Super User

Super User

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای  نے امریکی بحریہ کے اہلکاروں کو گرفتار کرنے والے سپاہ کے جوانوں سے ملاقات میں ان کے اس اقدام کو صحیح، بروقت ، شجاعت اور ایمان پر مبنی قراردیا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی سے آج سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ان جوانوں نے ملاقات کی جنھوں نے ایرانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے پر امریکی بحریہ کے اہلکاروں کو گرفتار کرلیا تھا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایرانی بحریہ کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا:  آپ کا اقدام بہت شاندار،  بروقت اور  قابل قدرتھا در حقیقت اس کام کو الہی کام تصور کرنا چاہیے کہ امریکی ہماری سمندری حدود میں آئیں اور ہمارے سپاہی بر وقت کارروائی کرکے انھیں  ایسے حال میں گرفتار کرلیں  کہ  وہ اپنے ہاتھوں کو سر پر رکھ کر بیٹھ جائیں ۔ ایرانی سپاہ کی یہ کامیابی بڑي اہم کامیابی ہے جس پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔
سپاہ پاسداران کے جوانوں نے اس مختصر ملاقات کے بعد نماز ظہر و عصر رہبر انقلاب اسلامی کی امامت میں ادا کی۔

چین کے صدر جمہوریہ شی جین پینگ نے تہران میں رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں  رہبرانقلاب اسلامی نے ایران اور چین کی قدیم تاریخ و تمدن اور دونوں ملکوں کے عوام کے دیرینہ تجارتی اور ثقافتی تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ایران کی حکومت اور عوام ہمیشہ چین جیسے قابل اعتماد اور خود مختار ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے خواہشمند رہے ہیں اور اب بھی ہیں -آپ نے فرمایا کہ اسی لئے پچیس سالہ اسٹریٹیجک تعلقات سے متعلق ایران اور چین کے صدور کا اتفاق رائے پوری طرح صحیح اور دانشمندانہ فیصلہ ہے- رہبرانقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں شاہراہ ریشم کو بحال اور اس راستے میں واقع ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر مبنی چینی صدر کے بیان کو مکمل طور پر ایک منطقی اور قابل قبول نظریہ قراردیا اور فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پابندیوں کے زمانے میں چین کے تعاون کو کبھی بھی فراموش نہیں کرے گا - رہبرانقلاب اسلامی نے انرجی کو دنیا کا ایک اہم ترین مسئلہ قرار دیا اور فرمایا کہ ایران علاقے کا وہ واحد خود مختار ملک ہے جس پر انرجی کے سلسلے میں اعتماد کیا جاسکتا ہے کیونکہ علاقے کے بعض ملکوں کے برخلاف انرجی سے متعلق ایران کی پالیسی کسی بھی بیرونی دباؤ سے متاثر نہیں ہوگی - رہبرانقلاب اسلامی نے بعض ملکوں خاص طور پر امریکا کی تسلط پسندانہ پالیسیوں اور دیگر ملکوں سے ان کے غیر مخلصانہ تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اسی صورتحال کی وجہ سے اب خود مختار ممالک آپس میں ہی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی کوشش کرتے ہیں اور ایران اور چین کے درمیان پچیس سالہ اسٹریٹیجک تعلقات کی برقراری پر اتفاق رائے بھی اسی تناظر میں ہے جس کو ہر حال میں عملی جامہ پہنانا چاہئے - رہبرانقلاب اسلامی نے ایران کے سلسلے میں مغربی ملکوں کی مخاصمانہ پالیسیوں کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ ایران کے بارے میں مغربی ملکوں میں سب سے زیادہ مخاصمانہ اور بری پالیسی امریکا کی ہے - آپ نے فرمایا کہ متحدہ چین کی حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی اور حتمی پالیسی ہے - انہوں نے ایران اور چین کے درمیان سیکورٹی تعاون کو فروغ دینے کے تعلق سے چینی صدر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ افسوس کہ مغربی ملکوں کی غلط پالیسیوں اور اسلام کے بارے میں غلط اور انحرافی نظریئے اور سوچ کی وجہ سے ہمارا علاقہ بدامنی کا شکارہوگیا ہے اور خطرہ اس بات کا پیدا ہوگیا ہے کہ بدامنی کا یہ دائرہ پھیل نہ جائے اس لئے اس کو روکنے کےلئے دانشمندانہ تعاون کی ضرورت ہے - رہبرانقلاب اسلامی نے علاقے کے بعض ملکوں کو اس انحرافی نظریئے کی جڑ قرار دیا اور فرمایا کہ مغرب والے بھی اس نظریئے کے اصل مراکز اور دہشت گرد گروہوں کا مقابلہ کرنے کے بجائے یورپ اور امریکا میں مسلمانوں پر حملے کرتے ہیں جبکہ ان دہشت گردگروہوں کا اسلام کے صحیح نظریئے سے دور کا کوئی واسطہ نہیں ہے - آپ نے دہشت گردی کے خلاف اتحاد تشکیل دینے کے امریکیوں کے دعوے کو ایک دھوکہ قراردیا اور فرمایاکہ تمام مسائل میں امریکیوں کا رویّہ ایسا ہی رہا ہے اور وہ کبھی بھی مخلص نہیں تھے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی طلبہ یونین کے نام ایک پیغام میں تمام ایرانی طلبہ اور نوجوانوں کو مسلسل جد و جہد کرنے اورعزم محکم پیدا کرنے کی تاکید کی ہے -

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای  نے اسلامی طلبہ یونین کے نام ایک پیغام میں تمام ایرانی طلبہ اور نوجوانوں کی مسلسل جد و جہد اور عزم محکم کو ایران اسلامی کے مقابلے میں دشمن کے محاذ کی سازشوں کو ناکام بنانے کا واحد راستہ قرار دیا ہے-

رہبر انقلاب اسلامی کا یہ پیغام یورپ میں زیر تعلیم ایرانی طلبہ کی اسلامی انجمنوں کی یونین کے پچاسویں سالانہ اجلاس میں پڑھ کر سنایا گیا- اس پیغام کو یورپ میں ایرانی طلبہ کے امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے خصوصی نمائندے حجت الاسلام والمسلمین جواد اژہ ای نے جمعے کو پڑہ کر سنایا-

آپ کے پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے-

بسم اللہ الرحمان الرحیم

پیارے نوجوانوں:

اس وقت آپ کی تنظیم کو پچاس سال ہو چکے ہیں ؛ یہ ایک ایسی بابرکت تنظیم ہے کہ جو نوجوانوں اور طالبعلموں کے اندر اسلامی ہدایت اور ان کے ایمان میں تازگی اور ذوق و شوق پیدا کرتی ہے جس کے نتیجے میں عالم و عاقل متقی و پرہیزگار اور صاحب بصیرت انسان پروان چڑھ سکتے ہیں-

آپ لوگ خود کو اور تنظیم کو اس اعلی اور نیک مقصد کے ساتھ ہماہنگ کیجئے-

آپ کے ملک اور قوم کو اپنا طویل راستہ طے کرنے کے لئے اس طرح کے انسانوں کی ضرورت ہے- آپ اور تمام نوجوانوں و طالب علموں کی مسلسل کوشش اور عزم محکم ان سازشوں کو ناکام بنانے کا واحد راستہ ہے جو دشمن کا محاذ سربلند ایران اسلامی کے خلاف طرح طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے تیار کر رہا ہے- امید سے لبریز اپنے قلوب اور مادی و معنوی طاقت سے بھرپور توانائی کو ہمیشہ تیار اور محفوظ رکھئے اور علیم و دانا خدا پر توکل کے ساتھ آگے بڑھئے -

خدا حافظ

سیدعلی خامنہ ای

رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ عوام کی شجاعت، بصیرت اور میدان میں اترنے کے سلسلے میں بروقت احساس ذمہ داری 9 جنوری کے قیام کے بنیادی عناصر تھے۔ آپ نے فرمایا کہ عوام کا وہ قیام امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی حمایت میں انجام پایا اور اس کے بعد رونما ہونے والے واقعات اسلامی انقلاب کی فتح پر منتج ہوئے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے 9 جنوری 1978 کو شہر قم کے تاریخ ساز عوامی قیام کی مناسبت سے ہونے والی اس ملاقات میں اہل قم کے اس تاریخی قدم کی ستائش کی اور اسلامی انقلاب کے دوام کے عوامل پر روشنی ڈالی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے شاہی حکومت کے خلاف علما اور مراجع تقلید کی قم کے عوام کی طرف سے حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے اہل قم کو اسلامی انقلاب کے ہراول دستے سے تعبیر کیا اور فرمایا کہ برسوں کی جدوجہد، امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے بیانوں اور علمائے دین اور مراجع کرام کے مقام و منزلت کی وجہ سے ظالمانہ شاہی حکومت کے خلاف عوامی جدوجہد کا سازگار ماحول فراہم ہو گیا تھا اور 9 جنوری کے قیام نے اس حیاتی تحریک کا آغاز کر دیا۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کہا کہ بیرونی طاقتوں کی پٹھو اور استکباری قوتوں کی حمایت یافتہ ڈکٹیٹر حکومت کی سرنگونی مادی اندازوں کے مطابق ناممکن اور محال تھی۔ آپ نے فرمایا کہ اس فتح سے ثابت ہوا کہ عالم خلقت میں ایسے الہی قوانین موجود ہیں جن کے ادراک سے مادی انسان قاصر ہے۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے زور دیکر کہا کہ موجودہ حالات میں اسلامی جمہوریہ ایران کا مقابلہ امریکا، صیہونی حکومت، استکبار کے آلہ کاروں، تکفیری عناصر اور داعش پر مشتمل دشمنوں کے بہت وسیع محاذ سے ہے، اب اگر سنت الہیہ کے تقاضوں یعنی استقامت، بصیرت اور بروقت اقدام کی بنیاد پر عمل کیا جائے تو ہم اسلامی انقلاب کی فتح کی طرح اس وسیع محاذ کو بھی جیت سکتے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اس کے بعد معاصر تاریخ میں رونما ہونے والے انتہائی اہم واقعات کے باوجود اسلامی انقلاب کے باقی رہنے کے علل و اسباب پر روشنی ڈالی۔ آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے دو اہم تغیرات تیل کی صنعت کے قومیائے جانے اور آئینی انقلاب کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ تیل کی صنعت کو قومیائے جانے کی تحریک میں عوام کا مطالبہ بہت کمترین مطالبہ تھا اور صرف تیل کی صنعت کو برطانیہ کے قبضے سے آزاد کئے جانے کی مانگ کی گئي تھی، اسی طرح آئینی انقلاب میں بھی کمترین سطح کے مطالبات تھے جن میں بادشاہ کی مطلق العنانیت کو محدود کئے جانے کی بات کی گئی تھی۔ آپ نے مزید فرمایا کہ یہ دونوں ہی تحریکیں، کمترین مطالبات اور میدان عمل میں عوام کی موجودگی کے باوجود شکست سے دوچار ہوئیں، لیکن اسلامی انقلاب اعلی ترین اہداف یعنی ہمہ جہتی خود مختاری اور استبدادی شاہی نظام کی سرنگونی کے مطالبے کے ساتھ فتحیاب ہوا اور اسے دوام بھی ملا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے زور دیکر کہا کہ اگر نوجوان ان حقائق کا صحیح تجزیہ کر سکیں تو عوام کے دلوں میں خوف و ہراس کے بیج بونے کی کوششیں بے نتیجہ ثابت ہوں گی اور ملک کے مستقبل کا صحیح راستہ بالکل واضح ہو جائے گا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں فرانس اور سوویت یونین کے انقلابوں کی سمت تبدیل ہو جانے اور انقلابات کے مٹ جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب واحد انقلاب ہے جو اپنے شروعاتی اصولوں اور اہداف کو محفوظ رکھتے ہوئے اپنا وجود قائم رکھنے میں کامیاب ہوا ہے۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے زور دیکر کہا کہ دنیائے استکبار کے تھنک ٹینکس کا سب سے بنیادی ہدف اسلامی انقلاب کے دوام کے عوامل کو ختم کرنا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ گزشتہ برسوں میں مسلط کردہ جنگ، اقتصادی ناکہ بندی اور حالیہ پابندیوں سمیت دشمن کے تمام تر اقدامات اسلامی انقلاب کے دوام پر وار کرنے کے لئے تھے اور ہر دور میں وہ نئی چالیں چل رہے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے زور دیکر کہا کہ سنہ 2009 میں امریکی اس کوشش میں لگ گئے تھے کہ بعص ملکوں میں اپنے کامیاب تجربات کو انتخابات کے بہانے ایران میں بھی دہرائیں، چنانچہ انھوں نے ان لوگوں کو جنھیں کامیابی کے لئے ضروری مقدار میں ووٹ نہیں ملے تھے بڑھا چڑھا کر پیش کیا اور ان کی مالی و سیاسی حمایت کرکے انتخابات کے نتائج تبدیل کرنے کی کوشش کی لیکن ایران میں عوام کے بھرپور تعاون کے نتیجے میں ان کا رنگین انقلاب شکست سے دوچار ہوا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے سنہ 2009 کے واقعات میں اسلامی نظام اور انقلاب کے مخالف عناصر کی امریکی صدر کی طرف سے حمایت کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ امریکی حکومت نے جہاں تک ممکن تھا ان واقعات کو ہوا دی لیکن عوام کے بر وقت اقدام کی وجہ سے ان کی ساری سازشیں ناکام ہو گئیں۔

آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکی اب کہتے ہیں کہ ایٹمی مذاکرات کے بعد کا دور ایران پر سختی کرنے کا دور ہے گویا وہ اس سے پہلے ایران پر سختی نہیں کر رہے تھے! نوجوان، عوام اور حکام پوری آگاہی، ہوشیاری، جذبہ امید و نشاط، استقامت اور اللہ کی ذات پر توکل کے ساتھ نیز ملکی توانائیوں کی مدد سے دشمنوں کا مقابلہ کرتے ہیں جو بے حد اہم ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں انتخابات کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ انتخابات کی ماہیت یہ ہے کہ اس سے عوام تازہ دم ہو جاتے ہیں اور انتخابات میں بھرپور شرکت کی شکل میں عوام کے اندر ذمہ داری کا احساس نمایاں طور پر نظر آتا ہے جو دشمن کو ناکام بنا دیتا ہے اور یہ انقلاب کی پائیداری کے اہم عناصر میں شامل ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں دو چیزیں بہت اہمیت رکھتی ہیں، ایک تو انتخابات میں بھرپور شرکت ہے اور دوسرے سب سے اچھی صلاحیت اور سب سے زیادہ لیاقت رکھنے والے امیدوار کو ووٹ دینا ہے۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے انتخابات میں تمام رائے دہندنگان کی شرکت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی ہمارا یہی اصرار ہے کہ سب کے سب حتی وہ لوگ بھی جو اسلامی نظام اور ولی فقیہ کو نہیں مانتے، ووٹنگ میں شرکت کریں، کیونکہ انتخابات کا تعلق پوری قوم، پورے ایران اور اسلامی جمہوری نظام سے ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ الیکشن میں پوری قوم کی شرکت اسلامی نظام کی پائیداری و تقویت میں اضافے، بھرپور تحفظ و سلامتی کے تسلسل، دنیا والوں کی نگاہ میں ملت ایران کے وقار و اعتبار میں اضافے اور دشمنوں پر اسلامی جمہوریہ ایران کا رعب طاری ہونے کا باعث ہے۔

آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے اپنے خطاب میں سب سے زیادہ اہلیت و لیاقت رکھنے والے امیدوار کو ووٹ دینے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ الگ الگ نظریات اور طرز فکر کا ہونا کوئی بری بات نہیں ہے، اہمیت اس بات کی ہے کہ ہماری کوشش اور توجہ بالکل صحیح اور صائب انتخاب پر مرکوز ہو۔ آپ نے مزید فرمایا کہ اس توجہ کے ساتھ ووٹ دیا گيا تو اگر بعد میں منتخب امیدوار اچھا ثابت نہ ہوا تب بھی سب سے بالیاقت امیدوار کو ووٹ دینے کے بارے میں رائے دہندہ کی محنت اور تحقیق اللہ تعالی کی رضامندی کا باعث بنے گی۔

داخلی اور بین الاقوامی سطح پر پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کی نہایت اہم پوزیشن کا حوالہ دیتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ مختلف اعتبار سے، خاص طور پر قوانین وضع کرنے اور حکومتوں کے آگے بڑھنے کے لئے راستہ اور پٹری تعمیر کرنے کے لحاظ سے، نیز قوم کی استقامت کی آئینہ دار ہونے کی حیثیت سے پارلیمنٹ کی اہمیت بے مثال ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس وقت عالمی مسائل کے بارے میں پارلیمنٹ کے موقف اور رخ کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ جو پارلیمنٹ ایٹمی مسئلے اور دیگر معاملات میں دشمنوں کے سامنے ثابت قدمی سے کھڑی ہو جائے اور شجاعت، آزادی اور خود مختاری کے ساتھ اپنا موقف بیان کرے وہ اس پارلیمنٹ سے بالکل ممتاز ہے جو مختلف مسائل میں صرف دشمن کے موقف کو دہراتی رہتی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے موقف اور اقدامات میں ہر رکن پارلیمنٹ کا کردار ہوتا ہے اور اسی لئے تمام صوبوں اور شہروں کے عوام کو چاہئے کہ اپنے نمائندوں کے انتخاب میں بھرپور توجہ دیں اور اپنے صحیح انتخاب کی بابت پہلے اطمینان حاصل کر لیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ البتہ تمام امیدواروں کو پوری طرح پہچاننا اور انکی شناخت حاصل کرنا واقعی دشوار کام ہے لیکن ان افراد کے ماضی کے ریکارڈ کی بنیاد پر جو انتخابی فہرست جاری کرتے ہیں صحیح فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ اگر فہرست جاری کرنے والے مومن، انقلابی اور امام خمینی کے طرز عمل کو حقیقی معنی میں ماننے والے ہوں تو پارلیمنٹ اور ماہرین کی کونسل کے امیدواروں کی ان کی فہرست پر اعتبار کیا جا سکتا ہے، لیکن اگر وہ انقلاب، دین اور خود مختاری کو کچھ خاص اہمیت نہیں دیتے اور ان کی نظر ہمیشہ امریکا اور اغیار کی باتوں پر لگی رہتی ہے تو ایسے افراد قابل اعتماد نہیں ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ 'مجلس خبرگان' (ماہرین کی کونسل) کے انتخابات بھی بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ بعض افراد غلط طور پر یہ تصور کرتے ہیں کہ ماہرین کی کونسل اس لئے ہے کہ پورے سال میں بس ایک دو سیشن منعقد کر لے، جبکہ اس کونسل کی تشکیل اس لئے کی گئی ہے کہ جب موجودہ 'رہبر انقلاب' بقید حیات نہ رہے تو یہ کونسل رہبر یعنی انقلاب کے پیش قدمی کے عمل کے ذمہ دار کا انتخاب کرے جو بیحد اہم مسئلہ ہے۔

ماہرین کی کونسل کے امیدواروں کے سلسلے میں بھرپور تحقیق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ماہرین کی کونسل اپنے ارکان کی نوعیت کی بنیاد پر ممکن ہے کہ ضرورت کے وقت ایسے شخص کو رہبر منتخب کرے جو اللہ کی ذات پر توکل کرتے ہوئے پوری شجاعت کے ساتھ دشمنوں کے سامنے ڈٹ جانے والا ہو اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے نقش قدم پر چلے، جبکہ اس بات کا بھی امکان ہے کہ اس سے مختلف اوصاف کے شخص کو رہبر منتخب کر لے، بنابریں پوری تحقیق، توجہ، شناخت اور اطمینان کی بنیاد پر ووٹ دینا چاہئے۔

رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں عوام کی شرکت اور خاص طور پر امیدواروں کے درمیان سے سب سے زیادہ لیاقت و اہلیت رکھنے والے امیدوار کا انتخاب دو اعلی اہداف کی تکمیل کا سبب ہے، ایک ہے انقلاب کی بقا اور دوسرے قوم کے اندر سکون و طمانیت کا ماحول۔

انقلاب کے دوام پر صحیح انتخاب کے اثرات کی تشریح کرتے ہوئے قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ انقلاب کے آغاز سے ہی ساتھ چھوڑنے اور نئے ساتھیوں کے جڑنے کا سلسلہ چلا آ رہا ہے، کچھ انقلابی افراد اس وجہ سے کہ انھیں شاید ذاتی طور پر کسی زیادتی کا سامنا کرنا پڑا انقلاب سے ناحق ہی برگشتہ ہو گئے، کچھ لوگوں نے ذاتی اور خاندانی مسائل کی وجہ سے کوئی اور راستہ چن لیا، لیکن سب سے اہم چیز یہ تھی کہ مختلف میدانوں منجملہ مومن، انقلابی، ماہر، تعلیم یافتہ اور حد درجہ کارآمد افرادی قوت کے اعتبار سے انقلاب کو ملنے والے نئے ساتھیوں کی تعداد ساتھ چھوڑنے والوں سے بہت زیادہ رہی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج بھی اگر عوام پارلیمنٹ اور ماہرین کی کونسل کے لئے سب سے زیادہ با لیاقت نمائںدوں کے انتخاب کی اپنی ذمہ داری پر بخوبی عمل کریں تو شجر انقلاب میں نئی سرسبز کونپلوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور انقلاب کے دوام کو ایک بار پھر ضمانت ملے گی۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فریضے پر عمل آوری کے نتیجے میں انقلاب کو دوام ملنے کے ساتھ ہی عوام الناس کے دل میں سکون و طمانیت پیدا ہونے کے نکتے سے بحث کرتے ہوئے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی بیعت کرنے والوں کے دلوں کو سکون و طمانیت ملنے سے متعلق آیات قرآن کا حوالہ دیا اور کہا کہ جو بھی آج انقلاب، امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور راہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی بیعت کرے اس نے گویا پیغمبر صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی بیعت کی ہے اور اللہ تعالی اس بیعت کے اجر کے طور پر عوام کے دلوں سے بے چینی، ناامیدی اور تشویش کو دور کرے گا اور اس کی جگہ سکون و طمانیت عطا فرمائے گا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ انقلاب کی پائیداری اور عوام کی پرسکون اور پرامید استقامت یقینی طور پر امریکا اور تمام دشمنوں کی سازشوں پر ملت ایران کی فتح کا باعث بنے گی۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایرانی عوام کی استقامت کے نتیجے میں حاصل ہونے والی ایٹمی کامیابیوں کی قدردانی کرتے ہوئے امریکا کی چال بازیوں کے مقابلے میں ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایٹمی کامیابیوں کے بارے میں صدر حسن روحانی کے خط کے جواب میں رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے جاری ہونے والے خط میں، ایرانی عوام کی استقامت کے نتیجے میں حاصل ہونے والی ایٹمی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کیا گیاہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خط میں، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، وزیر خارجہ اور ایٹمی مذاکرات کاروں کی کوششوں کو سراہا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خط میں اعلی حکام کو یاد دہانی کرائی ہے کہ صرف پابندیوں کا خاتمہ ہی ملک و ملت کی معاشی بہتری کے لیے کافی نہیں بلکہ ایران کی اقتصادی مشکلات کا حل استقامتی معیشت کے تحت انتھک محنت اور دانشمندانہ منصوبہ بندی پر منحصر ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایٹمی مذاکرات میں جو بھی کامیابی حاصل ہوئی ہے وہ سامراجی محاذ اور منہ زور طاقتوں کے مقابلے میں ایرانی عوام کی استقامت و پامردی کی بدولت حاصل ہوئی ہے اس لئے ہم سب کو چاہئے کہ اس واقعے کو اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام واقعات میں ایک بڑے درس کے طور پردیکھیں- آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نےفرمایا ہے کہ اس بات پر گہری نظر رکھی جائے کہ فریق مقابل اپنے وعدوں پر پوری طرح سے عمل کرے کیونکہ حالیہ چندروز کے دوران امریکی عہدیداروں کے بیانات بدگمانی پید ا کرنے کا باعث بنے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خط میں ایرانی حکام کی کامیابی کی امید کرتے ہوئے ایک بار پھر تاکید فرمائی ہے کہ ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے، سامراجی حکومتوں خاص طور سے امریکہ کی چال بازیوں اور وعدہ خلافیوں نیز دیگر مسائل سے ذرہ برابر غفلت نہ برتی جائے۔

حضرت امام حسن عسکری (ع) آٹھ ربیع الثانی 232 ہجری بروز جمعہ مدینہ میں پیدا ہوئے، آپ آسمان امامت و ولایت اور خاندان وحی و نبوت کے گیارہويں چشم و چراغ ہیں حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کا مقابلہ بھی اپنے اجداد طاہرین کی طرح اس وقت کے ظالم و جابر و غاصب وعیار و مکار عباسی خلفا سے تھا ۔ آپ کی مثال اس دور میں ایسی ہی تھی جس طرح ظلم و استبداد کی سیاہ آنداھیوں میں ایک روشن چراغ کی ہوتی ہے ۔

آپ مہتدیوں اور معتمدوں کی دروغگوئی ، فریب ، سرکشی کے دور میں گم گشتہ افراد کی ہدایت کرتے رہے ۔ آپ کی امامت کے دور میں عباسی خلفاء کے ظلم و استبداد کے محلوں کو گرانے کے بہت سے اہم اور تاریخی واقعات رونما ہوئے جو براہ راست امام (ع) کی ہدایات پر مبنی تھے ان میں سے مصر میں احمد بن طولون کی حکومت کا قیام ، بنی عباس کے ظلم و ستم کے خلاف حسن بن زید علوی کی درخشاں خونچکان تحریک اور آخر کار حسن بن زید کے ہاتھوں طبرستان کی فتح اور صاحب الزنج کا عظیم جشن اس دور کے اہم واقعات میں شامل ہے ۔ اس کے علاوہ مخفیانہ طور سے جو ارتباط امام علیہ السلام سے برقرار کئے جاتے تھے اس کی وجہ سے حکومت نے اس باب ہدایت کو بند کرنے کے لئے چند پروگرام بنائے ۔ پہلے تو امام کو عسکر چھاؤنی میں فوجیوں کی حراست میں دے دیا ۔ دوسرے مہتدی عباسی نے اپنے استبدادی اور ظالمانہ نظام حکومت پر نظر ثانی کی اور گھٹن کے ماحول کو بہ نسبت آزاد فضا میں تبدیل کیا اور نام نہاد ، مقدس مآب ، زرخرید ملّا عبدالعزیز اموی کی دیوان مظالم کے نام سے ریا کاری پر مبنی ایک ایسی عدالت تشکیل دی جہاں ھفتے میں ایک دن عوام آکر حکومت کے کارندوں کے ظلم و ستم کی شکایت کرتے تھے ۔ لیکن اس ظاہری اور نام نہاد عدالت کا درحقیقت مسلمانوں پر کوئی اثر نہ ہوا بلکہ روز بروز امام حسن عسکری علیہ السلام کی طرف مسلمانوں کا حلقہ وسیع سے وسیع تر ہوتا چلاگیا اور چاروں طرف سے حریت پسند مسلمانوں کی تحریک سے بنی عباس کی حکومت کی بنیادیں ہلنے لگیں اور عوام کی سیل آسا تحریک سے بنی عباس کی حکومت کے زوال کے خوف سے بنی عباس نے عوام میں اپنی مقبولیت پیدا کرنے کے لئے پروگرام بنایا کہ پہلے تو مال و دولت کو عوام کے درمیان تقسیم کیا جائے تا کہ لوگوں کی سرکشی کم ہو اور عوام کو خرید کر ایسا ماحول بنادیا جائے کہ جس امام حسن عسکری علیہ السلام کو شہید کرنے میں آسانی ہو ۔ تاریخ شاہد ہے کہ تمام دنیا کے جابر وظالم حکمرانوں کا یہ دستور رہاہے کہ جب بھی ان کے استبداد کے خلاف کسی نے آواز اٹھائی تو انہوں نے اس بات کی کوشش کی کہ جلد سے جلد اس آواز کو خاموش کردیں اگرچہ شاید ان کو یہ معلوم نہیں کہ آنے والی نسل میں ان کے لئے سوائے رسوائی مذمت کے کچھ نہیں ہوگا اور ان کے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کی دنیا نہ صرف یہ کہ حمایت کرے گی بلکہ ان بزرگون کو عظمت کی نگاہ سے دیکھی گی اور ان مظلوموں کی زندگی کے نقش قدم پر چل کر فخر کرے گی امام حسن عسکری (ع) نے بھی ہمیشہ اپنے اجداد کی طرح دین اسلام کی حفاظت اور پاسداری میں اپنی زندگی کے گرانقدر لمحات کو صرف کیا اور دین کی حمایت کرتے رہے اگرچہ دین کی حمایت اور عوام کی خدمت عباسی حکمرانوں کے لئے کبھی بھی خوش آئند نہیں رہی لیکن خداوند متعال نے اپنی آخری حجت اور دین اسلام کے ناصر حضرت امام مہدی (ع) کو امام حسن عسکری کے گھر میں بھیج کر واضح کردیا ہے کہ دین اسلام کے اصلی مالک و وارث اہلبیت رسول (‏ع) ہی ہیں

امام حسن عسکری(ع) اسی سلسلہ عصمت کی ایک کڑی تھے جس کا ہر حلقہ انسانی کمالات کے جواہر سے مرصع تھا , علم وحلم , عفو وکرم , سخاو ت وایثار سب ہی اوصاف بے مثال تھے۔ عبادت کا یہ عالم تھا کہ ا س زمانے میں بھی کہ جب آپ سخت قید میں تھے معتمد نے جس سے آپ کے متعلق دریافت کیا یہی معلوم ہوا کہ آپ دن بھر روزہ رکھتے ہیں اور رات بھر نمازیں پڑھتے ہیں اور سوائے ذکر الٰہی کے کسی سے کوئی کلام نہیں فرماتے , اگرچہ آپ کو آپنے گھر پر آزادی کے سانس لینے کا موقع بہت کم ملا۔ پھر بھی جتنے عرصہ تک قیام رہا اور دور دراز سے لوگ آپ کے فیض و عطا کے تذکرے سن کر اتے تھے اور بامراد وآپس جاتے تھے۔آپ کے اخلاق واوصاف کی عظمت کا عوام وخواص سب ہی کے دلوں پر سکہ قائم تھا۔ چنانچہ جب احمد بن عبداللہ بن خاقان کے سامنے جو خلیفہ عباسی کی طرف سے شہر قم کے اوقاف وصدقات کے شعبہ کا افسر اعلیٰ تھا سادات علوی کا تذکرہ آگیا تو وہ کہنے لگا کہ مجھے کوئی حسن علیہ السّلام عسکری سے زیادہ مرتبہ اور علم و ورع , زہدو عبادت ,وقار وہیبت , حیاوعفت , شرف وعزت اور قدرومنزلت میں ممتاز اور نمایاں نہں معلوم ہوا۔ اس وقت جب امام علی نقی علیہ السّلام کا انتقال ہوا اور لوگ تجہیز وتکفین میں مشغول تھے تو بعض گھر کے ملازمین نے اثاث اللبیت وغیرہ میں سے کچھ چیزیں غائب کردیں اور انھیںخبر تک نہ تھی کہ امام علیہ السّلام کو اس کی اطلاع ہوجائے گی۔ جب تجہیز اور تکفین وغیرہ سے فراغت ہوئی تو آپ نے ان نوکروں کو بلایا اور فرمایا کہ جو کچھ پوچھتا ہوں اگر تم مجھ سے سچ سچ بیان کرو گے تو میں تمھیں معاف کردوں گا اور سزا نہ دوں گا لیکن اگر غلط بیانی سے کام لیا تو پھر میں تمھارے پاس سے سب چیزیں بر آمد بھی کرالوں گا اور سزا بھی دوں گا۔ اس کے بعد آپ نے ہر ایک سے ان اشیا ء کے متعلق جو ان کے پا س تھیں دریافت کیا اور جب انھوں نے سچ بیان کر دیا تو ان تمام چیزوں کو ان سے واپس لے کر آپ نے ان کو کسی قسم کی سزا نہ دی اور معاف فرمادیا
علمی مرکزیت
باوجود یہ کہ آپ کی عمر بہت مختصر ہوئی یعنی صرف اٹھائیس بر س مگر اس محدود اور مشکلات سے بھری ہوئی زندگی میں بھی آپ کے علمی فیوض کے دریا نے بڑے بڑے بلند پایہ علماء کو سیراب ہونے کا موقع دیا نیز زمانے کے فلاسفہ کا جو دہریت اور الحاد کی تبلیغ کر رہے تھے مقابلہ فرمایا جس میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔ان میں ایک اسحٰق کندی کاواقعہ یہ ہے کہ یہ شخص قرآن مجید کی آیات کے باہمی تناقص کے متعلق ایک کتاب لکھ رہاتھا۔ یہ خبر امام حسن عسکری علیہ السّلام کو پہنچی اور آپ موقع کے منتظر ہو گئے۔اتفاق سے ایک روز ابو اسحٰق کے کچھ شاگرد آپ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ آپ نے فرمایا کہ تم میں کوئی اتنا سمجھدارآدمی نہیں جو اپنے استاد کندی کو اس فضول مشغلے سے روکے جو انھوں نے قرآن کے بارے میں شروع کر رکھا ہے , ان طلاّب نے کہا , حضور ! ہم تو ان کے شاگرد ہیں , ہم بھلا ان پر کیا اعتراض کرسکتے ہیں ؟ حضرت امام حسن عسکری علیہ السّلام نے فرمایا ! اتنا تو تم کرسکتے ہو جو کچھ باتیں میں تمھیں بتاؤں وہ تم ان کے سامنے پیش کردو , طلاب نے کہا !جی ہاں ہم اتنا کرسکتے ہیں۔ حضرت نے کچھ آیتیں قرآن کی جن کے متعلق باہمی اختلاف کا توّہم ہورہا تھا پیش فرما کر ان سے کہا کہ تم اپنے استاد سے اتنا پوچھو کہ کیا ان الفاظ کے بس یہی معنی ہیں جن کے لحاظ سے وہ تنا قص ثابت کررہے ہیں اور اگر کلام عرب کے شواہد سے دوسرے متعارف معنٰی نکل آئیں جن کے بنا پر الفاظ قرآن میں باہم کوئی اختلافات نہ رہے تو پھر انھیں کیا حق ہے کہ وہ اپنے ذہنی خود ساختہ معنی کو متکلم قرآنی کی طرف منسوب کرکے تناقص واختلاف کی عمارت کھڑی کریں , اس ذیل میں آپ نے کچھ شواہد کلامِ عرب کے بھی ان طلاّب کے ذہن نشین کرائے۔ ذہین طلاّ ب نے وہ پوری بحث اور شواہد کے حوالے محفوظ کرلیے اور اپنے استاد کے پاس جا کر ادھر اُدھر کی باتوں کے بعد یہ سوالات پیش کر دیئے۔ بہرحال وہ آدمی منصف مزاج تھا اس نے طلاّ ب کی زبانی وہ سب کچھ سنا اور کہا کہ یہ باتیں تمہاری قابلیت سے بالا تر ہیں۔ سچ سچ بتانا کہ یہ باتیں تمھیں کس نے بتائی ہیں پہلے تو ان طالب علموں نے چھپانا چاہا اور کہا کہ یہ چیزیں خود ہمارے ذہن میں آئی ہیں مگر جب اس نے سختی کے ساتھ انکار کیا کہ یہ ہو ہی نہیں سکتا تو انھوں نے بتایا کہ ہمیں ابو محمد, حسن عسکری علیہ السّلام نے یہ باتیں بتائی ہیں یہ سن کر اس نے کہا کہ سوائے اس گھرانے کے اور کہیں سے یہ معلومات حاصل ہی نہیں ہوسکتیں تھے۔پھر اس نے آگ منگوائی اور جو کچھ لکھا تھا ,نذر آتش کردیا ایسے کتنے ہی علمی اور دینی خدمات تھے جو خاموشی کے ساتھ حضرت (ع)انجام دےرہے تھے اور حکومت وقت جو اسلام کی پاسداری کی دعویدار تھی۔ اپنے عیش وطرب کے نشے میں مدہوش تھی یا پھر چونکتی تھی بھی تو ایسے مخلص حامی اسلام کو اپنی سلطنت کے لیے خطرہ محسوس کرکے ان پر کچھ پابندیاں نافذ کردیتی تھی , مگر اس کوهِ گراں کے صبرو استقال میں فرق نہ آیا۔

 

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ملت ایران کو مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کی مبارک باد پیش کی ہے۔

صدر مملکت نے گزشتہ رات ویانا میں مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع ہونے کا باقاعدہ اعلان کیے جانے کے چند منٹ بعد اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان نتیجے پر پہنچ گیا، میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں اور ایران کی صابر اور عظیم قوم کو اس عظیم کامیابی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

صدر مملکت نے اس پیغام میں گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ مشترکہ جامع ایکشن پلان تک پہنچنے کے لیے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی۔

واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے گزشتہ رات ایک مشترکہ بیان میں سولہ جنوری دو ہزار سولہ سے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع ہونے کا اعلان کیا۔ جس کے ساتھ ہی ایران پر عائد پابندیاں ختم ہو گئیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ایک بیان میں مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس کامیابی نے ظاہر کر دیا ہے کہ بہتر ہے بین الاقوامی تشویش کو سفارت کاری کے ذریعے صبر و شکیبائی کے ساتھ دور کیا جائے۔

نیویارک سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے یہ بیان آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو کی جانب سے ایران کے اپنے ایٹمی وعدوں پر عمل کی تائید کے بعد جاری کیا۔

بان کی مون نے اس بیان میں امید ظاہر کی کہ اس معاہدے کی کامیابی سے علاقے اور علاقے سے باہر کے امن و استحکام اور سلامتی کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون میں اضافہ ہو گا۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ قرارداد بائیس سو اکتیس سمیت سلامتی کونسل میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کی حمایت کرنے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب جرمنی کے وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے بھی ایک بیان میں ایران اور بڑی طاقتوں کے ایٹمی معاہدے کو ایک تاریخی سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج ہم حقیقی صورت میں تاریخی سفارتی کامیابی کے بارے میں بات کر سکتے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے ایک مشترکہ بیان میں ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔

ویانا سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اس مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے نمائندوں کے درمیان چھے ماہ قبل تاریخی معاہدہ طے پانے کے بعد دونوں فریقوں نے سنجیدہ کوشش کر کے آخرکار چھے جنوری دو ہزار سولہ کو مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے اسباب فراہم کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

اس مشرکہ بیان کے مطابق چونکہ ایران نے اپنے وعدوں پر عمل کیا ہے اس لیے سولہ جنوری بروز ہفتہ سے مشترکہ جامع ایکشن پلان کے تحت ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق چند فریقی مالی اور اقتصادی پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں اور یورپی یونین اور گروپ پانچ جمع ایک کے ممالک کہ جن میں چین فرانس جرمنی روس برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں، مشترکہ جامع ایکشن پلان کے تناظر میں ایٹمی توانائی کے شعبے میں ایران کے ساتھ تعاون کریں گے۔ اس بیان کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی دو ہزار پندرہ میں منظور ہونے والی قرارداد بائیس سو اکتیس، ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی کے ہمراہ ایران کی ایٹمی سرگرمیوں سے متعلق واحد قانونی مرجع ہو گی اور دو ہزار چھے سے لے کر دو ہزار پندرہ کے درمیان پاس ہونے والی قراردادیں 1696، 1737، 1747، 1803، 1835، 1929 اور 2224 کالعدم قرار پائیں گی۔

محمد جواد ظریف اور فیڈریکا موگرینی کی جانب سے مشترکہ بیان پڑھنے سے پہلے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے اپنی رپورٹ میں اس بات کی تائید کی کہ ایران نے عالمی طاقتوں کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے مطابق اپنی ایٹمی سرگرمیوں کے بارے میں تمام وعدوں پر عمل کیا ہے۔ انھوں نے ویانا میں کہا کہ میں نے آج اس بات کی تائید میں کہ ایران نے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات انجام دیے ہیں، جاری کر دی ہے اور یہ رپورٹ آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے حوالے کر دی گئی ہے۔

پاکستان کے سینیئر سیاستداں شیخ رشید نے کہا ہے کہ توانائی کا کوئی بھی منصوبہ ایران پاکستان گیس پا‏‏ئپ لائن کا اچھا متبادل نہیں بن سکتا۔

اسلام آباد میں فارس نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایل این جی اور ما‏ئع گیس کی درآمد سے ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا نہیں کیا جا سکتا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملک میں مائع گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس پر قابو پانے کے لئے ایران سے گیس درآمد کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ واشنگٹن اور ریاض کے خوف سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو ترک نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ تاحال سعودی عرب کی قیادت والے فوجی اتحاد میں پاکستان کے کردار کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ اگر مذکورہ اتحاد دیگر ملکوں کے خلاف ہو تو اس میں شرکت سے گریز کیا جائے۔