمت کی- مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں الدوابشہ خاندان کے شہیدوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ قدس کی غاصب صیہونی حکومت کے خلاف عوامی مزاحمت پر زور دے رہے تھے- قلقیلیا کی عوامی مزاحمتی کمیٹیوں کے کوآرڈینیٹر مراد اشتیوی نے کہا کہ غاصب اسرائیل کی فوج کے خصوصی دستوں نے مظاہرین پر پلاسٹک کی گولیاں چلائیں اور آنسو گیس کا بھی استعمال کیا- انہوں نے کہا کہ غاصب فوجیوں نے اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ مظاہرین کے خلاف جنگی گولیاں بھی استعمال کیں جس سے متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے اور آنسو گیس کی وجہ سے ان کو سانس لینے میں دشواری پیش آئی- زخمیوں میں بچے اور فلسطینیوں کے حامی بعض غیرملکی بھی شامل ہیں- ادھر رام اللہ کے مشرقی علاقے سلواد میں بھی صیہونی فوجیوں کی اسی طرح کا مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی اور انھوں نے ان پر فائرنگ کی- صیہونی فوجیوں کے اس حملے میں کم سے کم نو فلسطینی زخمی ہو گئے- دریں اثنا صیہونی فوجیوں نے ہفتے کی صبح نابلس کے مغرب میں واقع ایک گاؤں کفر قدوم کو فوجی علاقہ قرار دے کر اس کے داخلی راستے بند کر دئیے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی رو سے بعض محدودیتوں کے باوجود ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیاں بند نہیں ہوں گی-

رپورٹ کے مطابق علی اکبر صالحی نے ہفتے کے روز ایک پریس کانفرنس میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی معاہدے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایران میں نو ہزار ایک سو سنٹری فیوج مشینیں کام کر رہی ہیں جو سال میں دو ٹن یورینیم کی افزودگی کا کام کر سکتی ہیں۔ ایران کے، ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے اس اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہ زیادہ سنٹری فیوج مشینیں کیوں نہں بنائی گئیں، کہا کہ ایٹمی صنعت کوئی ایسی صنعت نہیں ہے کہ مشین کا ایک نمونہ بنالیا جائے اور یہ کہا جائے کہ اسے بڑی تعداد میں تیار کر لیا گیا ہے بلکہ اس صنعت کی سیفٹی کے لئے خاص تدابیر اپنانی پڑتی ہیں تاکہ مطلوبہ مشینوں کو مکمل اعتماد کے ساتھ ایٹمی بجلی گھر کے سسٹم میں شامل کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ آٹھ سے دس سال کی مدت ایٹمی صنعت میں تحقیقات اور توسیع کے لئے مناسب ہے اور اس دوران ایران کے ایٹمی ثمرات کو مکمل پر حاصل کیا جا سکتا ہے اور رکاوٹوں کو دور نیز ایٹمی ایندھن بنانے کے لئے بین الاقوامی تعاون سے اس سائیکل کو مکمل کیا جا سکتا ہے۔

ہندوستان میں مانسون کی موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں تباہ کاریاں جاری ہیں اور اب تک دو سو افراد کی ہلاکت کی خبر کی تصدیق ہو چکی ہے۔

رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران گجرات، راجستھان، مغربی بنگال، منی پور اور اوڑیسہ ریاستیں مانسون کی موسلا دھار بارشوں اور نتیجے میں آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں سے کافی متاثر ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ نقصان شمال مشرقی ریاست منی پور میں ہوا جہاں ستّر فیصد سے زیادہ زرعی اراضی تباہ اور سات سو گھر پانی میں ڈوب گئے۔ ریاست گجرات کے اعلی عہدے داروں کا بھی کہنا ہے کہ ریاست میں سیلاب کے نتیجے میں ترپن افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ تقریبا چالیس لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

 

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ میانمار میں شدید بارشوں اور آنے والے سیلاب کے نتیجے میں روہنگیا مسلمانوں کو شدید مسائل کا سامنا ہے اور وہ عارضی پناہ گاہوں میں زندگی بسر کر رہے ہیں- اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے چوبیس پناہ گزیں کیمپوں میں سے ایک چوتھائی کیمپ، پوری طرح سے تباہ ہو گئے ہیں- راخین، چین، ساگائینگ اور مگوے نامی چار علاقوں کو سیلاب سے بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے-میانمار کے راخین علاقے کے باشندے ایسے عالم میں دربدری کی زندگی بسر کر رہے ہیں کہ ہزاروں روہنگیا مسلمان دو ہزار بارہ میں انتہا پسند بودھسٹوں کے تشدد کے باعث بے گھر ہو گئے ہیں-

ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زیادہ امریکیوں نے ایک طومار پر دستخط کر کے ایران کے ساتھ طے پانے والے ایٹمی معاہدے کی مخالفت میں ریپبلکنز کے ساتھ ہو جانے پر ڈیموکریٹ سینیٹر کے اقدام کی مذمت کی ہے-

رپورٹ کے مطابق کریڈو ایکشن نامی امریکہ کی ایک ترقی پسند تنظیم کے ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زیادہ اراکین نے پیر کے دن ایک طومار پر دستخط کرکے ایران کے ساتھ طے پانے والے ایٹمی معاہدے کی مخالفت سے متعلق ڈیموکریٹ سینیٹر چک شومر کے موقف کی مخالفت کی ہے- اس طومار کے بعض حصوں میں آیا ہے کہ ایران کے ساتھ طے پانے والے ایٹمی معاہدے پر ڈیموکریٹس کی مخالفت کی کوئی منطقی وجہ نہیں پائی جاتی- اس طومار پر دستخط کرنے والوں نے تاکید کی ہے کہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی مخالفت میں ریپبلکنز کے ساتھ ہو جانے کی، ڈیموکریٹ سینیٹر چک شومر کی کوشش سے ایک بار پھر یہ ثابت ہو گیا ہے کہ وہ امریکہ کے ڈیموکریٹس سینیٹروں کی قیادت کے لئے شائستہ شخصیت نہیں ہیں- واضح رہے کہ امریکی صدر نے بھی ایران کے ساتھ طے پانے والے ایٹمی معاہدے پر کانگریس میں اکثریتی ریپبلکنز کی بڑے پیمانے پر تنقیدوں کے بارے میں کہا ہے کہ ریپبلکنز، اس ایٹمی معاہدے کی اس لئے مخالفت کر رہے ہیں کہ اس معاہدے سے بارک اوباما کا نام جڑا ہوا ہے- قابل ذکر ہے کہ بیشتر مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکی سینیٹ اور ایوان نمائندگان میں ریپبلکنز اور بعض ڈیموکریٹس سمیت، ایران کے ساتھ طے پانے والے ایٹمی معاہدے کے مخالفین، جو خاص طور پر اسرائیل کی مخالفت کی وجہ سے اس معاہدے پر تنقید کر رہے ہیں، ایٹمی معاہدے کو آگے بڑھنے سے روک نہیں پائیں گے-

 

قائد ملت جعفریہ پاکستان شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی ستائیسویں برسی تہران میں عقیدت و احترام سے منائی گئي۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر ڈاکٹر غلام علی حداد عادل نے کہا ہے کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان شہید علامہ عارف حسین الحسینی نے پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے قیام، حقیقی محمدی اسلام کو متعارف کرانے اور مسلمانوں کی بیداری میں اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی ستائیسویں برسی ایران کے دارالحکومت تہران میں منائی گئی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر ڈاکٹر غلام علی حداد عادل نے اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ پاکستان شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی علمی شخصیت اور ان کی خدمات کو سراہا۔ غلام علی حداد عادل نے شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی نمایاں خصوصیات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے قیام، حقیقی محمدی اسلام کو متعارف کرانے اور مسلمانوں کی بیداری میں اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں کہ جو شہید علامہ عارف حسین الحسینی جیسے افراد کو پروان چڑھانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ہم پاکستانی قوم کو تعزیت پیش کرتے ہیں کہ دشمنوں نے اپنے فریب کے ذریعے اسلام سے ایسی عظیم شخصیت کو چھین لیا۔ ڈاکٹر حداد عادل کا مزید کہنا تھا کہ علامہ عارف حسین الحسینی کی شہادت کے موقع پر بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) نے جو پیغام دیا تھا اس کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ ان کو علامہ عارف حسین الحسینی کی شہادت اور علامہ مرتضی مطہری کی شہادت کا ایک جیسا دکھ محسوس ہوا تھا۔ اس پروگرام میں دیگر مقررین نے بھی شہید عارف حسینی کی شخصیت کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا- تہران کے ایک سیمینار ہال میں منعقد ہونے والے برسی کے اس پروگرام میں برصغیر کی معروف ادبی شخصیت اور شاعر افتخار عارف اور پاکستان ہندوستان اور ایران سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور افراد نے بھرپور شرکت کی۔

 

Wednesday, 12 August 2015 04:37

ماسکو کی جامع مسجد - روس

 

ماسکو کی جامع مسجد روس کی اہم ترین اور سب سے بڑی مسجد شمار ہوتی ہے۔

یہ مسجد روس کی راجدھانی ، ماسکو میں واقع ہے اور ماسکو براعظم یورپ کا ایک بڑا شہر ہے  اور روس کا سب سے اہم شہر شمار ہوتا ہے۔

یہ مسجد تقریباً ایک سو سال پہلے تعمیر کی گئی ہے اور یہ روس کے مسلمانوں کے مذہبی مراکز میں سے ایک ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ جو بھی مسلمان ماسکو کا سفر کرتا ہے، وہ اس مسجد میں نماز پڑھنے کی کوشش کرتا ہے۔

روس کے مفتیوں کی شوری کے رئیس شیخ راویل عین الدین ، جو سنہ 1990ء کے اوائل میں ماسکو کی مسجد جامع کے امام تھے، کہتے ہیں: " گزشتہ ایک سو سال کے دوران جن ممالک کے سر براہ اس مسجد میں آئے ہیں، ان میں مصر کے کمال عبدالناصر، انڈونیشیا کے سوکارتو، لیبیا کے قرنل قذافی، ایران کے خاتمی، ترکیہ کے عبداللہ گل اور ملیشیا کے مہاتیر محمد وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس مسجد میں ہرسال " روز قدس"بھی منعقد کیا جارہا ہے۔ اس مسجد میں آج تک فلسطین کے صدر محمود عباس اور رہبر حماس خالد مشعل نے بھی نماز پڑھی ہے۔

اس مسجد کی تعمیر کی ابتداء میں جو وقت لگ گیا اس نے تمام لوگوں کو حیرت اور تعجب میں ڈالا، کیونکہ مسجد جامع کی عمارت اس کا صحن، نمازخانہ اور خواتین کے لئے بالکونی سب کے سب صرف 5 مہینوں کے اندر تعمیر کئے گئے ہیں۔

27 نومبر سنہ 1904ء میں اس مسجد کے پہلے امام جماعت، بدرالدین حضرت علیموف نے حکام وقت سے اس مسجد میں مذہبی تقریباً منعقد کرنے کی درخواست کی۔

سوویت یونین کے سابقہ حکومت کے دوران لوگوں کے اعتقادات پر پابندی لگی تھی اور ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جاتی تھی، اس لئے احمد زیان مصطفی اور رضا الدین بصیرت جیسے ائمہ جماعت مسلمانوں کے گھروں میں جاکر تبلیغ اور اسلامی تعلیمات کی ترویج کرتے تھے، کیونکہ انھوں نے بخارا کے مدرسہ میں دینی تعلیم حاصل کی تھی اور مسلمانوں کے درمیان عزت و احترام اور اعتبار کے مالک تھے۔

سنہ 1981ء  میں حالات نے کروٹ لے لی اور مسلمانوں کو اسلامی تعلیمات کی ترویج کے لئے ایک فرصت حاصل ہوئی۔ اس وقت اس مسجد کی مرمت کی وجہ سے صرف تقریباً 250 افراد، اس مسجد سے متعلق مدرسہ میں تعلیم حاصل کرنے میں مشغول ہیں۔

مسجد کی تعمیر نو

روس میں ایک مدت سے اس مسجد کی تعمیر نو کا مسئلہ زیر بحث تھا۔ روس کے صدر مملکت ولادیمیرپوتین اور شہر ماسکو کے حکام نے اس مسجد کی تعمیر نو کے سلسلہ میں مسلمانوں کی حمایت کی اور مئی سنہ 2004ء میں اس مسجد کے ایک سو سالہ جشن میں اس مسجد کی تعمیر نو کی سنگ بنیاد ڈالی گئی۔

مسجد جامع ماسکو میں حالیہ برسوں کے دوران نماز گزاروں کی تعداد، نماز جمعہ میں سات ہزار افراد تک اور نماز عیدین پر پچاس ہزار افراد تک کا اندازہ لگایا جاتا ہے ،لیکن اس مسجد کی قدیمی عمارت صرف 950 افراد کی گنجائش رکھتی تھی اور کبھی تین ہزار افراد تک جمع ہوتے تھے۔چونکہ قدیمی عمارت زیادہ گنجائش نہیں رکھتی تھی، اس لئے سنہ 2011ء کے عید قربان کے دن تعمیرات کے ماہرین نےخبردار کیا کہ اس عمارت میں 900 افراد سے زیادہ داخل نہ ہو جائیں، ورنہ عمارت گرنے کا خطرہ ہے۔

چونکہ اس مسجد کی عمارت سنہ 1904 ء میں تعمیر کی گئی تھی، اس کی مرمت میں اس کی سابقہ شکل و صورت کو حفظ کرنا ممکن نہیں تھا اس لئے نئی مسجد تعمیر کرنے میں اس مسجد کی معماری کے تمام اسلوب کی رعایت کی گئی اور حتی مسجد کے قدیمی رنگ کی بھی رعایت کی گئی۔

اس وقت اس کی تعمیرات شروع ہوئی ہیں اور اس کا کنکریٹ ڈھانچہ اور اس کے 72 میٹر بلند دو مینار کھڑے کئے گئے ہیں۔ یہ عمارت چھ طبقات پر مشتمل ہوگی۔ اس عمارت کی تعمیر معماری کی جدید ٹیکنالوجی کے مطابق انجام پائی جارہی ہے۔ اس عمارت میں 9 لفٹ ہوں گے اور اس کا کانفرنس ہال ، بیک وقت چار زبانوں میں ترجمہ کے وسائل سے مجہز ہوگا۔

اس مسجد میں 10ہزار افراد کی گنجائش کو مدنطر رکھا گیا ہے۔ اس مسجد کے قریب میں ایک عمارت تعمیر کی جائے گی، جس میں مفتیوں کی شوری کے رئیس کے لئے سکونت کے علاوہ مدرسہ اور حلال گوشت کی دوکان وغیرہ کا اہتمام ہوگا۔

روس کے وزیر اعظم دمیری مد دوف نے سنہ 2009ء میں اس مسجد کا مشاہدہ کرنے کے بعد کہا کہ : " اس وقت اس مسجد کی تعمیر نو کا عظیم کام انجام دیا جارہا ہے، یہ ہماری طرف سے مسلمانوں کی میراث کو اہمیت دینے کی گواہی ہے اور یہ اس کی دلیل ہے کہ مملکت روس ایک کثیر الملل اور کثیر المذہب ملک ہے اور روس میں مسلمانوں کا احترام کیا جاتا ہے۔"

اس مسجد کی تعمیر میں بعض مسلمان ممالک نے بھی رول ادا کیا ہے۔

اس وقت مسلمان ایک عارضی ہال میں نماز پڑھتے ہیں جو مسجد کے قریب تعمیر کیا گیا ہے۔

مسجد جامع ماسکو کا افتتاح سنہ 2015ء میں کیا جائے گا،

حماس نے انروا کی طرف سے فلسطینیوں کی مدد میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے-

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینئر رکن خلیل الحیہ نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے کام اور امداد رسانی کی اقوام متحدہ کی ایجنسی، انروا، کی طرف سے فلسطینیوں کے لئے مدد میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے- اطلاعات کے مطابق خلیل الحیہ نے انروا کی طرف سے کئے گئے فیصلوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اس ایجنسی کی امداد میں کمی کا خطرہ غزہ پٹی کے محاصرے سے کم نہیں ہے اور اس سے فلسطینیوں کی زندگی ہر لحاظ سے متاثر ہو رہی ہے- انہوں نے کہا کہ انروا کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد میں کمی کی وجہ سے فلسطینیوں کو تعلیم، صحت، رہائش اور غذا سمیت ہر شعبہ زندگی میں سنگین مشکلات کا سامنا ہے اور انروا کے اس اقدام پر پی ایل او کی خاموشی کا کوئی جواز نہیں ہے- خلیل الحیہ نے مطالبہ کیا کہ مصری حکام کو چاہیے کہ وہ رفح گزرگاہ کو غزہ پٹی کے لوگوں کی آمد و رفت کے لئے ہمیشہ کے لئے کھول دیں-

پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے پاکستان اور ہندوستان کے باہمی اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے اتوار کے دن کہا کہ پاکستان اور ہندوستان اپنے مسائل کو صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل کر سکتے ہیں۔ سرتاج عزیز نے دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کی سطح پر نئی دہلی میں مذاکرات کئے جانے سے متعلق ہندوستان کی تجویز کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک اس دورے کے لئے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ سرتاج عزیز نے افغانستان امن مذاکرات کے بارے میں بھی کہا کہ اسلام آباد کو امید ہے کہ ان مذاکرات کا دوسرا دور بہت جلد انجام پائے گا۔ ہندوستانی حکومت نے حال ہی میں کہا ہے کہ وہ تیئیس اگست تک پاکستان کے ساتھ قومی سلامتی کے مشیروں کی سطح پر مذاکرات کی میزبانی کی آمادگی رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان امن مذاکرات جنوری سنہ دو ہزار تیرہ سے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی میں شدت پیدا ہونے کی وجہ سے تعطل کا شکار ہیں۔ مسئلہ کشمیر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سب سے بڑا متنازعہ مسئلہ ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان اسی مسئلے پر جنگیں بھی ہو چکی ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کئے جانے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کئے جانے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کےخلاف اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ مرضیہ افخم نے کہا ہے کہ کابل میں کئے جانے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ دہشت گرد اپنے مذموم عزائم کے حصول کے لئے کسی بھی اقدام سے دریغ نہیں کریں گے۔ مرضیہ افخم کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی کو تمام ممالک کا مشترکہ دشمن جانتا ہے اور اسی بنا پر وہ علاقائی اور عالمی سطح پر اس مشترکہ خطرے کے مقابلے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کرتا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے افغانستان کی حکومت، عوام اور دہشت گردانہ حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ جمعے اور ہفتے کے دن افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دہشت گردانہ حملوں میں کم از کم پینتیس افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے۔