Super User

Super User

Tuesday, 19 June 2012 04:54

منى ميں رات گزارنا

تحریر: حضرت آيت اللہ العظمى سيد على خامنہ اى (دام ظلہ الوارف(

يہ حج كے واجبات ميں سے بارہواں اور منى كے اعمال ميں سے چوتھا ہے _

مسئلہ 372_ واجب ہے كہ گيارہويں اور بارہويں كى رات منى ميں گزارے پس اگر دو طواف، انكى نماز اور سعى كو بجا لانے كيلئے عيد كے دن مكہ معظمہ چلا گيا ہو تو اس پر منى ميں رات گزارنے كيلئے لوٹنا واجب ہے _

مسئلہ 373_ مندرجہ ذيل گروہ مذكورہ راتوں كومنى ميں بسر كرنے كے وجوب سے مستثنے ہيں _

الف: بيمار اور انكى تيماردارى كرنے والے بلكہ ہر صاحب عذر شخص كہ جس كيلئے اس عذر كے ہوتے ہوئے منى ميں رات گزار ناشاق ہو _

ب: جس شخص كو مكہ ميں اپنے قابل اعتنا مال كے ضائع يا چورى ہو جانے كا خوف ہو _

ج: جو شخص مكہ ميں فجر تك عبادت ميں مشغول رہے اور صرف ضرورت كى خاطر غير عبادت ميں مشغول ہوا ہو جيسے ضرورت كے مطابق كھانا پينا يا دوبارہ وضو كرنا_

مسئلہ 374_ منى ميں رات بسر كرنا عبادت ہے كہ جس ميں گذشتہ تمام شرائط كے ساتھ نيت واجب ہے _

مسئلہ 375_ رات كوغروب سے آدھى رات تك رہنا كافى ہے اور جس شخص نے بغير عذر كے رات كا پہلا آدھا حصہ منى ميں نہ گزارا ہو اس كيلئے احوط وجوبى يہ ہے كہ رات كا دوسرا نصف وہاں گزارے اگرچہ بعيد نہيں ہے كہ اختيارى صورت ميں بھى رات كے دوسرے نصف كا وہاں گزارنا كافى ہو _

مسئلہ 376_ جو شخص مكہ مكرمہ ميں عبادت ميں مشغول نہ رہا ہو اورمنى ميں رات گزارنے والے واجب كام كو بھى ترك كر دے تو اس پر ہر رات كے بدلے ايك بكرى كفارہ ميں دينا واجب ہے اور احوط كى بنا پر اس ميں فرق نہيں ہے كہ عذر ركھتا ہو يا نہ ، جاہل ہو يا نسيان كا شكار يا ان كا غير _

مسئلہ 377_ جس شخص كيلئے بارہويں كے دن كوچ كرنا جائز ہو اور منى ميں ہو تو اس پر واجب ہے كہ زوال كے بعد كوچ كرے اور زوال سے پہلے كوچ كرنا جائز نہيں ہے _

Tuesday, 19 June 2012 04:52

مكہ مكرمہ كے اعمال

تحریر: حضرت آيت اللہ العظمى سيد على خامنہ اى (دام ظلہ الوارف)

مكہ معظمہ ميں پانچ اعمال واجب ہيں طواف حج ( اسے طواف زيارت كہا جاتا ہے ) نماز طواف ،صفا و مروہ كے درميان سعى ، طواف النساء اور نماز طواف۔

مسئلہ 362_ عيد والے دن كے اعمال سے فارغ ہونے كے بعد جائز بلكہ مستحب ہے كہ حج كے باقى اعمال ، دو طواف انكى نمازيں اور سعى كو انجام دينے كيلئے اسى دن مكہ معظمہ كى طرف لوٹ جائے اور اسے ايام تشريق كے آخر تك بلكہ ماہ ذى الحج كے آخر تك مؤخر كرنا بھى جائز ہے _

مسئلہ 363_ طواف ، نماز طواف اور سعى كى كيفيت وہى ہے جو عمرہ كے طواف اسكى نماز اور سعى كى ہے بغير كسى فرق كے مگر نيت ميں پس يہاں پر ان كے ذريعے حج كو انجام دينے كى نيت كريگا _

مسئلہ 364_ اختيارى صورت ميںمذكورہ اعمال كو وقوف بالعرفات، وقوف بالمشعر اور منى كے اعمال پر مقدم كرنا جائز نہيں ہے ہاں بعض گروہوں كيلئے انكا مقدم كرنا جائز ہے _

اول: خواتين جب انہيں مكہ معظمہ كى طرف لوٹنے كے بعد حيض يا نفاس آنے كا خوف ہو اور پاك ہونے تك ٹھہرنے پر بھى قادر نہ ہوں _

دوم : وہ مرد اورعورتيں جو مكہ پلٹنے كے بعد بھيڑ كى كثرت كى وجہ سے طواف كرنے سے عاجز ہوں يا وہ جو مكہ لوٹنے سے ہى عاجز ہيں_

سوم: وہ بيمار لوگ كہ جو مكہ معظمہ لوٹنے كے بعد بھيڑ كى شدت يا بھيڑ كے خوف سے طواف كرنے سے عاجز ہوں _

مسئلہ 365_ اگر مذكورہ تين گروہوں ميں سے كوئي شخص دو طواف ،انكى نماز اور سعى كو مقدم كر دے پھر عذر بر طرف ہو جائے تو اس پر واجب نہيں ہے كہ ان كا اعادہ كرے اگرچہ اعادہ كرنا احوط ہے _

مسئلہ 366_ جو شخص كسى عذر كى وجہ سے مكہ كے اعمال كو مقدم كرے جيسے مذكورہ تين گروہ تو اس كيلئے خوشبو اور عورتيں حلال نہيں ہوں گى بلكہ اس كيلئے سب محرمات تقصير يا حلق كے بعد حلال ہوں گے _

مسئلہ 367_ طواف النساء اور اسكى نماز دونوں واجب ہيں ليكن ركن نہيں ہيں پس اگر انہيں جان بوجھ كر ترك كردے تو حج باطل نہيں ہو گا ليكن اس كيلئے عورتيں حلال نہيں ہوں گى _

مسئلہ 368_ طواف النساء مردوں كے ساتھ مختص نہيں ہے بلكہ خواتين اور غير خواتين پر بھى واجب ہے پس اگر اسے مرد ترك كر دے تو اسكے لئے عورتيں حلال نہيں ہوں گى اور اگر عورت ترك كردے تواس كيلئے مر د حلال نہيں ہوں گے _

مسئلہ 369_ اختيارى صورت ميں سعى كو طواف حج اور اسكى نماز پر مقدم كرنا جائز نہيں ہے اور نہ طواف النساء كوان دونوں پر اور نہ سعى پر پس اگر ترتيب كى مخالفت كرے تو اعادہ كرے _

مسئلہ 370_ اگر بھول كر طواف النساء كو ترك كر دے اور اپنے شہر ميں پلٹ آئے تو اگر بغير مشقت كے لوٹ سكتا ہو تو يہ واجب ہے ورنہ نائب بنائے اوراس كيلئے عورتيں حلال نہيں ہوں گى مگر خود اس كے يا اس كے نائب كے طواف بجا لانے كے ساتھ اوراگر اسے جان بوجھ كر ترك كرے توبھى يہى حكم ہے _

مسئلہ 371_ احرام حج كے ساتھ وہ سب چيزيں حرام ہو جاتى ہيں جو عمرہ كے احرام كے محرمات ميں گزر چكى ہيں اور پھر بالتدريج اور تين مرحلوں ميں حلال ہوں گى _

اول: حلق يا تقصير كے بعد ہر چيز حلال ہو جاتى ہے سوائے عورتوں اور خوشبو كے حتى كہ شكار بھى حلال ہو جاتا ہے اگرچہ يہ حرم ميں ہونے كى وجہ سے حرام ہوتا ہے

دوم: سعى كے بعد خوشبو حلال ہوجاتى ہے _

سوم: طواف النساء اور اسكى نماز كے بعد عورتيں حلال ہوجاتى ہيں _

تحریر: حضرت آيت اللہ العظمى سيد على خامنہ اى (دام ظلہ الوارف(

يہ حج كے واجبات ميں سے تيسرا ہے اور اس سے مراد غروب كے وقت عرفات سے مشعر الحرام كى طرف كوچ كرنے كے بعد اس مشہور جگہ ميں ٹھہرنا ہے_

مسئلہ 334_ وقوف بالمشعر عبادت ہے كہ جس ميں انہيں شرائط كے ساتھ نيت معتبر ہے جو احرام كى نيت ميں ذكر ہوچكى ہيں_

مسئلہ 335_ واجب وقوف كا وقت دس ذى الحج كو طلوع فجر سے طلوع آفتاب تك ہے اور احوط يہ ہے كہ عرفات سے كوچ كرنے كے بعد رات كو وہاں پہنچ كر وقوف كى نيت كے ساتھ وہاں وقوف كرے _

مسئلہ 336_ مشعر ميں طلوع فجر سے ليكر طلوع آفتاب تك باقى رہنا واجب ہے ليكن ركن اتنى مقدار ہے جسے وقوف كہا جائے اگرچہ يہ ايك يا دو منٹ ہو _اگر اتنى مقدار وقوف كرے اور باقى كو جان بوجھ كر ترك كردے تو اس كا حج صحيح ہے اگرچہ فعل احرام كا مرتكب ہوا ہے ليكن اگر اپنے اختيار كے ساتھ اتنى مقدار وقوف كو بھى ترك كردے تو اس كا حج باطل ہے _

مسئلہ 337_ عورتوں ، بچوں، بوڑھوں ،كمزوروں اور صاحبان عذر_ جيسے خوف يا بيماري_ كيلئے اتنى مقدار وقوف كرنے كے بعد كہ جس پر وقوف صدق كرتا ہے عيد كى رات مشعر سے منى كى طرف كوچ كرنا جائز ہے اسى طرح وہ لوگ جو ان كے ہمراہ كوچ كرتے ہيں اور انكى احوال پرسى كرتے ہيں جيسے خدام اور تيمار دارى كرنے والے _

تنبيہ : وقوفين ميں سے ايك يا دونوں كو درك كرنے كے اعتبار سے اور اختياراً يا اضطراراً جان بوجھ كر، لاعلمى سے يا بھول كر فرداً يا تركيباً بہت سارى تقسيمات ہيں كہ جو مفصل كتابوں ميں مذكور ہيں_

Tuesday, 19 June 2012 04:46

قربانى كرنا

تحریر: حضرت آيت اللہ العظمى سيد على خامنہ اى (دام ظلہ الوارف)

يہ حج كے واجبات ميں سے پانچواں اورمنى كے اعمال ميں سے دوسرا عمل ہے

مسئلہ 343_ حج تمتع كرنے والے پر قربانى كرنا واجب ہے اور قربانى تين جانوروں ميں سے ايك ہوگى اونٹ ، گائے اور بھيڑ بكرى اور ان جانوروں ميں مذكر اور مونث كے درميان فرق نہيں ہے اور اونٹ افضل ہے اور مذكورہ جانوروں كے علاوہ ديگر حيوانات كافى نہيں ہيں_

مسئلہ 344_ قربانى ايك عبادت ہے كہ جس ميں ان تمام شرائط كے ساتھ نيت شرط ہے كہ جو احرام كى نيت ميں گزر چكى ہيں_

مسئلہ 345_ قربانى ميں چند چيزيں شرط ہيں :

اول: سن: اونٹ ميں معتبر ہے كہ وہ چھٹے سال ميں داخل ہو اور گائے ميں معتبر ہے كہ وہ تيسرے سال ميں داخل ہو احوط وجوبى كى بنا پر_ اور بكرى گائے كى طرح ہے ليكن بھيڑ ميں معتبر ہے كہ وہ دوسرے سال ميں داخل ہو احوط وجوبى كى بنا پر _مذكورہ حد بندى چھوٹا ہونے كى جہت سے ہے پس اس سے كمتر كافى نہيں ہے ليكن بڑا ہونے كى جہت سے تو مذكورہ حيوانات ميں سے بڑى عمر والا بھى كافى ہے _

دوم : صحيح و سالم ہونا

سوم: يہ كہ بہت دبلا نہ ہو

چہارم: يہ كہ اسكے اعضا پورے ہوں پس ناقص كافى نہيں ہے جيسے خصى اور يہ وہ ہے كہ جسكے بيضے نكال ديئےجائيں ہاں جسكے بيضے كوٹ ديئے جائيں وہ كافى ہے مگر يہ كہ خصى كى حد كو پہنچ جائے _ اور دم كٹا ، كانا ، لنگڑا ، كان كٹا اور جس كا اندر كا سينگ ٹوٹا ہوا ہو وہ كافى نہيں ہے _ اسى طرح اگر پيدائشى طور پر ايسا ہو تو بھى كافى نہيں ہے پس وہ حيوان كافى نہيں ہے كہ جس ميں ايسا عضو نہ ہو جو اس صنف كے جانوروں ميں عام طور پر ہوتا ہے اس طرح كے اسے اس ميں نقص شمار كيا جائے _

ہاں جس كا باہر كا سينگ ٹوٹا ہوا ہو وہ كافى ہے ( باہر كا سينگ اندر والے سينگ كے غلاف كے طور پر ہوتا ہے ) اور جسكا كان پھٹا ہوا ہو يا اسكے كان ميں سوراخ ہو اس ميں كوئي حرج نہيں ہے _

مسئلہ 346_ اگر ايك جانور كو صحيح و سالم سمجھتے ہوئے ذبح كرے پھر اس كے مريض يا ناقص ہونے كا انكشاف ہو تو قدرت كى صورت ميں دوسرى قربانى كو ذبح كرنا واجب ہے _

مسئلہ 347_ احوط يہ ہے كہ قربانى جمرہ عقبہ كو كنكرياں مارنے سے مؤخر ہو _

مسئلہ 348_ احوط وجوبى يہ ہے كہ اپنے اختيار كے ساتھ قربانى كو روز عيد سے مؤخر نہ كرے پس اگر جان بوجھ كر ، بھول كر يا لاعلمى كى وجہ سے كسى عذر كى خاطر يا بغير عذر كے مؤخر كرے تو احوط وجوبى يہ ہے كہ اگر ممكن ہو اسے ايام تشريق ميں ذبح كرے ورنہ ذى الحج كے ديگر دنوں ميں ذبح كرے اور اس ميں رات اور دن كے درميان فرق نہيں ہے ظاہر كى بنا پر _

مسئلہ 349_ ذبح كرنے كى جگہ منى ہے پس اگر منى ميں ذبح كرنا ممنوع ہو تو اس وقت ذبح كرنے كيلئے جو جگہ تيار كى گئي ہے اس ميں ذبح كرنا كافى ہے _

مسئلہ 350_ احوط وجوبى يہ ہے كہ ذبح كرنے والا مؤمن ہو ہاں اگر واجب كى نيت خود كرے اور نائب كو صرف رگيں كاٹنے كيلئے وكيل بنائے تو ايمان كى شرط كا نہ ہونا بعيد نہيں ہے _

مسئلہ 351_ شرط ہے كہ خود ذبح كرے يا اس كى طرف سے وكيل ذبح كرے ليكن اگر كوئي اور شخص اس كى طرف سے ذبح كرے بغير اس كے كہ اس نے پہلے سے اسے وكيل بنايا ہو تو يہ محل اشكال ہے پس احوط يہ ہے كہ يہ كافى نہيں ہے _

مسئلہ 352_ ذبح كرنے كے آلے ميں شرط ہے كہ وہ لوہے كا ہو اور سٹيل ( يہ فولاد ہوتا ہے كہ جسے ايك ايسے مادہ كے ساتھ ملايا جاتا ہے جسے زنگ نہيں لگتا ) لوہے كے حكم ميں ہے _

ليكن اگر شك ہو كہ يہ آلہ لوہے كا ہے يا نہيں تو جب تك معلوم نہ ہو كہ يہ لوہے كا ہے اسكے ساتھ ذبح كرنا كافى نہيں ہے _

Tuesday, 19 June 2012 04:43

عرفات ميں وقوف كرنا

تحریر: حضرت آيت اللہ العظمى سيد على خامنہ اى (دام ظلہ الوارف(

يہ حج كے واجبات ميں سے دوسرا واجب ہے اور عرفات ايك مشہور پہاڑ ہے كہ جس كى حد عرنہ ، ثويہ اور نمرہ كے وسط سے ليكر ذى المجاز تك اور ما زمين سے وقوف كى جگہ كے آخر تك اور خود يہ حدود اس سے خارج ہيں_

مسئلہ 328_ وقوف بالعرفات عبادت ہے كہ جس ميں انہيں شرائط كے ساتھ نيت واجب ہے كہ جو احرام كى نيت ميں گزرچكى ہيں_

مسئلہ 329_ وقوف سے مراد اس جگہ ميں صرف حاضر ہونا ہے چاہے سوار ہو يا پيدل يا ٹھہرا ہوا_

مسئلہ 330_ احوط يہ ہے كہ نوذى الحج كے زوال سے غروب شرعى (نماز مغرب كا وقت) تك ٹھہرے اور بعيد نہيں ہے كہ اسے زوال كے اول سے اتنى مقدار مؤخر كرنا جائز ہو كہ جس ميں نماز ظہرين كو انكے مقدمات سميت اكٹھا ادا كيا جا سكے_

مسئلہ 331_ مذكورہ وقوف واجب ہے ليكن اس ميں سے ركن صرف وہ ہے جس پر وقوف كا نام صدق كرے اور يہ ايك ياد و منٹ كے ساتھ بھى ہو جاتا ہے اگر اس مقدار كو بھى اپنے اختيار كے ساتھ ترك كر دے تو حج باطل ہے اور اگر اتنى مقدار وقوف كرے اور باقى كو ترك كر دے يا وقوف كو عصر تك مؤخر كر دے تو اس كا حج صحيح ہے اگرچہ جان بوجھ ايسا كرنے كى صورت ميں گناہ گار ہے _

مسئلہ 332_ غروب سے پہلے عرفات سے كوچ كرنا حرام ہے پس اگر جان بوجھ كر كوچ كرے اور عرفات كى حدود سے باہر نكل جائے اور پلٹے بھى نہ تو گناہ گار ہے اور ايك اونٹ كا كفارہ دينا واجب ہے ليكن اس كا حج صحيح ہے اور اگر اونٹ كا كفارہ دينے سے عاجز ہو تو اٹھارہ روزے ركھے اور احوط يہ ہے كہ اونٹ كو عيد والے دن منى ميں ذبح كرے اگرچہ اسے منى ميں ذبح كرنے كا معين نہ ہونا بعيد نہيں ہے اور اگر غروب سے پہلے عرفات ميں پلٹ آئے تو كفارہ نہيں ہے _

مسئلہ 333_ اگر بھول كر يا حكم سے لاعلمى كى وجہ سے غروب سے پہلے عرفات سے كوچ كرے تو اگر وقت گزرنے سے پہلے متوجہ ہو جائے تو اس پر واجب ہے كہ پلٹے اور اگر نہ پلٹے تو گناہ گار ہے ليكن اس پر كفارہ نہيں ہے ليكن اگر وقت گزرجانے كے بعد متوجہ ہو تو اس پر كوئي شے نہيں ہے _

طواف:

تحریر: حضرت آيت اللہ العظمى سيد على خامنہ اى (دام ظلہ الوارف)

يہ عمرہ كا دوسرا واجب عمل ہے پس عمرہ كا احرام باندھ كر عمرہ كے باقى اعمال بجا لانے كيلئے مكہ معظمہ كى طرف جائے اور پہلا عمل جو انجام دے گا وہ خانہ كعبہ كے اردگرد سات چكر لگا كر اس كا طواف ہے _

طواف كے بارے ميں بحث ايك تو اسكى شرائط كے بارے ميں ہے اور دوسرى اسكے واجبات كے بارے ميں _

طواف كى شرائط

طواف ميں چند چيزيں شرط ہيں_

اول : نيت

دوم: حدث سے پاك ہونا

سوم : خبث سے پاك ہونا

چہارم : مردوں كيلئے ختنہ

پنجم: شرمگاہ كو چھپانا

ششم: موالات

پہلى شرط نيت

يعنى عمرہ يا حج كے طواف كو قربةً الى اللہ بجا لانے كا قصد كرے پس اس قصد كے بغير ۔ اگرچہ بعض چكروں ميں طواف كافى نہيں ہے_

مسئلہ 239_ نيت ميں قربت اور اللہ تعالى كيلئے اخلاص شرط ہے پس عمل كو بجا لائے گا اللہ تعالى كے حكم كى اطاعت كرنے كيلئے لذا اگر رياء كيلئے انجام دے تو نافرمانى كا مرتكب ہوگا اور اس كا عمل باطل ہے۔

مسئلہ 240۔ نيت ميں اس بات كى تعيين كرنا شرط ہے كہ يہ عمرہ مفردہ كا طواف ہے يا عمرہ تمتع كا ياحج كا ،پھر آيا حجة الاسلام كا طواف ہے يا حج استحبابى كا يا نذر والے حج كا ، اور اگر حج ميں نائب ہو تو اس كا بھى قصد كرے_

مسئلہ 241_ نيت كو بولنا يا اسے دل سے گزارنا واجب نہيں ہے بلكہ عمرہ كے طواف كو اللہ تعالى اور اسكے حكم كى اطاعت كرنے كيلئے بجا لانا كافى ہے اور طواف كى حالت ميں ذكر ، خشوع، حضور قلب اور اس سلسلے ميں وارد ہونے والى دعاؤں كو پڑھنے كى تسلسل كے ساتھ پابندى كرنى چاہيے_

دوسرى شرط : حدث اكبر اور اصغر سے پاك ہونا

مسئلہ 242_ واجب طواف كى حالت ميں جنابت، حيض اور نفاس سے پاك ہونا واجب ہے اور طواف كيلئے وضو بھى واجب ہے_

وضاحت : واجب طواف وہ طواف ہے جو عمرہ اور حج كے اعمال كا جز ہوتا ہے اسى لئے مستحب حج و عمرہ ميں بھى طواف كو واجب شمار كيا جاتا ہے _

مسئلہ 243_ اگر حدث اكبر يا اصغر والا شخص طواف كرے تو اس كا طواف صحيح نہيں ہے اگرچہ وہ جاہل ہو يا اس نے بھول كر ايسا كيا ہو بلكہ اس پر طواف اور اس كى نماز كا تدارك كرنا واجب ہے حتى كہ اگر طہارت كے نہ ہونے كى طرف التفات عمرہ يا حج كے اعمال سے فارغ ہونے كے بعد ہو _

مسئلہ 244_ مستحب طواف ميں وضو شرط نہيں ہے ليكن احوط كى بنا پر جنابت، حيض يا نفاس كى حالت ميں طواف حكم وضعى كے اعتبار سے صحيح نہيں ہے اور اسكے ساتھ ساتھ حكم تكليفى كے اعتبار سے جنب، حيض يا نفاس كى حالت ميں مسجدالحرام ميں داخل ہونا حرام ہے _

وضاحت: طواف مستحب وہ طواف ہوتا ہے كہ جو عمرہ اور حج كے اعمال سے مستقل اور عليحدہ ہوتا ہے چاہے اپنى طرف سے طواف كرے يا كسى كى نيابت ميں اور يہ كام ان كاموں ميں سے ايك ہے جو مكہ ميں مستحب ہيں پس انسان كيلئے جس قدر طواف كرنا ممكن ہو اچھا ہے اور اجر و ثواب كا موجب ہے _

مسئلہ 245_ اگر محرم اپنے طواف كے دوران ميں حدث اصغر ميں مبتلا ہو جائے تو اسكى چند صورتيں ہيں

1_ يہ كہ حدث چوتھے چكر كے نصف تك پہنچنے سے پہلے عارض ہو (يعنى خانہ كعبہ كے تيسرے ركن كے بالمقابل پہنچنے سے پہلے) تو اس طواف كو منقطع كر دے اور طہارت كے بعد طواف كا اعادہ كرے۔

2_ يہ كہ حدث چوتھے چكر كے نصف كے بعد ليكن اسے مكمل كرنے سے پہلے عارض ہو تو طواف كو منقطع كرے اور طہارت كے بعد طواف كو وہيں سے جارى ركھے البتہ اگر اس سے موالات عرفى ميں خلل وارد نہ ہوتا ہو ورنہ تمام و اتمام كے قصد كے ساتھ اس كااعادہ كرے (يعنى اس نيت كے ساتھ سات چكر لگائے كہ اگر پچھلے چكر صحيح ہيں تو اس كے باقى چكر كى كمى ان ميں سے پورى ہوجائے گى اور اگر وہ باطل ہيں تو يہ سات چكر ايك نيا طواف ہے ) اور اس كيلئے يہ بھى جائز ہے كہ اسے بالكل كالعدم كر كے نئے سرے سے طواف كرے_

3_ يہ كہ حدث چوتھا چكر مكمل كرنے كے بعد عارض ہو تو طواف كو منقطع كر كے طہارت كرے اور پھر وہيں سے طواف كو جارى ركھے ليكن اگر اس سے موالات عرفيہ كو نقصان نہ پہنچا ہو ورنہ احوط يہ ہے كہ اسے مكمل كرے اور پھر اس كا اعادہ بھى كرے اور اس كيلئے جائز ہے كہ اس طواف كو بالكل ختم كر كے نئے سرے سے طواف بجا لائے جيسے كہ اس كيلئے جائز ہے كہ تمام و اتمام كے قصد كے ساتھ سات چكر بجا لائے_

مسئلہ 246_ اگر طواف كے دوران ميں حدث اكبر عارض ہوجائے تو اس پر واجب ہے كہ فوراً مسجد الحرام سے نكل جائے پھر اگر يہ چوتھے چكر كے نصف تك پہنچنے سے پہلے ہو تو طواف باطل ہے اور غسل كے بعد اس كا اعادہ كرنا واجب ہے اور اگر نصف تك پہنچنے كے بعد اور چوتھا چكر مكمل كرنے سے پہلے ہو تو اگر موالات عرفيہ ميں خلل وارد نہ ہوا ہو تو وہيں سے طواف كو جارى ركھے ورنہ احوط يہ ہے كہ اسے مكمل كرے اور پھر اعادہ بھى كرے اور اس كيلئے جائز ہے كہ تمام و اتمام كے قصد كے ساتھ پورا طواف بجا لائے جيسا كہ اسكے لئے يہ بھى جائز ہے كہ سابقہ چكروں كو بالكل كالعدم كركے غسل كے بعد نيا طواف بجا لائے اور اگر چوتھا چكر مكمل كرنے كے بعد عارض ہو تو اس كا حكم وہى ہے جو طواف كے دوران ميں چوتھا چكر مكمل كرنے كے بعد حدث اصغر كے عارض ہونے كا ہے جو كہ ابھى ابھى گزرا ہے _

مسئلہ 247_ جو شخص وضو يا غسل كے ترك كرنے ميں معذور ہو اس پر ان دونوں كے بدلے ميں تيمم كرنا واجب ہے_

مسئلہ 248_ اگر كسى عذر كى وجہ سے وضو يا غسل نہ كرسكتا ہو تو اگر اسے آخرى وقت تك اس عذر كے دور ہونے كا علم ہے جيسے كہ وہ مريض جو جانتا ہے كہ آخرى وقت تك شفا ياب ہوجائيگا تو اس پر واجب ہے كہ اپنا عذر دور ہونے تك صبر كرے پس وضو يا غسل كے ساتھ طواف بجالائے بلكہ اگر اسے اپنے عذر كے مرتفع ہونے كى اميد ہو تو بھى احوط وجوبى ہے كہ صبر كرے يہاں تك كہ وقت تنگ ہوجائے يا اپنے عذركے مرتفع ہونے سے مايوس ہوجائے اور اسكے بعد تيمم كركے طواف بجا لائے _

مسئلہ 249_ جس شخص كا فريضہ تيمم يا جبيرہ والا وضو ہے اگر حكم سے لاعلمى كى وجہ سے مذكورہ طہارت كے بغير طواف يا اسكى نماز كو بجا لائے تو اس پر واجب ہے كہ اگر ممكن ہو خود ان كا اعادہ كرے ورنہ نائب بنائے _

مسئلہ 250_ اگر عمرہ مفردہ كے احرام كے بعد عورت كو حيض آ جائے اور پاك ہونے كا انتظار نہ كر سكتى ہو تاكہ غسل كركے اسكے اعمال كو انجام دے تو اس پر واجب ہے كہ طواف اور نماز طواف كيلئے نائب بنائے ليكن سعى اور تقصير كو خود بجا لائے اور ان سب كے ساتھ احرام سے خارج ہو جائے اور يہى حكم ہے كہ ا گر حيض كى حالت ميں احرام باندھے ليكن اگر حيض كى حالت ميں عمرہ تمتع كا احرام باندھے يا عمرہ تمتع كا احرام باندھنے كے بعد اسے حيض آ جائے اور پاك ہونے كا انتظار نہ كر سكتى ہو تاكہ غسل كر كے عمرہ كا طواف اور اسكى نماز بجا لائے تو اس كا حكم اور ہے كہ جس كا ذكر گزرچكا ہے_

مسئلہ 251_ عمرہ كے اعمال ميں سے صرف طواف اور نماز طواف ميں حدث سے پاك ہونا واجب ہے ليكن عمرہ كے باقى اعمال ميں حدث سے طہارت شرط نہيں ہے اگرچہ افضل يہ ہے كہ انسان ہر حال ميں با طہارت ہو _

مسئلہ 252_ اگر طہارت ميں شك ہو تو اسكى ذمہ دارى درج ذيل ہے_

1_ اگر طواف كو شروع كرنے سے پہلے وضو ميں شك ہو تو وضو كرے_

2_ اگر اس پر غسل واجب ہو اور طواف كو شروع كرنے سے پہلے اسكے بجا لانے ميں شك كرے تو اس پر واجب ہے كہ غسل كو بجا لائے_

3_ اگر با وضو ہو اور شك كرے كہ اس كا وضو باطل ہوا ہے يا نہيں تو وضو واجب نہيں ہے _

4_ اگر با طہارت ہو اور شك كرے كہ جنب ہوا ہے يا نہيں يا عورت شك كرے كہ اسے حيض آيا ہے يا نہيں تو ان پر غسل واجب نہيں ہے _

5_ اگر طواف سے فارغ ہونے كے بعد طہارت ميں شك كرے تو اس كا طواف صحيح ہے ليكن اس پر واجب ہے كہ نماز طواف كيلئے طہارت حاصل كرے_

6_ اگر طہارت كى حالت ميں طواف كو شروع كرے اور اثناء ميں حدث كے طارى ہونے اور نہ ہونے ميں شك كرے جيسے كہ شك كرے كہ اس كا وضو باطل ہوا ہے يا نہيں تو اپنے شك كى پروا نہ كرے اور طہارت پر بنا ركھے_

7_ اگر طواف كے اثناء ميں شك كرے كہ اس نے وضو كى حالت ميں طواف كو شروع كيا تھا يا نہيں تو يہاں پر اسكى سابقہ حالت اگر وضو ہو تو اس پر بنا ركھے اور اپنے شك كى پروا نہ كرے اور اس كا طواف صحيح ہے ليكن اگر اسكى سابقہ حالت وضو نہ ہو يا اس ميں بھى شك كرے كہ سابق ميں وضو ركھتا تھا يا نہيں تو اس پر واجب ہے كہ وضو كركے نئے سرے سے طواف بجا لائے_

8_ اگر اس پر غسل واجب ہو اور طواف كے اثنا ميں شك كرے كہ غسل كو بجا لايا تھا يا نہيں تو اس پر واجب ہے كہ فوراً مسجد سے نكل جائے اور غسل كر كے نئے سرے سے طواف بجا لائے_

تيسرى شرط : بدن اور لباس كا خبث سے پاك ہونا

مسئلہ 253_واجب ہے كہ طواف كى حالت ميں بدن اور لباس خون سے پاك ہوں اور احوط وجوبى يہ ہے كہ يہ دونوں باقى نجاسات سے بھى پاك ہوں ہاں جوراب، رومال اور انگوٹھى كا پاك ہونا شرط نہيں ہے_

مسئلہ 254:درہم سے كم خون اور اسى طرح پھوڑے پھنسى كا خون جس طرح نماز كے بطلان كا سبب نہيں بنتا اسى طرح طواف كو بھى باطل نہيں كرتا_

مسئلہ 255_ اگر بدن نجس ہو اور طواف كو مؤخر كرنا ممكن ہو يہاں تك كہ اسے نجاست سے پاك كرلے تو طواف كو مؤخر كرنا واجب ہے جب تك اس كا وقت تنگ نہ ہوجائے _

مسئلہ 256_ اگر بدن يا لباس كى طہارت ميں شك كرے تو اس كيلئے انہيں كے ساتھ طواف كرنا جائز ہے اور اس كا طواف صحيح ہے ليكن اگر جانتا ہو كہ پہلے نجس تھا اور شك كرے كہ اس نے اسے پاك كيا ہے يا نہيں تو اس كيلئے اس كے ساتھ طواف كرنا جائز نہيں ہے _

مسئلہ 257_ اگر طواف سے فارغ ہونے كے بعد اپنے بدن يا لباس كى نجاست كى طرف متوجہ ہو تو اس كا طواف صحيح ہے _

مسئلہ 258_ اگر طواف كے دوران ميں اس كا بدن يا لباس نجس ہوجائے جيسے كہ لوگوں كى بھيڑ كے نتيجے ميں اس كا پاؤں زخمى ہوجائے اور طواف كو منقطع كئے بغير اسے پاك بھى نہ كرسكتا ہو تو اس پر واجب ہے كہ طواف كو منقطع كر كے اپنے بدن يا لباس كو پاك كرے پھر فوراً پلٹ آئے اور جہاں سے طواف كو چھوڑا تھا وہيں سے اسے جارى ركھے اور يہ صحيح ہے _

مسئلہ 259_ اگر طواف كے دوران ميں اپنے بدن يا لباس ميں نجاست ديكھے اور نہ جانتا ہو كہ كيا يہ نجاست طواف كو شروع كرنے سے پہلے تھى يا طواف كے دوران ميں عارض ہوئي ہے تو سابقہ مسئلہ كا حكم يہاں بھى لاگو ہوگا_

مسئلہ 260_ اگر طواف كے دوران ميں اپنے بدن يا لباس كى نجاست كى طرف متوجہ ہو اور اسے يقين ہو كہ يہ نجاست طواف كو شروع كرنے سے پہلے تھى تو اس كا حكم سابقہ مسئلہ والا ہے_

مسئلہ 261_ اگر اپنے بدن يا لباس كى نجاست كو بھول كر اسى حالت ميں طواف كر لے اور طواف كے دوران ميں اسے ياد آئے تو اس كا حكم گذشتہ تين مسائل والا ہے _

مسئہ 262_ اگر اپنے بدن يا لباس كى نجاست كو بھول كر اسى حالت ميں طواف كرلے اور طواف سے فارغ ہونے كے بعد ياد آئے تو طواف صحيح ہے ليكن اگر نماز طواف كو نجس بدن يا لباس كے ساتھ بجا لائے تو اس پر واجب ہے كہ طہارت كے بعد اسے نئے سرے سے پڑھے_ اور اس مسئلہ ميں احوط يہ ہے كہ طہارت كے بعد طواف كا بھى نئے سرے سے اعادہ كرے_

چوتھى شرط : ختنہ

يہ صرف مرد كے طواف كى صحت ميں شرط ہے نہ عورت كے _ پس ختنہ نہ كئے ہوئے شخص كا طواف باطل ہے چاہے وہ بالغ ہو يا نہ _

پانچويں شرط: شرم گاہ كو چھپانا

مسئلہ 263_ احوط وجوبى كى بنا پر طواف كى صحت ميں شرمگاہ كو چھپانا شرط ہے_

مسئلہ 264_ اگر طواف كے دوران ميں عورت اپنے سر كے تمام بالوں كو نہ چھپائے يا اپنے بدن كے بعض حصوں كو ظاہر كرے تو اس كا طواف صحيح ہے اگرچہ اس نے حرام كام كيا ہے _

چھٹى شرط: طواف كى حالت ميں لباس كاغصبى نہ ہونا

مسئلہ 265_ طواف كى صحت ميں شرط ہے كہ لباس غصبى نہ ہو پس اگر غصبى لباس ميں طواف بجا لائے تو احوط وجوبى كى بنا پر اس كا طواف باطل ہے_

ساتويں شرط : موالات

مسئلہ 266_ احوط وجوبى كى بنا پر طواف كے اجزا كے درميان موالات عرفيہ شرط ہے يعنى طواف كے چكروں كے درميان اتنا فاصلہ نہ كرے كہ جس سے ايك طواف بر قرار نہ رہے _ اور وہ صورت اس مستثنے ہے كہ جب نصف طواف يعنى ساڑھے تين چكروں سے گزرنے كے بعد نماز وغيرہ كيلئے طواف كو منقطع كرے_

مسئلہ 267_ جو شخص نماز فريضہ كى خاطر اپنے واجب طواف كو منقطع كرے تو اگر نصف كے بعد منقطع كرے توجہاں سے اسے منقطع كيا تھا وہيں سے مكمل كرے اور اگر اس سے پہلے منقطع كيا ہو تو اگر زيادہ فاصلہ ہوجائے تو احوط يہ ہے كہ طواف كا اعادہ كرے ورنہ اس احتياط كا واجب نہ ہونا بعيد نہيں ہے اگرچہ ہر حالت ميں احتياط اچھی ہے اور اس ميں فرق نہيں ہے كہ نماز فرادى ہو يا جماعت كے ساتھ اور نہ اس ميں كہ وقت تنگ ہو يا وسيع _

مسئلہ 268_ مستحب بلكہ واجب طواف كو بھى منقطع كرنا جائز ہے اگرچہ احوط يہ ہے كہ واجب طواف كو اس طرح منقطع نہ كرے كہ جس سے موالات عرفيہ فوت ہوجائے _

طواف كے واجبات

طواف ميں سات چيزيں شرط ہيں :

اول: حجر اسود سے شروع كرنا يعنى اسكے بالمقابل جگہ سے شروع كرے _يہ شرط نہيں ہے كہ طواف حجر اسود كے شروع سے ہو كہ اپنے پورے بدن كے ساتھ جحر اسود كے سب اجزا كے سامنے سے گزرے بلكہ عرفاً ابتدا صدق كرنا كافى ہے اسى لئے حجر اسود كے كسى بھى نقطہ سے آغاز كرنا صحيح ہے ہاں واجب ہے كہ اسى جگہ پر ختم كرے جہاں سے شروع كرے پس اگر درميان سے شروع كرے تو وہيں پر ختم كرے _

دوم: ہر چكر كو حجر اسود پر ختم كرنا

مسئلہ 269_ واجب نہيں ہے كہ ہر چكر ميں ٹھہر كر دوبارہ شروع كرے بلكہ كافى ہے كہ بغير ٹھہرے اس طرح سات چكر لگائے كہ ساتويں چكر كو اس جگہ ختم كرے جہاں سے پہلا چكر شروع كيا تھا ہاں احتياطاً كچھ مقدار زيادہ كرنے سے كوئي مانع نہيں ہے تا كہ يقين ہوجائے كہ اس نے اسى نقطے پر ختم كيا ہے جہاں سے آغاز كيا تھا پس زائد كو احتياط كى نيت سے بجالائے_

مسئلہ 270_ واجب ہے كہ طواف اسى طرح كرے جيسے سب مسلمان كرتے ہيں پس حجر اسود كے بالمقابل سے آغاز كرے اور اسى پر ختم كر دے_ وسوسہ كرنے والوں كى دقت كے بغير اور ہر چكر ميں حجر اسود كے مقابل ميں ٹھہرنا واجب نہيں ہے_

سوم: طواف بائيں جانب ہوگا اس طرح كے طواف كے دوران خانہ كعبہ حاجى كى بائيں طرف ہو اور اس سے مقصود طواف كى سمت كو معين كرنا ہے _

مسئلہ 271_ خانہ كعبہ كے بائيں جانب ہونے كا معيار صدق عرفى ہے نہ دقت عقلى پس حجر اسماعيل عليہ السلام اور چار اركان كے پاس پہنچتے وقت تھوڑاسا مڑنا طواف كى صحت كو نقصان نہيں پہنچاتا پس ان كے پاس پہنچتے وقت اپنے كندھے كو موڑنے كى ضرورت نہيں ہے _

مسئلہ 272_ اگر كچھ مقدار طواف رائج صورت سے ہٹ كر بجا لائے جيسے كہ طواف كے دوران ميں كعبہ كو چومنے كيلئے اسكى طرف رخ موڑ لے يا بھيڑ اس كا رخ يا پشت كعبہ كى طرف كر دے يا كعبہ كو اسكى دائيں جانب كر دے تو اس كا طواف صحيح نہيں ہے بلكہ اس مقدار كا تدارك كرنا واجب ہے _

چہارم: حجر اسماعيل عليہ السلام كو اپنے طواف كے اندر داخل كرنا اور اسكے باہر سے طواف كرنا _

مسئلہ 273_ اگر اپنا طواف حجر اسماعيل عليہ السلام كے اندر سے يا اسكى ديوار كے اوپر سے بجا لائے تو اس كا طواف باطل ہے اور اس كا اعادہ كرنا واجب ہے اور اگر كسى چكر ميں حجر كے اندر سے طواف كرے تو صرف وہى چكر باطل ہوگا _

مسئلہ 274_ اگر جان بوجھ كر حجر كے اندر سے طواف بجا لائے تو اس كا حكم جان بوجھ كر طواف كو ترك كرنے والا حكم ہے اور اگر بھول كر ايسا كرے تو اس كا حكم بھول كر طواف كو ترك كر نے والا حكم ہے اور ان دونوں كا بيان آ جائے گا _

پنجم : طواف كے دوران ميں خانہ كعبہ اور اسكى ديوار كى نچلى جانب كى بنياد جسے ""شاذروان"" كہا جاتا ہے،سے باہر رہنا_

مسئلہ 275_ حجر اسماعيل عليہ السلام كى ديوار پر ہاتھ ركھنے ميں كوئي حرج نہيں ہے جيسے كہ كعبہ كى ديوار پر ہاتھ ركھنا بھى ايسا ہى ہے _

ششم: مشہور قول كے مطابق شرط ہے كہ طواف خانہ كعبہ اور مقام ابراہيم عليہ السلام كے درميان ہو اور ديگر جوانب سے ان دو كے درميان كے فاصلے كى حدود ميں ہو ليكن اقوى يہ ہے كہ يہ شرط نہيں ہے پس اسے مسجدالحرام ميں اس مقدار سے پيچھے انجام دينا جائز ہے بالخصوص جب شديد بھيڑ مانع ہو ہاں اولى يہ ہے كہ اگر مانع نہ ہو تو طواف مذكورہ مطاف كے اندر ہو _

مسئلہ 276_ بعيد نہيں ہے كہ زمين اور كعبہ كى چھت كے بالمقابل والى فضا ميں طواف كافى ہو ليكن يہ احتياط كے خلاف ہے _

اگر صرف اوپر والى چھت( دوسرى منزل) ميں طواف كرنے پر قادر ہو تو احوط وجوبى يہ ہے كہ خود ""اوپر والى منزل"" پر طواف بجالائے اور كسى كونائب بنا دے جو اسكى طرف سے مسجدالحرام كے صحن ميں طواف بجا لائے _

ہفتم : طواف كے سات چكر ہيں _

طواف كے ترك كرنے، اس ميں كمى كرنے يا اس ميں شك كرنے كے بارے ميں چند مسائل_

مسئلہ 277_ طواف ايك ركن ہے كہ جسے اسكے فوت ہونے كے وقت تك جان بوجھ كر ترك كرنے سے عمرہ باطل ہو جاتا ہے اور اس ميں فرق نہيں ہے كہ اس حكم كو جانتا ہو يا نہ _

مسئلہ 278_ مكہ ميں داخل ہونے كے بعد فوراً طواف كرنا واجب نہيں ہے بلكہ اس وقت تك مؤخر كرسكتا ہے كہ جس سے عرفات كے اختيارى وقوف كا وقت تنگ نہ ہو ( عرفات ميں اختيارى وقوف نوذى الحج كى ظہر سے ليكر غروب تك ہوتا ہے ) اس طرح كہ اس كيلئے طواف اور اس پر مترتب ہونے والے اعمال كو انجام دينے كے بعد مذكورہ وقوف كو درك كرنا ممكن ہو _

مسئلہ 279_ اگر اپنے طواف كو باطل كردے _ جيسے كہ گذشتہ حالت ميں يا ديگر حالات ميں كہ جنہيں ہم بيان كريں گے _ تو احوط يہ ہے كہ عمرہ كو حج افراد ميں تبديل كردے اور اس كے بعد عمرہ مفردہ كو بجا لائے پھر اگر اس پر حج واجب تھا تو آئندہ سال عمرہ اور حج بجا لائے _

مسئلہ 280_ اگر بھول كر طواف كو ترك كردے اور طواف كا وقت گزرنے سے پہلے ياد آجائے تو طواف اور نماز طواف كو بجا لائے اور ان كے بعد سعى كا اعادہ كرے _

مسئلہ 281_ اگر بھول كر طواف كوترك كردے اور اس كا وقت گزرنے كے بعد ياد آئے تو جس وقت اس كيلئے ممكن ہو طواف اور نماز طواف كى قضا كرنا واجب ہے ليكن اگر اپنے وطن واپس پلٹنے كے بعد ياد آئے تو اگر اسكے لئے بغير مشقت اور حرج كے لوٹنا ممكن ہو تو ٹھيك ورنہ نائب بنائے اور طواف اور نماز طواف كى قضا كے بعد اس پر سعى كا اعادہ كرنا واجب نہيں ہے_

مسئلہ 282_ طواف كو ترك كرنے والے كيلئے وہ چيزيں حلال نہيں ہيں كہ جنكى حليت طواف پر موقوف ہے چاہے جان بوجھ كر ترك كرے يا بھول كر جبتك خود يا اپنے نائب كے ذريعے طواف كو بجا نہ لائے اور اسى طرح وہ شخص جو اپنے طواف كو بھول كر كم كردے_

مسئلہ 283_ جو شخص بيمارى يا شكستگى وغيرہ كى وجہ سے طواف كا وقت گزرنے سے پہلے خود طواف كرنے سے عاجز ہو حتى كہ كسى اور كى مدد سے بھى تو واجب ہے كہ اسے اٹھا كر طواف كرايا جائے البتہ اگر يہ ممكن ہو ورنہ اس پر واجب ہے كہ نائب بنائے _

مسئلہ 284_ اگر طواف اور انصراف يعنى مطاف سے خارج ہونے كے بعد چكروں كے كم يا زيادہ ہونے ميں شك كرے تو اپنے شك كى پروا نہ كرے اور صحت پر بنا ركھے _

نماز طواف :

يہ عمرہ كے واجبات ميں سے تيسرا واجب ہے_

مسئلہ 285_ طواف كے بعد دو ركعت نماز طواف واجب ہے اور اس ميں جہر و اخفات كے درميان اختيار ہے اور نيت ميں اسى طرح معين كرنا واجب ہے جيسے كہ طواف كى نيت ميں گزر چكا ہے اور اسى طرح قربت اور اخلاص_

مسئلہ 286_ واجب ہے كہ طواف اور نماز طواف كے درميان فاصلہ نہ كرے اور فاصلے كے صدق كرنے اور نہ كرنے كا معيار عرف ہے _

مسئلہ 287_ نماز طواف ، نماز صبح كى طرح ہے اور حمد كے بعد ہر سورت پڑھنا جائز ہے سوائے چار سور عزائم كے _اور مستحب ہے كہ پہلى ركعت ميں حمد كے بعد سورہ توحيد پڑھے اور دوسرى ركعت ميں حمد كے بعد سورہ جحد

(قل يا ايہا الكافرون) پڑھے_

مسئلہ 288_ واجب ہے كہ نماز مقام ابراہيم عليہ السلام كے پيچھے اور اس كے قريب ہو البتہ اس شرط كے ساتھ كہ اس ميں دوسروں كيلئے مزاحمت نہ ہو اور اگر اس پر قادر نہ ہو تو مسجدالحرام ميں مقام ابراہيم كے پيچھے نماز پڑھے اگرچہ اس سے دور ہو بلكہ بعيد نہيں ہے كہ مسجد الحرام كى كسى بھى جگہ ميں نماز بجا لانا كافى ہو _

مسئلہ 289_ اگر جان بوجھ كر نمازطواف كو ترك كرے تو اس كا حج باطل ہے ليكن اگر بھول كر ترك كرے تو اگر مكہ مكرمہ سے خارج ہونے سے پہلے ياد آ جائے اور نماز كو اسكى جگہ پر انجام دينے كيلئے وہاں جانا اس كيلئے شاق نہ ہو تو مسجد الحرام كى طرف پلٹے اور نماز كو اسكى جگہ پر انجام دے ليكن اگر مكہ مكرمہ سے خارج ہونے كے بعد ياد آئے تو جہاں ياد آئے وہيں پر نماز پڑھ لے_

مسئلہ 290_ سابقہ مسئلہ ميں جاہل قاصر يا مقصر كا حكم وہى ہے جو بھولنے والے كا ہے _

مسئلہ 291_اگر سعى كے اثناء ميں ياد آئے كہ اس نے نماز طواف نہيں پڑھى تو سعى كو منقطع كر كے نماز كى جگہ پر نماز بجا لائے پھر پلٹے اور جہاں سے سعى كو منقطع كيا تھا اسے وہيں سے جارى ركھے _

مسئلہ 292_ اگر مرد كى نماز طواف عورت كى نماز كے بالمقابل ہوتو اگر مرد عورت سے تھوڑى سى مقدار بھى آگے ہو تو ان دونوں كى نماز كى صحت ميں كوئي اشكال نہيں ہے اور اسى طرح ہے كہ ان كے درميان فاصلہ ہو اگرچہ ايك بالشت كا _

مسئلہ 293_ نماز طواف ميں جماعت كا مشروع ہونا معلوم نہيں ہے _

مسئلہ 294_ ہر مكلف پر واجب ہے كہ وہ صحيح نماز كو سيكھے تا كہ اپنى ذمہ دارى كو صحيح طرح سے انجام دے سكے بالخصوص جو شخص حج كرنا چاہتا ہے_

Tuesday, 19 June 2012 04:27

سعي

تحریر: حضرت آيت اللہ العظمى سيد على خامنہ اى (دام ظلہ الوارف)

يہ عمرہ كے واجبات ميں سے چوتھا واجب ہے _

مسئلہ 295_ طواف كى دو ركعتوں كے بعد صفا و مروہ كے درميان سعى واجب ہے سعى سے مراد ان كے درميان اس طرح چلنا ہے كہ صفا سے شروع كرے اور پہلا چكر مروہ پر ختم كردے پھر دوسرا چكر مروہ سے شروع كركے صفا پر ختم كرے اور اسى طرح سات چكر لگائے اور ساتواں چكر مروہ پر ختم كر دے اور مروہ سے شروع كر كے صفا پر ختم كرنا صحيح نہيں ہے _

مسئلہ 296_ سعى ميں نيت شرط ہے اور نيت ميں قربت،اخلاص اور تعيين سب معتبر ہے جو احرام كى نيت ميں گزرچكا ہے _

مسئلہ 297_ سعى ميں حدث اور خبث سے پاك ہونا شرط نہيں ہے_

مسئلہ 298_ سعى كو طواف اور نماز طواف كے بعد انجام ديا جاتا ہے پس اسے ان دو پر مقدم كرنا صحيح نہيں ہے _

مسئلہ 299_ سعى كو اپنے اختيار كے ساتھ طواف اور نماز طواف سے بعد والے دن تك مؤخر كرنا جائز نہيں ہے البتہ رات تك مؤخر كرنے سے كوئي مانع نہيں ہے

مسئلہ 300_ ہر چكر ميں صفا اور مروہ كے درميان پورى مسافت طے كرنا واجب ہے البتہ ان كے اوپر چڑھنا واجب نہيں ہے _

مسئلہ 301_ سعى كے دوران مروہ كى طرف جاتے ہوئے مروہ كى طرف رخ كرنا واجب ہے اور اسى طرح صفا كى طرف رخ كرنا پس اگر سعى كے دوران پشت كرے يعنى الٹا چلے تو اسكى سعى صحيح نہيں ہے ہاں اپنے چہرے كو دائيں ، بائيں يا پيچھے كى طرف موڑنا مضر نہيں ہے _

مسئلہ 302_ واجب ہے كہ سعى عام راستے ميں ہو _

مسئلہ 303_ اوپر والى منزل ميں سعى كرنا صحيح نہيں ہے جبتك يہ محرز نہ ہو جائے كہ يہ دو پہاڑوں كے درميان ہے نہ ان سے اوپر اور جو شخص صرف اوپر والى منزل ميں سعى كرنے پر قادر ہو تو يہ كافى نہيں ہے بلكہ ضرورى ہے كہ كسى كو نائب بنائے جو اسكى طرف سے پہلى منزل پر سعى بجا لائے _

مسئلہ 304_ سعى كے دوران استراحت كى خاطر صفا و مروہ كے اوپر يا ان كے درميان بيٹھنا اور ان پر سونا جائز ہے بلكہ يہ بغير عذر كے بھى جائز ہے _

مسئلہ 305_ قدرت ركھنے كى صورت ميں واجب ہے كہ خود سعى بجا لائے اور پيدل چلتے ہوئے اور سوار ہوكر سعى كرنا بھى جائز ہے اور پيدل چلنا افضل ہے _ پس اگر خود سعى كرنا ممكن نہ ہو تو كسى سے مدد لے جو اسے سعى كرائے يا اسے اٹھا كرسعى كرائي جائے اور اگر يہ بھى ممكن نہ ہو تو نائب بنائے _

سعى كے ترك كرنے اور اس ميں كمى بيشى كرنے كے بارے ميں چند مسائل

مسئلہ 306_ سعى طواف كى طرح ركن ہے اور اسے جان بوجھ كر يا بھول كر ترك كرنے كا حكم وہى ہے جو طواف كوترك كرنے كا ہے اور اس كا ذكر گزرچكا ہے _

مسئلہ 307_ جو شخص بھول كر سعى كو ترك كر كے اپنے عمرہ سے مُحل ہوجائے اوراپنى بيوى كے ساتھ جماع كر لے تو احوط وجوبى كى بنا پر سعى كے بجا لانے كے ساتھ ساتھ ايك گائے كا كفارہ دينا بھى واجب ہے _

مسئلہ 308_ اگر بھول كر سعى ميں ايك يا زيادہ چكر كا اضافہ كردے تو اسكى سعى صحيح ہے اور اس پر كوئي شے نہيں ہے اور حكم سے جاہل حكم كو بھولنے والے كى طرح ہے _

مسئلہ 309_ جو شخص سعى كى نيت سے اپنى سعى ميں سات چكروں كا اضافہ كردے_ اس طرح كہ وہ سمجھتا تھا آنا جانا ايك چكر ہے _ تو اس پر اعادہ واجب نہيں ہے اور اس كى سعى صحيح ہے اور يہى حكم ہے اگر سعى كے دوران اسكى طرف متوجہ ہوجائے تو جہاں سے ياد آئے زائد كو منقطع كردے _

مسئلہ 310 _ جو شخص بھول كر سعى ميں كمى كردے تو اس پر واجب ہے كہ جب ياد آئے اسے مكمل كرے پس اگر اپنے شہر پلٹنے كے بعد ياد آئے تو اس پر واجب ہے كہ سعى كو مكمل كرنے كيلئے دوبارہ وہاں جائے مگر يہ كہ اس كام ميں اس كيلئے مشقت اور حرج ہو تو كسى دوسرے كو نائب بنائے _

تحریر: حضرت آيت اللہ العظمى سيد على خامنہ اى (دام ظلہ الوارف(

حج و عمرہ كى اقسام

گزر چكا ہے كہ حج كى تين اقسام ہيں حج تمتع اور يہ اس شخص كا فريضہ ہے كہ جسكے اہل مكہ سے اڑتاليس ميل تقريبا نوے كيلوميٹر دور ہوں اور حج قران و افراد ،اور يہ دونوں اس شخص كا فريضہ ہيں جس كے اہل مكہ ميں ہوں يا مذكورہ مسافت سے كَم فاصلے پر ہوں_

حج تمتع ، قران و افراد سے اس بات ميں مختلف ہے كہ يہ ايك عبادت ہے جو عمرہ اور حج سے مركب ہے اور اس ميں عمرہ حج سے پہلے ہوتا ہے اور عمرہ اور حج كے درميان كچھ مدت كا فاصلہ ہوتا ہے كہ جس ميں انسان عمرہ كے احرام سے باہر آجاتا ہے اور جو كچھ مُحرم كيلئے حرام ہوتا ہے حج كا احرام باندھنے سے پہلے اس كيلئے حلال ہو جاتا ہے اس لئے اسے حج تمتع كا نام دينا مناسب ہے پس عمرہ حج تمتع كى ايك جز ہے اور اس كا نام عمرہ تمتع ہے اور حج دوسرا جز ہے اور ان دونوں كو ايك سال ميں انجام دينا ضرورى ہے ۔

جبكہ حج افراد اور قران ميں سے ہر ايك ايك عبادت ہے جو فقط حج سے عبارت ہے اور عمرہ ان دونوں سے ايك ، دوسرى مستقل عبادت ہے كہ جسے عمرہ مفردہ كہا جاتا ہے اسى لئے بعض اوقات عمرہ مفردہ ايك سال ميں انجام پاتا ہے اور حج افراد و قران دوسرے سال ميں اور عمرہ ، مفردہ ہو يا تمتع اس كے مشتركہ احكام ہيں كہ جنہيں ہم حج و عمرہ تمتع اور حج قران و افراد ،انكے عمرہ اور ان كے درميان فروق كو بيان كرنے سے پہلے ذكر كرتے ہيں ۔

چند مسائل:

مسئلہ 67_عمرہ ،حج كى طرح كبھى واجب ہوتا ہے اور كبھى مستحب ۔

مسئلہ 68_عمرہ بھى حج كى طرح اصل شريعت ميں اور عمر بھر ميں ايك دفعہ اس پر واجب ہوتا ہے كہ جس ميں حج والى استطاعت ہو اور يہ بھى حج كى طرح فوراً واجب ہوتا ہے _ اور اس كے وجوب ميں حج كى استطاعت شرط نہيں ہے بلكہ صرف عمرے كى استطاعت كافى ہے اگرچہ حج كيلئے استطاعت نہ بھى ہو جيسا كہ اس كا عكس بھى اسى طرح ہے پس جو شخص صرف حج كيلئے استطاعت ركھتا ہو اس پر حج واجب ہے نہ عمرہ يہ اس شخص كيلئے ہے كہ جس كے اہل مكہ ميں ہوں يا مكہ سے اڑتاليس ميل سے كم فاصلہ پر ہوں اور رہے وہ لوگ جو مكہ سے دور ہيں كہ جن كا فريضہ حج تمتع ہے توان ميں حج كى استطاعت سے ہٹ كر صرف عمرہ كى استطاعت متصور نہيں ہے اور اسى طرح اس كا عكس كيونكہ حج تمتع ان دونوں سے مركب ہے اور ان دونوں كا ايك ہى سال ميں اكٹھا واقع ہونا ضرورى ہے _

مسئلہ 69_ مكلف كيلئے مكہ مكرمہ ميں بغير احرام كے داخل ہونا جائز نہيں ہے پس جو شخص حج كے مہينوں كے علاوہ داخل ہونا چاہے اس پر عمرہ مفردہ كا احرام باندھنا واجب ہے اور اس حكم سے دو مورد مستثنى ہيں _

الف : جس كا كام ايسا ہو كہ اس كا مكہ ميں آنا جانا زيادہ ہے _

ب : جو شخص حج تمتع ياعمرہ مفردہ كے اعمال مكمل كرنے كے بعد مكہ سے خارج ہوجائے تو اس كيلئے سابقہ عمرہ كے اعمال بجا لانے سے ايك ماہ تك بغير احرام كے مكہ ميں دوبارہ داخل ہونا جائز ہے _

مسئلہ 70_ حج كى طرح عمرہ كو بھى مكرر كرنا مستحب ہے اور دو عمروں كے درميان كوئي معين فاصلہ كرنا شرط نہيں ہے اگرچہ احوط يہ ہے كہ اگر اپنے لئے دو عمرے بجالائے تو ان كے درميان ايك ماہ كا فاصلہ كرے اور اگر دو شخصوں كى طرف سے ہوں يا ايك اپنى طرف سے اور دوسرا كسى اور كى طرف سے ہو تو مذكورہ فاصلہ معتبر نہيں ہے بنابراين اگر دوسرا عمرہ نيابت كے ساتھ ہو تو نائب كيلئے اس پر اجرت لينا جائز ہے اور يہ منوب عنہ كے واجب عمرہ مفردہ سے كافى ہے اگر اس پر واجب ہو _

حج تمتع اور عمرہ تمتع كى صورت

حج تمتع دو كاموں سے مركب ہے ايك عمرہ اور يہ حج سے پہلے ہوتا ہے اور دوسرا حج اور ہر ايك كے مخصوص اعمال ہيں_

عمرہ تمتع كے اعمال مندرجہ ذيل ہيں _

1_ كسى ميقات سے احرام باندھنا

2_ طواف كعبہ

3_ نماز طواف

4_ صفا و مرہ كے درميان سعي

5_ تقصير

حج تمتع كے اعمال مندرجہ ذيل ہيں:

1_ مكہ مكرمہ سے احرام باندھنا

2_ نو ذى الحج كے ظہر سے غروب تك عرفات ميں وقوف كرنا

3 _ دس ذى الحج كى رات سورج كے طلوع ہونے تك مشعر الحرام ميں وقوف كرنا

4_ عيد والے دن (دس ذى الحج) جمرة عقبہ كو كنكرياں مارنا

5_ قرباني

6_ حلق يا تقصير

7_ گيارہويں كى رات منى ميں گزارنا

8_گيارہويں كے دن تينوں جمرات كو كنكرياں مارنا

9_ بارہ ذى الحج كى رات منى ميں گزارنا

10_ بارہويں كے دن تينوں جمرات كو كنكرياں مارنا

11_ طواف حج

12_ نماز طواف

13_ سعي

14_ طواف النسا

15_ نماز طواف

حج افراد اور عمرہ مفردہ

صورت كے لحاظ سے حج افراد حج تمتع سے مختلف نہيں ہے مگر يہ كہ قربانى حج تمتع ميں واجب ہے اور حج افراد ميں مستحب ہے _عمرہ مفردہ تو يہ عمرہ تمتع كى طرح ہے مگر بعض امور ميں كہ جنہيں ہم مندرجہ ذيل مسائل كے ضمن ميں بيان كرتے ہيں_

مسئلہ 71_ عمرہ تمتع ميں تقصير بھى ضرورى ہے جبكہ عمرہ مفردہ ميں تقصير اور حلق كے درميان اختيار ہے البتہ يہ مردوں كيلئے ہے ، ليكن عورتوں كيلئے ہر صورت ميں تقصير ہى ضرورى ہے _

مسئلہ 72_ عمرہ تمتع ميں طواف النساء اور اسكى نماز واجب نہيں ہيں اگرچہ احوط يہ ہے كہ طواف النساء اور اسكى نماز كو رجاء كى نيت سے انجام دے ليكن يہ دونوں عمرہ مفردہ ميں واجب ہيں _

مسئلہ 73_ عمرہ تمتع صرف حج كے مہينوں ميں واقع ہو سكتا ہے اور وہ ""شوال ، ذيقعد اور ذى الحج"" ہيں جبكہ عمرہ مفردہ تمام مہينوں ميں ہو سكتا ہے_

مسئلہ 74_ عمرہ تمتع ميں ضرورى ہے كہ احرام ان مواقيت ميں سے ايك سے باندھا جائے كہ جن كا ذكر آنے والا ہے ليكن عمرہ مفردہ كا ميقات ادنى الحل ہے اس كيلئے جو مكہ كے اندر ہے اگرچہ اس كيلئے ان مواقيت ميں سے ايك سے احرام باندھنا بھى جائز ہے ليكن جو شخص مكہ سے باہر ہے اور عمرہ مفردہ بجا لانا چاہتا ہے وہ انہيں مواقيت ميں سے ايك سے احرام باندھے گا_

حج قران

صورت كے لحاظ سے حج قران حج افراد كى طرح ہے مگر حج قران ميں واجب ہے كہ احرام كے وقت قربانى اپنے ہمراہ ركھے پس اس لئے اس پر اپنى قربانى كو ذبح كرنا واجب ہے۔ جيسے كہ حج قران ميں احرام تلبيہ كے ساتھ بھى ہو جاتا ہے اور اشعار يا تقليد كے ساتھ بھى جبكہ حج افراد ميں احرام فقط تلبيہ كے ساتھ ہو سكتا ہے ۔

حج تمتع كے عمومى احكام :

حج تمتع ميں چند چيزيں شرط ہيں:

پہلى شرط : نيت اور وہ يہ ہے كہ عمرہ كے احرام كے شروع سے ہى حج تمتع كا قصد كرے ورنہ صحيح نہيں ہے _

دوسرى شرط : يہ كہ حج اور عمرہ دونوں حج كے مہينوں ميں ہوں

تيسرى شرط : يہ كہ حج اور عمرہ دونوں ايك سال ميں ہوں

چوتھى شرط : يہ كہ عمرہ اور حج دونوں كو ايك شخص اور ايك شخص كى طرف سے انجام دے پس اگر ايك ميت كى طرف سے حج تمتع كيلئے دو شخصوں كو اجير بنايا جائے ايك كو حج كيلئے اور دوسرے كو عمرے كيلئے تو يہ ميت كيلئے كافى نہيں ہے_

مسئلہ 75_ جس شخص كا فريضہ حج تمتع ہے اس كيلئے اختيا ر ى صورت ميں افراد يا قران كى طرف عدول كرنا جائز نہيں ہے ۔

مسئلہ 76_ جس شخص كا فريضہ حج تمتع ہے اور اسے علم ہے كہ وقت اتنا تنگ ہے كہ عمرہ كو مكمل كركے حج كو درك نہيں كر سكتا چاہے عمرے ميں داخل ہونے سے پہلے يہ علم ركھتا ہو يا اسكے بعد اسے اس كا علم ہو تو اس پر واجب ہے كہ حج تمتع سے حج افراد كى طرف عدول كرے اور اعمال حج كو مكمل كرنے كے بعد عمرہ مفردہ بجا لائے ۔

مسئلہ 77_ جو عورت حج تمتع بجالانا چاہتى ہے اگر ميقات سے احرام باندھتے وقت حيض كى حالت ميں ہو تو اگر اسے يہ احتمال ہو كہ وہ ايسے وقت ميں پاك ہو جائيگى كہ جس ميں غسل ، طواف ، نماز طواف ، سعى اور تقصير پھر حج كيلئے احرام اور عرفہ والے دن كو زوال سے درك كرنے كى وسعت موجود ہو تو عمرہ تمتع كا احرام باندھے پس اگر ايسے وقت ميں پاك ہو جائے جو عمرہ كو مكمل كرنے اور حج كو درك كرنے كى وسعت ركھتا ہو تو ٹھيك ورنہ اپنے عمرہ كو حج افراد كى طرف پلٹا لے اور اسكے بعد عمرہ مفردہ بجا لائے اور يہى اس كيلئے حج تمتع سے كافى ہے ليكن اگر ميقات سے احرام باندھتے وقت پاك ہو پھر راستے ميں يا مكہ ميں داخل ہونے كے بعد عمرہ كو بجا لانے سے پہلے اسے حيض آ جائے اور ايسے وقت ميں پاك نہ ہو كہ جس ميں عمرہ كو مكمل كركے حج كو درك كرسكے تو اسے اختيار ہے كہ اپنے عمرہ كو حج افراد كى طرف پلٹا دے اور اسكے بعد عمرہ مفردہ بجا لائے اور يہى اس كيلئے حج تمتع سے كافى ہے يا يہ كہ منى سے پلٹنے تك طواف اور نماز طواف كو بجا نہ لائے اور سعى و تقصير كو بجا لائے اور اسكے ذريعے عمرہ كے احرام سے خارج ہو جائے پھر حج تمتع كا احرام باندھ كر عرفہ اور مشعر كو درك كرے اور منى كے اعمال سے فارغ ہونے كے بعد اعمال حج كو مكمل كرنے كيلئے مكہ آئے اور طواف عمرہ اور اسكى نماز كى قضا كرے طواف حج ، اسكى نماز اور سعى كو انجام دينے سے پہلے يا اسكے بعد ۔ اور يہ اس كيلئے حج تمتع سے كافى ہے اوراس پر كوئي اور شے واجب نہيں ہے _

Tuesday, 19 June 2012 04:21

حج بیت اللہ

ولى امر مسلمين و مرجع تقليد حضرت آيت اللہ العظمى سيد على خامنہ اى (دام ظلہ الوارف)

مقدمہ:

شرعاً حج سے مراد خاص اعمال كا مجموعہ ہے اور يہ ان اركان ميں سے ايك ركن ہے كہ جن پر اسلام كى بنياد ركھى گئي ہے جيسا كہ امام محمد باقر (ع) سے روايت ہے : "" بنى الاسلام على خمس على الصلوة و الزكاة و الصوم و الحج و الولاية"" اسلام كى بنياد پانچ چيزوں پر ركھى گئي ہے نماز ، زكات ، روزہ ، حج اور ولايت پر _

حج چاہے واجب ہو چاہے مستحب بہت بڑى فضيلت اور كثير اجر ركھتا ہے اور اسكى فضيلت كے بارے ميں پيغمبر اكرم (ص) اور اہل بيت (عليہم السلام) سے كثير روايات وارد ہوئي ہيں چنانچہ امام صادق (ع) سے روايت ہے:

""الحاج والمعتمر وفد اللہ ان سا لوہ اعطاہم وان دعوہ اجابہم و ان شفعوا شفعہم و ان سكتوا ابتدا ہم و يعوضون بالدرہم الف الف درہم ""

حج اور عمرہ كرنے والے اللہ كا گروہ ہيں اگر اللہ سے سوال كريں تو انہيں عطا كرتا ہے اور اسے پكاريں تو انہيں جواب ديتا ہے، اگر شفاعت كريں تو انكى شفاعت كو قبول كرتا ہے اگرچھپ رہيں تو از خود اقدام كرتا ہے اور انہيں ايك درہم كے بدلے دس لاكھ درہم ديئے جاتے ہيں_

وجوب حج كے منكر اور تارك حج كا حكم

حج كا وجوب كتاب و سنت كے ساتھ ثابت ہے اور يہ ضروريات دين ميں سے ہے اور جس بندے ميں اسكى آئندہ بيان ہونے والى شرائط كامل ہوں اور اسے اسكے وجوب كا بھى علم ہو اس كا اسے انجام نہ دينا كبيرہ گناہ ہے_

اللہ تعالى اپنى محكم كتاب ميں فرماتا ہے:

"وللہ على الناس حج البيت من استطاع اليہ سبيلا و من كفر فان اللہ غنى عن العالمين"

اور لوگوں پر واجب ہے كہ محض خدا كيلئے خانہ كعبہ كا حج كريں جنہيں وہاں تك پہنچنے كى استطاعت (قدرت) ہو اور جس نے با وجود قدرت حج سے انكار كيا تو ( ياد ركھئے كہ ) خدا سارے جہان سے بے پروا ہے_

اور امام صادق سے روايت ہے :

جو شخص دنيا سے اس حال ميں چل بسے كہ اس نے حجةالاسلام انجام نہ ديا ہو جبكہ كوئي حاجت اس كيلئے مانع نہ ہو يا ايسى بيمارى ميں بھى مبتلا نہ ہو جسكے ساتھ حج كى طاقت نہ ركھتا ہو اور كوئي حاكم ركاوٹ نہ بنے تو وہ يہودى يا نصرانى ہو كر مرے_

حج كى اقسام :

جو حج مكلف انجام ديتا ہے يا تو اسے اپنى طرف سے انجام ديتا ہے يا كسى اور كى طرف سے ۔ اس دوسرے كو ""نيابتى حج "" كہتے ہيں اور پہلا يا واجب ہے يا مستحب اور واجب حج يا بذات خود شريعت ميں واجب ہوتا ہے تو اسے ""حجة الاسلام"" كہتے ہيں اور يا كسى اور سبب كى وجہ سے واجب ہوتا ہے جيسے نذر كرنے كى وجہ سے يا حج كو فاسد كردينے كى وجہ سے ۔

اور حجة الاسلام اورنيابتى حج ميں سے ہر ايك كى اپنى اپنى شرائط اور احكام ہيں كہ جنہيں ہم پہلے باب ميں دو فصلوں كے ضمن ميں ذكر كريں گے۔

نيز حج كى تين قسميں ہيں تمتع ، افراد ، قران

حج تمتع ان لوگوں كا فريضہ ہے كہ جن كا وطن مكہ مكرمہ سے اڑتاليس ميل تقريباً نوے كيلوميٹر دور ہے اور حج افراد اور قران ان لوگوں كا فريضہ ہے كہ جن كا وطن يا تو خود مكہ ہے يا مذكورہ مسافت سے كم فاصلے پر اور حج تمتع ، حج قران و افراد سے بعض اعمال و مناسك كے اعتبار سے مختلف ہے اور اسے ہم دوسرے باب ميں چند فصول كے ضمن ميں بيان كريں گے۔

تحریر: حضرت آيت اللہ العظمى سيد على خامنہ اى (دام ظلہ الوارف(

يہ حج كے واجبات ميں سے تيرہواں اور منى كے اعمال ميں سے پانچواں ہے اور تين جمرات كو كنكرياں مارنا كيفيت اور شرائط كے اعتبار سے عيد والے دن جمرہ عقبہ كو كنكرياں مارنے سے مختلف نہيں ہے_

مسئلہ 378_ جو راتيں منى ميں گزارنا واجب ہے ان كے دنوں ميں تين جمرات اولى ، وسطى اور عقبہ كو كنكرياں مارنا واجب ہے_

مسئلہ 379_ كنكرياں مارنے كا وقت طلوع آفتاب سے غروب آفتاب تك ہے پس اختيارى صورت ميں رات كے وقت كنكرياں مارنا جائز نہيں ہے اور اس سے وہ شخص مستثنى ہے جو عذر ركھتا ہے كہ اسے اپنے مال، عزت اور جان پر خوف ہے اور چرواہا اور اسى طرح كمزور لوگ جيسے عورتيں ، بوڑھے اور بچے كہ جنہيں اپنے آپ پر بھيڑ كى شدت كا خوف ہے تو ان سب كيلئے رات كے وقت كنكرياں مارنا جائز ہے _

مسئلہ 380_ جو شخص صرف دن كے وقت كنكرياں مارنے سے عذر ركھتا ہے نہ رات كے وقت تو اس كے لئے نائب بنانا جائز نہيں ہے بلكہ اس پر واجب ہے كہ رات كے وقت خود كنكرياں مارے، گذشتہ رات ميں يا آئندہ رات ميں ليكن جو شخص كنكرياں مارنے سے عذر ركھتا ہے حتى رات كے وقت بھى جيسے بيمار شخص تو اس كيلئے نائب بنانا جائز ہے ليكن احوط وجوبى يہ ہے كہ اگر آئندہ رات عذر برطرف ہوجائے تو خود كنكرياں مارے _

مسئلہ 381_ جو شخص خود كنكرياں مارنے سے عذر ركھتا ہے اگر اس كيلئے كسى كو نائب بنائے اور وہ نائب اس كام كو انجام دے دے ليكن اسكے بعد كنكرياں مارنے كا وقت گزرنے سے پہلے اس كا عذر مرتفع ہو جائے تو اگر نائب بناتے وقت اپنے عذر كے مرتفع ہونے سے مايوس تھا يہاں تك كہ نائب اس كا عمل انجام دے دے تو نائب كا عمل كافى ہے اور اس پر خود اس كا اعادہ كرنا واجب نہيں ہے ليكن وہ شخص كہ جو عذر كے مرتفع ہونے سے مايوس نہيں ہے اس كيلئے اگرچہ عذر كے طارى ہونے كے وقت نائب بنانا جائز ہے ليكن اگر بعد ميں اس كا عذر مرتفع ہوجائے تو اس پر واجب ہے كہ خود اس كا اعادہ كرے _

مسئلہ 382_ تين جمرات كو كنكرياں مارنا واجب ہے ليكن يہ ركن نہيں ہے _

مسئلہ 383_ كنكرياں مارنے ميں ترتيب واجب ہے اس طرح كہ پہلے جمرہ سے شروع كرے پھر درميان والے كو كنكرياں مارے اور پھر آخرى كو پس ہر جمرہ كو سات كنكرياں مارے اسى طريقے كے ساتھ جو گزر چكا ہے _

مسئلہ 384_ اگر تين جمرات كو كنكرياں مارنا بھول جائے اور منى سے كوچ كرجائے تو اگر ايام تشريق ميں ياد آجائے تو اس پر واجب ہے كہ منى ميں واپس آئے اور خود كنكرياں مارے البتہ اگر اس كيلئے يہ ممكن ہو ورنہ كسى دوسرے كو نائب بنائے ليكن اگر ايام تشريق كے بعد ياد آئے يا جان بوجھ كر كنكرياں مارنے والے عمل كو ايام تشريق كے بعد تك مؤخر كردے تو احوط وجوبى يہ ہے كہ واپس پلٹے اور خود كنكرياں مارے يا اس كا نائب كنكرياں مارے پھر آئندہ سال اسكى قضا كرے اگرچہ كسى كو نائب بنا كر _اور اگر تين جمرات كو كنكرياں مارنا بھول جائے يہاں تك كہ مكہ معظمہ سے خارج ہوجائے تو احوط وجوبى يہ ہے كہ آئندہ سال اسكى قضا كرے اگرچہ كسى كو نائب بنا كر _

مسئلہ 385_ جمرات كو چاروں اطراف سے كنكرياں مارنا جائز ہے اور شرط نہيں ہے كہ پہلے اور درميان والے ميں قبلہ رخ ہو اور آخرى ميں قبلہ كى طرف پشت كرے _