
سلیمانی
امیر عبداللہیان کی مشترکہ ایٹمی معاہدے میں امریکہ کی غیر تعمیری رفتار پر شدید تنقید
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے ضمن میں یورپی یونین کے اعلی اہلکارجوزپ بوریل سے ملاقات اور گفتگو کی ۔ اس گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ نے مشترکہ ایٹمی معاہدے میں امریکہ کی غیر تعمیری رفتار پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور تین یورپی ممالک کو مشترکہ ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں اپنے وعدوں پر عمل کرنا چاہیے اور یہ کام کوئي مشکل نہیں ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مختلف موضوعات کے علاوہ افغانستان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
امیر عبداللہیان نے کہا کہ ایران کی نئي حکومت مذاکرات کی حمایت کرتی ہے لیکن ایسے مذاکرات جو با مقصد ہوں اور جن میں ایرانی عوام کے حقوق محفوظ رہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مشترکہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکہ کی رفتار کو غیر تعمیری قراردیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور تین یورپی ممالک کو مشترکہ ایٹمی معاہدے میں کئے گئے اپنے وعدوں پر عمل کرنا چاہیے، ایران اپنے وعدوں پر عمل کرچکا ہے اور اب امریکہ اور تین یورپی ممالک کو اپنے وعدوں پر عمل کرنا چاہیے۔
اس ملاقات میں یورپی یونین کے اعلی اہلکارجوزپ بوریل نے مشترکہ ایٹمی معاہدے کو جامع معاہدہ قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ایران، گروپ 1+5 ، علاقائی اور عالمی برادری کے لئے اہم اور مفید ہے اور اس پر عمل ہونا چاہیے یورپی یونین نے مشترکہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ اور ٹرمپ کے خارج ہونے پر ہمیشہ تنقید کی ہے اور امریکہ کے اس اقدام کو غیر مفید قراردیا ہے۔
ایران کے دفاعی پروگرام میں جوہری ہتھیاروں کی کوئی جگہ نہیں
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائدار امن و صلح انصاف کے ذریعہ ہی ممکن ہے انبیاء علیھم السلام کی رسالت کا ہدف بھی یہی تھا کہ انسان حق و انصاف کے مطالبہ کے لئے قیام کریں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے امریکی کانگریس کی عمارت پر امریکی عوام کے حملے اور امریکی ہوائي جہاز سے افغانستان کے عوام کو نیچے پھینکنے کی تصاویر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کیپیٹل ہل سے لیکر کابل تک دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ امریکہ کا ملک کے اندر اور ملک سے باہر اعتبار ختم ہوگيا ہے۔
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے قوموں کی استقامت کو بڑی طاقتوں کی قدرت پر قوی قراردیتے ہوئے کہا کہ آج مغربی ممالک کے تشخص کا منصوبہ ناکام ہوگیا ہے۔ امریکہ نے گذشتہ چند دہائیوں سے اپنی روش بدلنے کے بجائے جنگ و خونریزی سے دنیا کو بدلنے کی کوشش کی، جو امریکہ کی سب سے بڑی غلطی تھی۔
صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ امریکہ نے اقتصادی پابندیوں کے ذریعہ دنیا ميں نئی جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا سلسلہ ایران کے ایٹمی پروگرام یا انقلاب اسلامی کی کامیابی سے وابستہ نہیں بلکہ امریکہ نے ایرانی قوم کے خلاف پابندیوں کا سلسلہ 1951 ء سے شروع کیا، جب ایران نے تیل کو قومی صنعت قراردیا۔ اور امریکہ و برطانیہ نے ایران کی قومی حکومت کے خلاف فوجی کودتا کی حمایت کی اور ایران کے اندر عوامی حکومت کو گرا دیا تھا۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے شام اور عراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور جمہوریت کے خلاف سازش قراردیتے ہوئے کہا امریکہ جمہوریت اور انسانی حقوق کا سب سے بڑا دشمن ہے، جس نے عراق، شام، افغانستان، لیبیا اور یمن میں لاکھوں انسانوں کا قتل عام کیا ہے۔
صدر سید ابراہیم رئیسی نے افغانستان میں جامع حکومت کی تشکیل پر زوردیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پائدار امن و صلح کے قیام کے لئے ایسی حکومت کی تشکیل ضروری ہے جو افغان عوام کے ارادوں پر مشتمل ہو۔
صدر ابراہیم رئیسی نے یمن میں انسانی المیہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے نہتے عوام کے خلاف مسلط کردہ جنگ سے کئی ملین یمنی متاثر ہوئے ہیں عالمی برادری کی خاموشی جارح طاقتوں کی حوصلہ افزائی کا موجب بنی ہے۔ عالمی اداروں نے یمن کے بارے میں اپنی ذمہ داریوں کو ادا نہیں کیا۔
صدر رئيسی نے غزہ کے محاصرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کا محاصرہ اور فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی بربریت اور جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور عالمی برادری کو اسرائیلی مظالم روکنے کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا چاہیے۔
صدر رئیسی نے کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام پر امن مقاصد کے لئے ہے جو بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کی نگرانی اور نظارت میں جاری ہے۔ ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے خلاف امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے تمام پروپیگنڈے ناکام ہوگئے اور ایران نے ثابت کردیا ہے کہ ایران کے دفاعی پروگرام میں ایٹمی ہتھیاروں کی کوئی جگہ نہیں اور ایٹمی ہتھیاروں کی حرمت کے بارے میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کا فتوی موجود ہے۔ امریکہ نے مشترکہ ایٹمی معاہدے سے خارج ہوکر تاریخ غلطی کا ارتکاب کیا۔ ایران ملکی اور قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ عالمی برادری اور دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ مذاکرات اور تعاون کے لئے آمادہ ہے۔ ایران ہمسایہ ممالک اور دیگر ممالک کے ساتھ ملکر دنیا میں پائدار امن و صلح کے سلسلے میں اپنا اہم نقش ایفا کرنے کے لئے تیار ہے۔
عزاداری امام حسینؑ ایک عظیم نعمت
جب ایک انسان کا دامن ایک نعمت سے خالی ہوتا ہے تو اُس سے اُس نعمت کاسوال بھی نہیں کیا جاتا لیکن جب انسان ایک نعمت سے بہرہ مند ہو تا ہے تو اُس سے اُس نعمت کے متعلق ضرور باز پُرس کی جائے گی۔
مجالس حسینی ایک عظیم نعمت
ہمارے پاس عظیم ترین نعمتوں میں سے ایک نعمت، مجالس عزا ، محرم اور کربلا کی نعمت ہے؛افسوس یہ ہے کہ ہمارے غیر شیعہ مسلمان بھائیوں نے اپنے آپ کو اِس نعمت عظمیٰ سے محروم کیا ہوا ہے، وہ اِس نعمت سے بہرہ مند ہوسکتے ہیں اور اِس کا امکان بھی موجود ہے۔
البتہ بعض غیر شیعہ مسلمان بھی دنیا کے گوشہ و کنار میں محرم کے ذکر اورواقعہ کربلا سے بہرہ منداور مستفید ہوتے ہیں۔آج جبکہ ہمارے درمیان محرم اور واقعہ کربلا کا تذکرہ اور امام حسین کی بے مثال قربانی کا ذکر موجود ہے تو اِیسے وقت میں اِن مجالس اور تذکرے سے کیا فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے اور اِس نعمت کا شکرانہ کیا ہے؟
عزاداری دلوں کو جلا بخشتی ہے
یہ عظیم نعمت، ہمارے قلوب کو ایمان و اسلام کے منبع سے متصل کرتی ہے اور ایسا کام انجام دیتی ہے کہ جو اُس نے تاریخ میں انجام دیا کہ جس کی وجہ سے ظالم و جابر حکمران واقعہ کربلا سے خوف میں مبتلا ہوگئے حتیٰ کہ امام حسینؑ کی قبر مبارک سے بھی خوف کھانے لگے۔
واقعہ کربلا اور شہدائے کربلا سے خوف و ہراس بنی امیہ کے زمانے سے شروع ہوا اور آج تک یہ سلسلہ جاری ہے۔آپ نے اِس کا ایک نمونہ خود ہمارے انقلاب میں اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، جب بھی محرم کا چاند طلوع ہوتا تھا تو کافر و فاسق پہلوی حکومت اپنے ہاتھوں کو بندھا ہوامحسوس کرتی اور ہماری کربلائی عوام کے مقابلے کیلئے خود کو عاجز پاتی تھی اور پہلوی حکومت کے اعلیٰ حکام محرم کے سامنے عاجز و درماندہ ہوجاتے تھے! اُس حکومت کی رپورٹوں میں اشاروں اور صراحت کے ساتھ معلوم ہوتا ہے کہ وہ محرم کی آمد سے بالکل چکرا جاتے تھے۔
باطل قوتوں کا کربلا سے خوف
واقعہ کربلا اور شہدائے کربلا سے خوف و ہراس بني اميہ کے زمانے سے شروع ہوا اور آج تک يہ سلسلہ جاری ہے، آپ نے اِس کا ايک نمونہ خود ہمارے انقلاب ميں اپني آنکھوں سے ديکھا ہے، جب بھي محرم کا چاند طلوع ہوتا تھا تو فاسق پہلوی حکومت ہماري کربلائی عوام کے مقابلے کيلئے خود کو عاجز پاتی تھی اور اعلیٰ حکام محرم کے سامنے عاجز و درماندہ ہوجاتے تھے! صراحت کے ساتھ معلوم ہوتا ہے کہ وہ محرم کی آمد سے بالکل چکرا جاتے تھے۔
حضرت امام خمینی ، اُس دین شناس، دنیا شناس اور انسان شناس حکیم و دانا نے سمجھ لیا تھا کہ امام حسین کے اہداف تک رسائی کیلئے اِس واقعہ سے کس طرح استفادہ کیا جاسکتا ہے اور اُنہوں نے اِس سے اچھی طرح استفادہ کیا۔
کتاب: امام حسین ع دلربائے قلوب، رہبر معظم سید علی خامنہ ای سے اقتباس
حقیقت ابدی ہے مقام شبیری(1)
حیات جاوید ہر ایک کی خواہش ہے۔ انسان اپنی ذات اور نظریئے کو جاویدان دیکھنے کا خواہش مند ہوتا ہے۔ وہ مکاتب اور مذاہب جو اخروی اور موت کے بعد کی زندگی کا عقیدہ نہیں رکھتے، وہ بھی اپنے آپ کو تاریخ میں زندہ رکھنے کے لئے مختلف اقدامات انجام دیتے ہیں۔ مغربی دنیا میں ایسے فلاحی امور جن کی وجہ سے مرنے والے کا نام آئندہ نسلوں تک باقئ رہے، کثیر تعداد میں ملتے ہیں۔ بڑی بڑی لائبریریاں، ہسپتال، یتیم خانے اور اس طرح کے دیگر فلاحی کام اس لئے انجام دیئے جاتے ہیں، تاکہ عطیات دینے والے کا نام مرنے کے بعد بھی باقی رہے۔ انگریری میں میموریل اور اردو میں یادگار کی اصطلاح اسی طرح کے فلاحی امور میں ملاحظہ کی جا سکتی ہیں۔ قصہ مختصر دنیا کا ہر انسان تاریخ میں زندہ رہنے کی خواہش رکھتا ہے، البتہ وہ زندگی کیا ہے، یہ ایک مفصل بحث ہے۔ اسلام نے زندہ و جاوید رہنے کے لئے اخروی زندگی پر ایمان کے ساتھ اور بھی شرائط کی طرف رہنمائی کی یے۔
یہ بھئ ایک زندہ حقیقت ہے کہ انسانی تاریخ مختلف قسم کے ان گنت واقعات سے بھری پڑی ہے، تاریخ کے پردے پر کتنے ہی تاریخ ساز واقعات و افراد نمودار ہوئے، لیکن گردش دوراں اور زمانے کے نشیب و فراز نے انہیں مٹا کر فراموشی کے سپرد کر دیا اور اگر کسی کا کردار کچھ زیادہ ہی موثر تھا بھی تو کچھ عرصے کے بعد سوائے کاغذ و قرطاس کے سینے کے، وہ کسی کو یاد نہ رہا۔ فقط اوراق تاریخ میں اس کا نام دیکنھے کو باقی رہا۔ لیکن ایسی ہستیاں اور شخصیات بہت کم ملتی ہیں، جن کو زماے گزرنے سے مزید شہرت ملی ہو اور گردش دوراں سے ان کی شخصیت کے قد اور اثر میں مزید اضافہ ہوتا چلا گیا ہو، ان کی عظمت میں روز بروز اضافہ ہونے لگا ہو اور ان کی شخصیت زمان اور مکان کی قید سے ماورا ہو کر امر بن گئی ہو۔ ہر قوم انہیں اپنا کہنے لگے، ان کو اپنا آئیڈیل ماننے لگے، ان کی مثالیں دینے لگے اور نئی نسل کو ان سے آشنا کرنے لگیں۔ ان تمام شخصیات میں سب سے نمایاں نام حسین ابن علی علیہ السلام کا نام اور واقعہ کربلا اس کی عملی مثال ہے۔
کہنے کو تو اس واقعہ کو چودہ صدیاں گزر چکیں ہیں، لیکن اگر ہم آج بھی اپنے گوش و کنار پر نظر ڈالیں اور لوگوں کی دلوں میں ان کی محبت کا متلاطم سمندر دیکھیں یا ان کو پیش کیا جانے والا خراج تحسین ملاحظہ کریں تو ایسا لگے گا کہ یہ واقعہ کل ہی پیش آیا ہے۔ اب ہمیں دیکھنا یہ ہے کہ اس واقعہ میں ایسا کیا کچھ ہے کہ یہ جاوید اور ماندگار بن گیا ہے، اس کی بقا کے کونسے راز ہیں۔؟ خلوص اور پاک نیتی واقعہ کربلا اور قیام امام حسین کا اہم عنصر ہے۔ خلوص، پاک نیتی اور تقرب الہیٰ کا جذبہ ایسی لازوال خصوصیت ہے، جو اسے کہنہ و قدیمی نہیں ہونے دیتی۔ آپ علیہ السلام نے فقط خدا کی رضا اور دین کو زندہ کرنے کیلئے قربانی دی۔ آپ کے قیام میں حکومتی عہدے یا دنیوی چیز کا کوئی لالچ نہ تھا۔ کربلا کی تاریخ کا ذرہ ذرہ اس کا گواہ ہے۔ امام حسین نے اپنی تحریک کی بنیاد خدائی ذمہ داری کو پورا کرنے پر رکھی اور پھر نتیجہ خدا پر چھوڑ دیا۔
انقلاب کربلا کی حقیقت کی عکاسی امام حسین کی سیرت، آنحضرت کی رفتار، گفتار، کلمات اور خطبات سے ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر جب امام حسین مکہ سے عراق کی طرف روانہ ہوئے تو لوگوں کو اپنی تحریک میں شامل ہونے کیلئے دعوت دیتے ہوے فرمایا: "جو بھی ہمارے لئے جان دے سکتا ہو اور اس نے اپنے آپ کو اللہ کی ملاقات کیلئے تیار کر لیا ہو، وہی ہمارے ساتھ چلے۔" کربلا کے قریب پہنچ کر فرمایا: "لعین ابن لعین نے مجھے تلوار اور ذلت کے درمیان لا کھڑا کیا ہے، لیکن میں تلواروں کا استقبال کروں گا، لیکن کبھی بھی ذلت کو اختیار نہیں کرونگا، کیونکہ ذلت ہم سے دور ہے۔" سید الشہدا کے شجاع اور بہادر جوان بیٹے نے جب کربلا کے راستے میں آپ کو انا للہ و انا الیہ راجعون پڑھتے ہوئے دیکھا تو استفسار کیا تو آپ نے اپنے فرزند کو بتایا کہ میں نے منادی کو ندا دیتے ہوئے سنا ہے کہ یہ قافلہ موت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ پھر جب امام نے بیٹے سے ان کی رائے اور خیال جاننا چاہا تو عرض کی: "اگر ہم حق پر ہیں تو موت کا کوئی ڈر نہیں ہے۔"
انہوں نے یہ کہہ کر اپنی حقانیت کا اعلان بھی کیا اور یہ بھی بتایا کہ ہمارا قیام فقط خدا کیلئے ہے، اگرچہ اس راستے میں شہید ہی کیوں نہ ہونا پڑے۔ امام حسین کی شیر دل خواہر جناب زینب جب اپنے بھائی کے لہولہاں جسد اطہر کے پاس آئیں تو اسے ہاتھوں پر بلند کرکے کہنی لگیں: "خدایا ہم اہلبیت رسول کی یہ قربانی اپنی بارگاہ میں قبول فرما۔" یہی عظیم الشان بی بی شام میں یزید سے مخاطب ہوتے ہوئے فرماتی ہیں: "اگرچہ گردش دوراں نے ہمیں تم سے بولنے پر مجبور کر دیا ہے، لیکن پھر بھی میں تمہیں حقیر اور خوار مانتی ہوں، جو کرنا ہے کر لو، لیکن تو کبھی بھی ہمارے نور کو ختم نہیں کرسکتا اور نہ ہی ہماری نشانیوں کو مٹا سکتا ہے۔" کلمہ گو مسلمانوں کے ہاتھوں حجت خدا کا قتل اس حادثہ کی جاودانگی اور ماندگاری کا دوسرا راز ہے، اس میں نہ فقط ایک مومن اور حق طلب انسان بلکہ ایک معصوم امام، اصحاب کساء میں سے پانچویں ہستی کو شہید کیا گیا ہے، دختر رسول اللہ کے فرزند کو کلمہ گو مسلمانوں نے انتہائی بے دردی سے شہید کر دیا۔
امام حسین ویسے ہی اس عظمت کے مالک تھے کہ زمانہ اسے بھلائے نہ بھلا سکتا تھا، لیکن آپ کی مظلومانہ شہادت نے آپ کو اور زیادہ نمایاں کر دیا، جسے تاریخ کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتی۔ اگرچہ ہر انسان کا خون محترم ہے اور اسے ناحق بہانا جرم ہے، لیکن حجت خدا، زمانہ کے امام کا ناحق خون بہانا بہت ہی بڑا گناہ ہے، امام بھی ایسا کہ جو دوسروں کو نجات دینے اور یزید کے پنجے سے چھڑانے کیلئے نکلا تھا۔ یقیناً ایسی ہستی کا ایسا سفاکانہ قتل کوئی ایسا حادثہ نہیں ہے، جس کو آسانی سے نظر انداز کیا جا سکتا ہو۔ شیعہ سنی کتابوں میں شہادت کے بعد رونما ہونے والے حادثات مثلاً زمیں میں زلزلہ آنا، آسمان سے خون برسنا اور ملائکہ کا گریہ کرنا، امام حسین کی عظمت کے گواہ ہیں۔
تحریر: ڈاکٹر راشد عباس نقوی
ایرانی وزیر خارجہ آج نیویارک روانہ ہوں گے
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے آج نیویارک روانہ ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نیویارک کے سفر کے دوران روپ 4+1 کے وزرائے خارجہ اور 45 ممالک کے حکام کے ساتھ ملاقات اور گفتگو کریں گے۔ اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا تھا کہ ایرانی وزير خارجہ آج پیر کے دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے آج نیویارک روانہ ہوں گے۔ انھیں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ اس دورے کے دوران گروپ 4+ 1کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ساتھ 45ممالک کے حکام کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور عالمی امور کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔
یمن پر فوجی حملے کا اصل مجرم امریکہ ہے
مہر خبررساں ایجنسی نے المسیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے کہا ہے کہ یمنی عوام پر فوجی حملے کا اصل مجرم امریکہ ہے۔ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں آج ایسی جنگ کا سامنا ہے جو امریکہ نے ہم پر مسلط کی ہے ۔ سعودی عرب کو امریکہ کی پشت پناہی حاصل ہے، امریکہ سعودی عرب کو وسیع اور بڑے پیمانے پرہتھیار فراہم کررہا ہے ۔ امریکہ کی پشتپناہی کے باوجود سعودی عرب کو یمن پر ممسلط کردہ جنگ میں شکست اور ناکامی کا سامنا ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے اقوام متحدہ کے انفعال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے یمن پر مسلط کردہ جنگ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں پر عمل نہیں کیا بلکہ اس نے یمنی عوام کے خلاف سعودی عرب کے ہولناک اور سنگین جرائم کو چھپانے کی کوشش کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ یمنی عوام یمن پر سعودی عرب کی مسلط کردہ جنگ کا مقابلہ جاری رکھیں گے اور اس سلسلے میں یمن کی مسلح افواج اور قبائل کی طرف سے سعودی عرب کے اندر دفاعی کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
شنگھائی سربراہی اجلاس کی سائڈلائن میں؛ ایران اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی ملاقات
رپورٹ کے مطابق، "حسین امیرعبداللہیان" نے شنگھائی سرابراہی اجلاس کے موقع پر باہمی ملاقاتوں کے سلسلے میں جمعرات کی رات کو بھارت کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات سمیت تعاون بڑھانے کے بنیادی ڈاھنچوں کی موجودگی کا ذکرکرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، بھارت سے کثیر الجہتی تعاون بڑھانے پر تیار ہے۔
امیر عبداللہیان نے ایران اور افغانستان کے درمیان طویل مشترکہ سرحدوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران، افغانستان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا سب سے پہلا متاثر ملک ہے۔
انہوں نے ایران میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی موجودگی پر تبصرہ کرتے ہوئے ان مہاجرین کو امداد فراہم کرنے میں عالمی اداروں اور مغربی ممالک کی بے حسی پر تنقید کی۔
امیر عبداللہیان نے ان مہمانوں کے استقبال اور میزبانی اور ہمارے ملک کیجانب سے انتہائی سخت اقتصادی پابندیوں کے نفاذ کے عروج پر ان کیلئے انسانی خدمات کی فراہمی کو دونوں قوموں کی انسان دوستی کی گہرائی کی علامت سمجھا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے تمام افغان نسلی گروہوں کی شرکت کیساتھ ایک جامع حکومت کی تشکیل کو افغانستان کیلئے واحد مطلوبہ سیاسی نمونہ قرار دیا اور کہا کہ ہمارا ملک افغانستان کی سیاسی صورتحال کا خصوصی تعاقب کرتا رہتا ہے۔
انہوں نے تعلقات کے فروغ کے سلسلے میں ایران اور بھارت کے درمیان تعاون کے مشترکہ کمیشن کے جلد قیام کا مطالبہ کیا۔
دراین اثنا بھارتی وزیر خارجہ "جے شنکر" نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک ایران سے باہمی تعاون بڑھانے پر تیار ہے۔
انہوں علاقائی چیلنجز اور خاص طور افغان مسئلے سے متعلق، ایران اور بھارت کے درمیان مزید مشاورت کا مطالبہ کیا۔
بھارتی وزیر خارجہ نے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے انعقاد کی تیاری کا اعلان کرتے ہوئے تعاون بڑھانے کیلئے نئی دہلی کی تیاری پر زور دیا۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 21 ویں اجلاس کا آج بروز جمعہ کو اس تنظیم کے 12 مستقل اور مبصر رکن کے سربراہوں بشمول اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مملکت کی شرکت سے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں انعقاد کیا گیا۔
ایرانی کھلاڑیوں کی اولمپک اور پیراولمپک مقابلوں میں کامیابی ان کی ہمت، نشاط اور استقامت کا مظہر
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ٹوکیو میں اولمپک اور پیرالمپک 2020 مقابلوں میں میڈلز حاصل کرنے والے ایرانی کھلاڑیوں سے ملاقات ميں فرمایا: اولمپک اور پیراولمپک مقابلوں میں آپ کی کامیابی درحقیقت عالمی سطح پر آپ کی ہمت، نشاط اور استقامت پر مبنی اہم پیغام ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے عالمی سطح پر کامیابی کے پیغامات کو معاشرے کے جوانوں اور نوجواں کے لئے بھی اہم قراردیتے ہوئے فرمایا: ان پیغامات کا تعلق دل کی گہرائیوں سے ہے اور ہم اس کی قدر و قیمت کو اچھی طرح جانتے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے بعض پابندیوں اور محدودیتوں کے باوجود عالمی سطح پر ایران کے پرچم کو کامیابی کے ساتھ لہرانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: آپ نے پابندیوں کے باوجود ملک کے پرچم کو عالمی پلیٹ فارمز پر بلند کیا یہ آپ کے مضبوط و مستحکم ارادے اور خلاقیت کا مظہر ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایرانی خواتین کی طرف سے ٹوکیو مقابلوں میں باحجاب شرکت کرنے اور میڈلز حاصل کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ایرانی خواتین نے ثابت کردیا ہے کہ حجاب ان کی ترقی اور پیشرفت میں مانع اور رکاوٹ نہیں ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایران کی باپردہ اور باحجاب خواتین کھلاڑي آج دیگر اسلامی ممالک کی خواتین کھلاڑيوں کے لئے بھی بہترین نمونہ ہیں اور آج 10 ممالک کی مسلمان خواتین حجاب کے ساتھ عالمی کھیلوں میں شرکت کرتی ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسرائيل کی طرف سے عالمی مقابلوں میں شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اسرائیل کی غاصب حکومت عالمی سطح پر اپنے لئے قانونی جواز تلاش کرنے کی کوشش کررہی ہے اور اس سلسلے میں کھیل کے میدان سے بھی استفادہ کررہی ہے اور اسے اس سلسلے میں عالمی سامراجی طاقتوں کی حمایت بھی حاصل ہے، لیکن ایران نے عالمی سطح پر واضح کردیا ہے کہ وہ اسرائيل کی غاصب ، ناجائز اور نامشروع حکومت کو کھیل کے میدان میں بھی تسلیم نہیں کرتا اور یہی وجہ ہے کہ ایرانی کھلاڑی اسرائيل کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لئے تیار نہیں ، لہذا ایران کے کھیل کے حکام کو بھی اس موضوع پر خاص توجہ مبذول کرنی چاہیے۔
اہم ترین خبریںپاکستان کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت، عمران خان رہبر انقلاب آیت اللہ خامنہ ای کے مشکور
شیعیت نیوز: دوشنبے میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر وزیراعظم عمران خان اور برادر اسلامی ملک ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ بعدازاں اس ملاقات کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاک ایران برادرانہ تعلقات کو مضبوط اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے تجارت، اقتصادی و علاقائی روابط پر زور دیا۔
ملاقات میں وزیراعظم پاکستان نے حالیہ صدارتی انتخابات میں کامیابی پر ایرانی صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ایرانی صدر سے ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر گفتگو کی، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران کا مؤقف کشمیریوں کی حق خودارادیت جدوجہد کی طاقت کا ذریعہ ہے۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں افغانستان صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی، وزیراعظم عمران خان نے پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چالیس سال بعد افغانستان میں تنازعات، جنگ کے خاتمے کا موقع ہے، وزیراعظم نے مثبت تعمیری عملی اقدامات اور عالمی برادری کے کردار کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ایران کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جبکہ ایران کے صدر نے بھی وزیراعظم عمران خان کو دورہ ایران کی دعوت دی۔ علاوہ ازیں خانہ فرہنگ ایران کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بڑھانے کی انتہائی قیمتی صلاحیتیں ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک خطے کے ممالک بالخصوص ہمسایہ ملک پاکستان سے تعلقات کے فروغ اور علاقائی تعاون پر پُختہ عزم رکھتا ہے، پاک، ایران تعلقات دو ہمسایہ ممالک سے کہیں زیادہ آگے ہیں، ہمیں اغیار کی سازشوں کو ان اچھے تعلقات پر خلل ڈالنے کی اجارت نہیں دینی ہوگی۔
آیت اللہ رئیسی نے دونوں ممالک کے درمیان طویل مشترکہ سرحدوں اور ان سرحدی علاقوں میں اقتصادی تعلقات کے فروغ کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی علاقوں میں سکیورٹی کا قیام، ان علاقوں کی اقتصادی اور تجارتی لین دین کی اہم صلاحیتوں کو فعال کرسکتا ہے اور ان علاقوں کی خوشحالی میں اضافے میں بھی مدد دے سکتا ہے۔ انہوں نے افغانستان کی تبدیلیوں سے متعلق ایک مشترکہ اجلاس کے انعقاد کیلئے پاکستانی وزیراعظم کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں افغانستان میں ایک جامع حکومت کے قیام میں مدد کرنی ہوگی، جس میں تمام افغان سیاسی اور نسلی گروہ شامل ہوں۔ افغانستان کے مصائب کے حل کا کلید، جامع حکومت کا قیام اور اس ملک کے اندرونی معاملات میں اغیار کی عدم مداخلت ہے۔ سید ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ افغانستان میں امریکی اور مغربی افواج کی 20 سالہ موجودگی سے 35 ہزار سے زائد افغان بچوں اور ہزاروں مردوں اور عورتوں کے قتل، تباہی اور بے گھر ہونے کے سوا کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوا۔ امریکی فوجیوں کا انخلا، افغانستان میں جمہوری حکومت بنانے اور ملک اور خطے میں امن لانے کا ایک تاریخی موقع ہے۔
اس موقع پر پاکستانی وزیراعظم نے اسلامی جمہوریہ ایران کیجانب سے پاکستان سے متعلق برادرانہ اور تعمیری موقف اپنانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران سے کثیرالجہتی تعلقات بالخصوص نقل و حمل کے میدان میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی سطح کو بہتر بنانے سے مثبت علاقائی اور عالمی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن اور استحکام، علاقے اور دنیا کے تمام ممالک کے مفاد میں ہے۔ اگر افغانستان میں ایک جامع حکومت کا قیام نہ ہو تو اس ملک کے مسائل شدت اختیار کر جائیں گے اور اس کے نقصانات کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں پاکستان اور ایران پر ہوں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کو افغانستان میں ایک جامع حکومت کے قیام میں تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے ایک دوسرے کیساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔
افغانستان میں اقتدار کی منتقلی کے بعد پاکستان اور ایران کی اعلیٰ قیادت کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہے، جس میں افغان صورتحال اور اس کے خطہ پر مرتب ہونے والے اثرات کے تناظر میں اہم بات چیت ہوئی، تاہم اس ملاقات میں پاکستان کے دیرینہ مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے ایران کی اعلیٰ قیادت یعنی رہبر انقلاب اسلامی کی مکمل اور تسلسل کیساتھ حمایت پر اظہار تشکر اہم ترین پیشرفت ہے۔ واضح رہے کہ پاک، ایران تعلقات کی مخالف قوتیں ماضی میں ایران اور بھارت کے تعلقات کے تناظر میں کشمیر پر ایرانی قیادت کی حمایت نہ کئے جانے کا پروپیگنڈا کرتی رہی ہیں۔ عمران خان کی جانب سے آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی کشمیر ایشو پر حمایت کرنے پر شکریہ ادا کرنا نہ صرف اس پروپیگنڈے کا بھرپور جواب ہے، بلکہ یہ اعتراف بھی ہے کہ جس طرح رہبر اعلیٰ سید علی خامنہ ای دنیا بھر میں مظلوم مسلمانوں کیلئے سب سے توانا آواز بلند کرتے ہیں، اسی طرح وہ کشمیری مسلمانوں کیلئے بھی وہی جذبات رکھتے ہیں۔
افغانستان سے متعلق ایران، روس، چین اور پاکستان کا مشترکہ بیانیہ جاری
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران، روس، چین اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزرائے خارجہ نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں افغانستان کے بارے میں ایک اہم ملاقات انجام دی ہے۔ یہ ملاقات دوشنبہ میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر انجام پائی ہے جس میں افغانستان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ اس ملاقات کے بعد ایک مشترکہ بیانیہ جاری کیا گیا ہے جس میں افغانستان کی خودمختاری، حق خود ارادیت اور سالمیت کے احترام پر زور دیا گیا ہے۔ اسی طرح اس بیانیے میں افغانستان سے متعلق وزرا، خصوصی نمائندگان اور سفیروں کی سطح پر مزید نشستیں منعقد کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ اس مشترکہ بیانیے کے آغاز میں کہا گیا ہے: "ایران، روس، چین اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر 16 ستمبر 2021ء کے دن آپس میں ملاقات انجام دی۔ ان ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک بار پھر افغانستان اور پورے خطے میں امن، سکیورٹی اور استحکام کو فروغ دینے کیلئے اپنے عزم راسخ کا اظہار کیا ہے۔"
افغانستان سے متعلق ایران، روس، چین اور پاکستان کے مشترکہ بیانیے میں مزید کہا گیا ہے: "وزرائے خارجہ، افغانستان کی حاکمیت، خودمختاری اور سالمیت پر زور دیتے ہوئے ایک بار پھر بنیادی اصول "افغان شہریوں کی قیادت میں، افغان شہریوں کی ملکیت میں" پر زور دیتے ہیں اور افغان عوام کے امن، استحکام، ترقی اور فلاح و بہبود کے حق سے برخورداری پر زور دیتے ہیں۔ وزرائے خارجہ ایسے ممالک سے رابطہ رکھنے کی تاکید کرتے ہیں جنہوں نے جنگ کے بعد افغانستان میں سماجی اور اقتصادی تعمیر نو کیلئے مالی اور انسانی ہمدردی کی امداد فراہم کرنے کی ذمہ داری سنبھال رکھی ہے۔" ایران، پاکستان، چین اور روس کے وزرائے خارجہ نے افغانستان میں قومی مفاہمت اور ایک وسیع البنیاد قومی حکومت تشکیل دینے پر زور دیا ہے۔ مزید برآں، وزرائے خارجہ نے افغانستان میں پیش آنے والے مختلف چیلنجز جیسے دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ وغیرہ سے مقابلہ کرنے کیلئے مل کر موثر اقدامات انجام دینے پر تاکید کی ہے۔