
Super User
ایران کے ایٹمی مسئلےکو مزاکرات کے ذریعےحل کیۓ جانے پرتاکید، یوکیا آمانو
ئی اے ای اے کے سربراہ نے سوئٹزرلینڈ میں صیہونی حکومت کے صدر شمعون پیریز کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں ایران کے ایٹمی مسئلے کو مزاکرات کے ذریعے پرامنطور پر حل کرنے کی ضرورت پر تاکید کی ۔
فارس نیوز نے خبررساں ادارے رائیٹرز کے حوالے سے کہا ہے کہ آج جمعہ کے روز بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ یوکیا آمانو کے دفتر سے جاری بیانیہ میں کہا گیا ہے کہ یوکیا آمانو نے سوئیٹزر لینڈ میں اقتصادی کانفرنس کے موقع پر اسرائیلی صدر کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کہا ہے کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے تہران کے ساتھ اپنے مذاکرات کی رفتار کو بڑھا دیا ہے۔ یوکیا آمانو نے اس ملاقات میں تاکید کے ساتھ کہا کہ آئی اے ای اے ایران کے ساتھ تمام ایٹمی مسائل کو پرامن اور ڈپلومیٹک انداز میں حل کرنا چاہتی ہے۔
صیہونی حکومت گذشتہ کئی سالوں سے بھرپور کوشش کرتی رہی ہے کہ اسلامی جمہوری ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کو دنیا کے لئے بڑے خطرے کے طور پر پیش کرے، تاکہ ایران کے ایٹمی پروگرام کے خلاف بین الاقوامی برادری کی حمایت حاصل کرسکے۔ جبکہ چند دن پہلے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے اس جعلی حکومت سے کہا ہے کہ وہ اپنی خفیہ ایٹمی سرگرمیوں سے دستبردار ہو جائے۔ واضح رہے کہ مشرق وسطٰی میں اسرائیل واحد ریاست ہے جس کے پاس ایٹمی اسلحہ موجود ہے، جبکہ اسرائیل نے ابھی تک ایٹمی عدم پھیلاو کے معاہدے این پی ٹی پر دستخط بھی نہیں کئے، جبکہ اسلامی جمہوری ایران نے این پی ٹی پر دستخط کر رکھے ہیں۔
اسلامی مقدسات کی توہین ، سوچی سمجھی سازش
حزب ا۔۔۔۔ لبنان کے سیکریٹری جنرل سیدحسن نصرا۔۔۔نے کہا ہے کہ اسلامی مقدسات اور پیغمبراسلام ۖکی شان میں گستاخی منصوبہ بند سازش ہے ۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق سیدحسن نصرا۔۔۔نے کل رات بیروت میں عید میلاد النبی ۖ اور ہفتۂ وحدت کی مناسبت سے منعقدہ جشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنحضرت ۖ اور انکی دعوت کے خلاف آج کل منصوبہ بند طریقے سے توہین کی جارہی ہے اور یہ مسئلہ دنیائے اسلام کے لئے بڑا چیلنج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم نے ہمیں دوسروں سے گفتگو کی راہ دکھائی ہے لیکن اسلامی مقدسات کی شان میں گستاخی پر مسلمان خاموش نہیں بیٹھ سکتے ۔ سیدحسن نصرا۔۔۔نے اسلامی مقدسات کی توہین پر اپنی ناراضگی کے اظہار کے ساتھ ساتھ آنحضرت ۖ کی سیرۂ طیبہ کو متعارف کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی مقدسات کے خلاف توہین کے پس پردہ وہ عناصر ملوث ہیں جو مسلمانوں اور عیسائیوں کے درمیان چبقلش پیدا کرنے کے خواہان ہیں۔
صیہونی حکومت کی تاریخی اسلامی مقبرے مامن اللہ کو تباہ کرنے کی کوشش
الاقصی کے تاریخی آثار اور اوقاف کے ادارے نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت تاریخی اسلامی مقبرے مامن اللہ کو تباہ کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق الاقصی کے تاریخی آثار اور اوقاف کے ادارے نے کہا ہے کہ اسرائیلی بلڈوزروں نے قدس میں تاریخی اسلامی مقبرے مامن اللہ کے ایک بڑے حصے پر پندرہ میٹر گہری کھدائی کی ہے اور صیہونی حکومت اس تاریخی مقبرے کی جگہ میوزیم بنانا چاہتی ہے۔
اس ادارے کا کہنا ہے کہ ایک اسرائیلی کمپنی نے اس مقبرے کے صحن کے ایک حصے میں تفریحی پارک بنا دیا ہے جبکہ دوسرے حصے میں بلڈنگ میٹریل کے لیے گودام بنا دیا ہے۔
الاقصی کے تاریخی آثار اور اوقاف کے ادارے کے سربراہ زکی اغباریہ نے عالم اسلام، عرب دنیا اور فلسطینی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ قدس میں تاريخی اسلامی مقبرے مامن اللہ کو بچانے اور صیہونی حکومت کے مظالم کا مقابلہ کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
ایران،پاکستان گیس پائپ لائن پراجیکٹ میں پیشرفت، وزیر خارجہ پاکستان
پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن پراجیکٹ میں پیشرفت ہوئی ہے۔ اسلام آباد سے ھمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نےآج اس ملک کی قومی اسمبلی میں کہا کہ ایران پر پابندیوں کے باوجود گیس منصوبے پر پیشرفت کی جا رہی ہےتاھم پراجیکٹ میں فنڈنگ ھمارے لئے ایک بڑا چیلنج ہے، پاکستان کی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو اپنے حصے کی 781 کلومیٹر پائپ لائن کی تعمیر کیلئے 1 ارب 50 کروڑ ڈالرز درکار ہیں اور مالی مشکلات دور کرنے کیلئے ایران سے بات چیت جاری ہے،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔اوراسے دور کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے ۔
ایران کے پہلے فضائي اسٹیشن کا افتتاح اور پہلا راکٹ روانہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ عشرہ فجر میں پہلے فضائي اسٹیشن کا افتتاح ہوگا اور پہلا راکٹ خلا میں بھیجا جائے گا جس میں زندہ جانور ہونگے۔ وزیر دفاع جنرل احمد وحیدی نے آج صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عشرہ فجر کے دوران فضائي اسٹیشن کا افتتاح کیا جائے گا جس کا نام رصد خانہ امام صادق علیہ السلام رکھا گيا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندہ جانوروں کا حامل راکٹ بھی خلا میں بھیجا جائے گا اور راکٹ لانچنگ بیس کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ وزارت دفاع کے پروگراموں میں شامل ہے جن پر مقررہ وقت پر عمل کیا جائےگا۔ جنرل احمد وحیدی نے کہاکہ عشرہ فجر میں نئے جنگي طیارے کی بھی رونمائي کی جائے گي۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے طیارے کو ایرانی ماہرین نے بنایا ہے۔
ایران اور مصر کے پارلیمانی اسپیکروں کے درمیان ملاقات
سوڈان میں اسلامی پارلیمانی یونین کے آٹھویں اجلاس کے آج پہلے روز مصر کے پارلیمانی اسپیکر احمد فہمی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے پارلیمانی اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات میں ایران اور مصر کے دو طرفہ تعلقات فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مصر کے عوام ایران کے ساتھہ مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں کہا کہ ان کا ملک، ایران کی مانند صحیح اصول کی بنیاد پر آگے بڑھ رہا ہے اور یہ مسئلہ دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات میں فروغ کا ایک ذریعہ بن سکتا ہے ۔ مصر کے پارلیمانی اسپیکر احمد فہمی نے جوہری توانائی کے پرامن استعمال سے متعلق ایران کے حق پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک ایران اور اسرائیل کے سلسلے میں دوہرے معیار کا رویّہ اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ انھوں نے اسی طرح علاقے میں وقوع پذیر ہونے والے انقلابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب ہی ان تمام انقلابات کی بنیاد بنا ہے ۔ اس ملاقات میں ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی مصر کو علاقے کا ایک اہم ملک قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس ملک میں انجام پانے والی سیاسی اصلاحات مصری عوام کیلئے خیروبرکات کا سرچشمہ بنیں گی ۔
مسجد شنقیط – موريتانيا
مسجد شنقیط اسلامی جمہوریہ موریتانیا جسے مسجد جمعہ بھی کہا جاتا ہے موریتانیا کی قدیم مساجد میں سے ایک ہے جسے موریتانیا کے علاقے آدرار کے ایک ضلع شنقیط (فرانسیسی میں Chinguetti) میں اواسس شہر کی بنیاد رکھنے والوں نے تعمیر کیا تھا۔ اس مسجد کی تعمیر بارہویں یا تیرہویں صدی عیسوی میں ہوئی۔ اس کا مینار دنیا میں مساجد کا مسلسل استعمال ہونے والا دوسرا قدیم ترین مینار سمجھا جاتا ہے۔ مینار مربع شکل کا ہے اور سادہ طریقہ سے بنا ہوا ہے۔ مینار تعمیر کرنے والے مالکی مسلک سے تعلق رکھتے تھے چنانچہ انہوں نے مینار اپنے مسلک کے مطابق سادہ ترین طریقہ سے بنایا تھا۔ اس مینار کو اسلامی جمہوریہ موریتانیا کا اہم قومی نشان سمجھا جاتا ہے۔ یونیسکو نے اسے عالمی ثقافتی ورثہ میں بھی شامل کیا ہوا ہے۔ یونیسکو نے 1970ء میں اس کی کچھ بحالی کی تھی مگر مجموعی طور پر مسجد اور یہ مینار ریت کے طوفانوں سے شدید متاثر ہو رہی ہے۔
ہندوستان میں ہندو دہشت گردی کی تربیت
ہندوستان کے مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے نے کہا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس ہندو دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سشیل کمار شندے نے آج جے پور میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی، بی جے پی، اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ، آر ایس ایس، ہندو دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں اور ان کے کیمپوں میں ہندو دہشت گردی کی تربیت دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سجمھوتا ایکسپریس کا دھماکہ ہو، مکہ سجد دھماکہ یا پھر مالیگاؤں کے دھماکے ہندو انتہا پسندوں نے وہاں جاکر بم دھماکے کروائے اور پھر کہا کہ یہ دھماکے اقلیتوں نے کروائے ہیں۔انہوں نے اس سلسلے میں خفیہ رپورٹ کا حوالہ دیا۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں مکہ مسجد،سمجھوتا ایکسپریس اور مالیگاؤں دھماکوں کے لئے پہلے مسلمانوں پر الزام لگایا گيا تھا لیکن تحقیقات میں ہندو انتہا پسندوں کے نام سامنے آئے۔
دریں اثنا کانگریس کے ایک سینئر لیڈر منی شنکر ایر نے سشیل کمار شندے کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس سے پوری طرح اتفاق کیا ہے اور شندے کو اس سلسلے میں مبارک باد بھی دی ہے جبکہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے شندے کے بیان کی مذمت کی ہے۔بی جے پی کے ترجمان شاہنواز حسین نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے اور آر ایس ایس نے کہا ہے کہ ووٹ بینک کی سیاست کے تحت شندے نے یہ بیان دیا ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں دو مساجد شہید
صیہونی حکومت بے بنیاد دعووں کے تحت مقبوضہ بیت المقدس میں دو مساجد کو شہید کرنے کے درپے ہے۔
اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کی بلدیہ نے مشرقی بیت المقدس میں واقع دو مساجد کو مسمار کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔فلسطین کے مرکز اطلاعات نے رپورٹ دی ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کی بلدیہ نے دعوی کیا ہے کہ یہ مساجد ممنوعہ علاقے میں تعمیر کی گئي ہیں۔
ادھر غاصب صیہونی حکومت کی پولیس نے بیت المقدس کے قدیم علاقے سے6 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔فلسطینی خبررساں ایجنسی "وفا" کی رپورٹ کے مطابق اسرائيلی پولیس نے آج بیت المقدس کے قدیم علاقے پر حملہ کیا اور 6 فلسطینیوں کو گرفتار کرکے لے گئی۔
دریں اثنا غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے آج صبح الخلیل کے جنوبی علاقے پر حملہ کیا۔اطلاعات کے مطابق اسرائيلی فوجیوں نے الخلیل کے جنوبی علاقے میں واقع فلسطینیوں کے 11 گھروں پر حملہ کیا۔اس حملے سے ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی کوئي اطلاع نہیں ملی ہے۔
فَالِقُ الْإِصْبَاحِ وَجَعَلَ اللَّيْلَ سَكَنًا وَالشَّمْسَ وَالْقَمَرَ حُسْبَانًا ۚ ذَٰلِكَ تَقْدِيرُ الْعَزِيزِ الْعَلِيمِ
(وہی) صبح (کی روشنی) کو رات کا اندھیرا چاک کر کے نکالنے والاہے، اور اسی نے رات کو آرام کے لئے بنایا ہے اور سورج اور چاند کوحساب و شمار کے لئے، یہ بہت غالب بڑے علم والے (ربّ) کا مقررہ اندازہ ہے، [6:96]